So, what was this war for

معاہدے کے بعد ابھرتا سوال — یہ جنگ آخر کس لیے تھی؟

یہ تاریخ کاوہ موڑہے جہاں گردشِ زمانہ تھم کرخود سے سوال کرتی ہے کہ جس جنگ کی آگ میں ہزاروں زندگیاں راکھ ہوئیں،اس کا حاصل کیانکلا؟ تاریخ کے افق پرکبھی کبھی ایسے معاہدے ابھرتے ہیں جوفتح کے نہیں،بلکہ اعترافِ عجزکے آئینہ دارہوتے ہیں۔ امریکی صدرٹرمپ اورایران کے صدرمسعود پزشکیان کے درمیان 28 فروری کوطے پانے والی مفاہمتی یادداشت گویااس طوفان کے بعدکی خاموشی ہے—مگرایسی خاموشی جس کے سینے میں چیخیں دفن ہیں۔انسانی جانوں کازیاں،ایران ولبنان کی گلیوں میں بہتاخون،اوراس کے باوجود ایک سٹریٹجک پسپائی— واشنگٹن اورتہران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی دستاویزبھی اسی نوع کی ایک تحریرہے—یہ سب تاریخ کے ماتھے پرایک سوالیہ نشان بن کرابھراہے۔

28فروری کے بعد طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کومحض ایک سفارتی دستاویزکے طورپرنہیں بلکہ ایک کثیرجہتی جیوپولیٹیکل عمل کے نتیجے کے طورپرسمجھنا چاہیے۔اس معاہدے نے نہ صرف عسکری تصادم کے فوری نتائج کوسمیٹابلکہ اس نے طاقت،مزاحمت اور عالمی نظم کے مروجہ تصورات کوبھی چیلنج کیا۔الفاظ میں مفاہمت،مگرسطور کے درمیان شکستہ خوداعتمادی کی بازگشت۔جنگ کے شعلے بجھتے ہی یہ احساس شدت سے ابھرتاہے کہ جس کشمکش نے زمین کولہورنگ کیا ،اس کاحاصل محض ایک کاغذی توازن کیوں نکلا؟جنگ کے انسانی نقصانات—خاص طورپرشہری آبادی کاجانی ضیاع—بین الاقوامی انسانی قانون کے تناظر میں ایک اہم سوال کو جنم دیتے ہیں:کیاطاقت کااستعمال اپنے مقاصدکے حصول میں مؤثررہایااس نے الٹا اسٹریٹجک عدم استحکام کوبڑھایا؟

ایران کے ریاستی ڈھانچے کی بقااس امرکی غمازی کرتی ہے کہ نظریاتی ریاستیں محض عسکری دباؤسے ختم نہیں ہوتیں۔ایران کیلئے یہ معرکہ محض سرحدوں کا دفاع نہ تھابلکہ شناخت کا امتحان تھا۔جب امریکااوراسرائیل نے اپنی عسکری ہیبت کامظاہرہ کیاتوتہران نے اسے اپنے وجودکے انکارکے مترادف سمجھا۔ امریکا اوراسرائیل کی مشترکہ کارروائی کامقصداگرچہ نظام کی تبدیلی تھا،تاہم ایران کی سیاسی و ادارہ جاتی ساخت نے اس دباؤکوجذب کرکے خودکوباوقار طریقے سے برقرار رکھا۔یہی وجہ ہے کہ ریاستی ڈھانچہ،جوبظاہردباؤمیں دکھائی دیتاتھا،اندرونی طورپر ایک فولادی عزم میں ڈھل گیا—گویاخطرہ جتناشدیدہوتاگیا، مزاحمت اتنی ہی منظم ہوتی گئی۔

تہران نے اپنے بدترین خدشے کوجونہی حقیقت بنتے دیکھاکہ دنیاکی سب سے بڑی طاقت اورمشرقِ وسطیٰ کی عسکری قوت نے مل کر اسے مٹانے کاعزم کیا، مگرتاریخ نے ایک بارپھر ثابت کیاکہ اقوام صرف ہتھیاروں سے نہیں،حوصلوں سے زندہ رہتی ہیں۔حکومت نہ صرف قائم رہی بلکہ آزمائش کی بھٹی سے گزر کرمزیدسخت جان ہوگئی۔یہ واقعہ ریاستی لچک کی ایک اہم مثال کے طورپرپیش کیاجا سکتاہے۔

عالمی سیاست میں بعض فیصلے بندوق سے نہیں بلکہ جغرافیے سے کروائے جاتے ہیں۔آبنائے ہرمزاسی جغرافیائی جبرکی علامت بن کر ابھری۔آبنائے ہرمزکی بندش نےعالمی معیشت میں توانائی کی ترسیل کی حساسیت کونمایاں کیا۔ایران نے سمندرکی اس تنگ راہ داری کو ایک ایسے دستِ قدرت میں بدل دیاجس نے عالمی تجارت کی نبض کوتھام لیا۔یہ وہ لمحہ تھاجب اقتصادیات نے عسکریات کومات دی اور طاقت کی تعریف بدل گئی۔ایران نے اپنی جغرافیائی پوزیشن کوایک مؤثراسٹریٹجک آلے میں تبدیل کیا،جس کے نتیجے میں عالمی منڈیوں میں عدم استحکام پیداہوا۔

آبنائے ہرمزکی بندش نے عالمی معیشت کی شہ رگ کودبادیا۔تیل کی روانی رک گئی،منڈیوں میں ہلچل مچ گئی،اوریوں واشنگٹن کووہ رعایتیں دینی پڑیں جوکبھی اس کے وہم وگمان میں بھی نہ تھیں۔ایران کی حکمتِ عملی کسی شطرنج کے ماہرکھلاڑی کی چال ثابت ہوئی۔ یہ واقعہ کے اس تصورکوتقویت دیتاہے کہ اقتصادی ذرائع کوبھی طاقت کے اظہارکےطورپراستعمال کیاجا سکتا ہے۔

لبنان کے حوالے سے مفاہمتی شقیں دراصل پراکسی تنازعات کے پیچیدہ جال کوظاہرکرتی ہیں۔اسرائیل کامؤقف،جوآزادانہ عسکری کارروائی پرزوردیتاہے، اورایران کابالواسطہ اثر،دونوں مل کرایک ایسی صورتحال پیداکرتے ہیں جہاں علاقائی استحکام مسلسل خطرے میں رہتاہے۔یہ مسئلہ علاقائی سلامتی کے اجتماعی ڈھانچے کی کمزوری کوبھی بے نقاب کرتاہے۔

مفاہمتی خاکے میں لبنان کاذکر محض ایک ضمنی نکتہ نہیں بلکہ پورے تنازعے کاحساس اعصاب ہے۔مفاہمتی یادداشت نے لبنان میں جنگ بندی کامطالبہ کیا،مگر اسرائیل نے اسے اپنی خودمختاری پرقدغن سمجھا۔اسرائیل کیلئے یہ علاقہ اس کے دفاعی نظریے کالازمی جزوہے،جبکہ ایران کیلئے یہ اس کے اثرورسوخ کی علامت ۔چنانچہ یہاں کسی بھی سمجھوتے کامطلب صرف جنگ بندی نہیں بلکہ اثرات کے دائرۂ کارکی نئی حد بندی ہے—اسرائیل آزادانہ عسکری کارروائی کاخواہاں ہے،اوریہی اختلاف امریکاواسرائیل کے تعلقات میں دراڑ ڈال سکتا ہے—ایک ایسی دراڑجس سے شدت پسندبیانیے کوتقویت مل سکتی ہے اوریہی وہ نکتہ ہے جہاں اختلافات کی نئی فصل اُگ سکتی ہے۔

معاشی پابندیاں جدیددنیاکی وہ زنجیرہیں جوبغیرآوازکے ریاستوں کوجکڑلیتی ہیں۔جب ان زنجیروں کوڈھیلاکرنےکی بات ہوئی تودرحقیقت یہ ایک خاموش اعتراف تھاکہ اقتصادی دباؤاپنی انتہاکو پہنچ چکاتھا۔ایران کیلئے یہ محض مالی ریلیف نہیں بلکہ عالمی نظام میں دوبارہ سانس لینے کی مہلت ہے۔پابندیوں میں نرمی اوراقتصادی رعایتوں سے ظاہرہوتاہے کہ معاشی دباؤاپنی حدوں کوپہنچ چکاہے۔ایران کودی جانے والی یہ رعایتیں دراصل”زبردستی ڈپلومیسی”سے”ترغیب پرمبنی مذاکرات”کی طرف تبدیلی کی علامت ہیں،جہاں طاقت کی بجائے مفادات کاتوازن مرکزی سطح پرہوتاہے۔

آبنائے ہرمزکے دوبارہ کھلنے کے بدلے امریکانے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی ختم کرنے،پابندیوں میں نرمی،اورمنجمد اثاثوں کی بحالی جیسے وعدے کیے۔ گویاجنگ کے شعلوں سے گزرکر فریقین اسی مقام پرلوٹ آئے جہاں سے یہ داستان شروع ہوئی تھی—مگر قیمت خون سے اداکی گئی۔27فروری کی وہ صبح یاد آتی ہے جب آبنائے ہرمزپرجہاز رواں دواں تھے اورسفارت کارمذاکرت کی میزِپرجھکے ہوئے تھے۔جنگ نے اس تسلسل کو توڑا،اوراب مفاہمت اسے دوبارہ جوڑنے کی سعی ہے۔گویاجنگ سے قبل کامنظرنامہ،جہاں مذاکرات جاری تھے،اس حقیقت کی یاددہانی ہے کہ تصادم ہمیشہ ناگزیرنہیں ہوتا—بلکہ اکثراوقات وہ انسانی فیصلہ سازی کی لغزش کانتیجہ ہوتاہے۔یہ جنگ بھی اسی لغزش کی ایک کڑی تھی،جس نے سفارت کاری کے تسلسل کوتوڑدیا۔اس کامطلب ہے کہ غلط فہمیاں اورسیاسی دباؤفیصلہ سازی کے عمل میں اہم کرداراداکرتے ہیں۔بین الاقوامی تعلقات کے نظریے میں اس پہلوکوخاص طورپر علمی نقطہ نظرکے تحت زیربحث لایاگیا ہے۔

یہ دستخط دراصل ایک نئے باب کاآغازہیں،جہاں مذاکرات کارپھرسے متحرک ہوں گے اورسمندرکی موجیں پھرسے تجارت کاگیت گائیں گی۔ایم اویوکے بعدمذاکرات کی بحالی کو”تنازعات کو کم کرنے کاطریقہ کار”کےطورپردیکھاجاسکتاہے لیکن ساتھ ہی یہ سوال بھی اہم ہے کہ کیایہ استحکام پائیدارہوگایامحض عارضی؟اب جبکہ راستے دوبارہ کھل رہے ہیں،یہ سوال اہم ہے کہ کیا یہ محض واپسی ہے یاایک نئی ابتدا؟کیونکہ تاریخ میں بعض واپسیوں کےاندرآئندہ تصادم کے بیج پوشیدہ ہوتے ہیں۔

یہ تنازعہ جہاں اب ایک فکری معمہ بن چکاہے وہاں ایک بنیادی سوال پیداکرتاہے:کیا عالمی سیاست میں فوجی طاقت اب بھی فیصلہ کن عنصرہے،یامعاشی اور جغرافیائی عوامل نے اس کی جگہ لے لی ہے؟ —یہ ایک ایسا سوال جس کاجواب محض سیاسی تجزیے سے نہیں بلکہ اخلاقی بصیرت سے تلاش کرناہوگا۔یہ بحث حقیقت پسندی اورلبرل ازم کے درمیان جاری نظریاتی کشمکش کوبھی اجاگرکرتی ہے۔ کیاطاقت کااستعمال واقعی مسائل کاحل ہے،یایہ محض ان کی شکل بدل دیتاہے؟مگریہ سوال بدستورفضامیں معلق ہے:آخریہ جنگ کس لیے تھی؟یہ محض ایک سیاسی لغزش نہیں بلکہ خارجہ پالیسی کی وہ لغزش ہے جس نےتاریخ کا دھارابدل دیا۔

اسرائیلی سیاست میں اس جنگ کے اثرات کسی زلزلے سے کم نہیں۔ قیادت کے دعوے اور زمینی حقائق کے درمیان جوخلاپیداہوا،اس نے عوامی اعتمادکو متزلزل کردیاہے۔اب فیصلہ صرف انتخابی نتائج نہیں بلکہ سیاسی بیانیے کی بقاکاہے۔اسرائیل کی داخلی سیاست میں پیدا ہونے والابحران اس بات کی دلیل ہے کہ خارجی پالیسی کی ناکامیاں اندرونی سیاسی عدم استحکام کاباعث بن سکتی ہیں۔ قیادت کی ساکھ اورعوامی اعتمادکے درمیان تعلق یہاں واضح طورپر سامنے آتاہے ۔ اس جنگ کے اثرات اسرائیل کی داخلی سیاست تک پہنچے ہیں۔نیتن یاہو،جوخودکو”مسٹرسکیورٹی”کے طورپرپیش کرتے رہے،اب عوامی احتساب کے کٹہرے میں کھڑے ہیں۔امریکااورایران معاہدے کو سبوتاژکرنے کی ناکامی نے ان کی سیاسی بنیادوں کو متزلزل کردیاہے۔

طاقت کابیانیہ جب حدسے بڑھ جائے تووہ اپنے بوجھ تلے دب جاتاہے۔اسرائیل کی سخت گیرپالیسیاں دراصل اپنی ساکھ بحال کرنے کی ایک کوشش تھیں،مگر تاریخ نے بارہاثابت کیاہے کہ طاقت کازعم اکثرتدبرکی کمی کوچھپانہیں سکتا۔یہی کچھ اسرائیلی حکمت عملی کے ساتھ ہوا،جہاں عسکری برتری کوسفارتی تدبر پر فوقیت دی گئی—اورنتیجہ ایک پیچیدہ بحران کی صورت میں نکلا ۔تاہم اب بھی اسرائیلی حکمت عملی میں عسکریت پسندی پرحدسے زیادہ انحصارکے سفارتی امکانات محدودہیں۔یہ صورت حال’’سیکیورٹی مخمصہ‘‘کی مثال بھی ہوسکتی ہے،جہاں ایک فریق کی سکیورٹی کی کوششیں دوسرے کیلئے خطرہ بن جاتی ہیں۔

ایران کی قیادت نے ماضی میں جس احتیاط کامظاہرہ کیاتھا،وہ دراصل ایک طویل المدتی حکمت عملی کاحصہ تھا۔ایران ہمیشہ آبنائے ہرمزکی اہمیت سے آگاہ تھا،مگرعلی خامنہ ای نے احتیاط کادامن تھامے رکھا۔ان کی بصیرت نےاس ہتھیارکو استعمال سے روکے رکھا مگرحالات نے جب کروٹ لی تواسی حکمت عملی کونئے اندازمیں بروئے کارلایاگیا—اوریوں ایک پوشیدہ قوت کھل کرسامنے آئی۔ایران کی جانب سے آبنائے ہرمزکوبطورہتھیاراستعمال کرنااس بات کی نشاندہی کرتاہے کہ ریاستیں غیرروایتی ذرائع کوبھی طاقت کے اظہار کیلئے استعمال کر سکتی ہیں۔

قیادت کی تبدیلی کے بعدپالیسی میں آنے والی تبدیلیاں اس بات کوظاہرکرتی ہیں کہ داخلی سیاسی حرکیات خارجی پالیسی پرگہرے اثرات مرتب کرتی ہیں۔ مگر جب قیادت کاچراغ گل ہواتو جانشینوں نے حالات کی نزاکت کوسمجھتے ہوئے آبنائے ہرمزکوبندکرنے میں تامل نہ کیا ۔ یہ فیصلہ ان کیلئے بقاکی جنگ کاتقاضاتھا ۔ قیادت کی تبدیلی نے پالیسی کے مزاج کوبھی بدل دیا۔نئے فیصلہ سازوں نے خطرے کوموقع میں بدلنے کی کوشش کی،اوریہی وہ موڑتھاجہاں جنگ کارخ تبدیل ہوا۔

توانائی کی گزرگاہوں پرکنٹرول نے مستقبل کی جنگوں کی نوعیت کوتبدیل کرنے کے امکانات کوجنم دیاہے،جہاں اقتصادی اورجغرافیائی عوامل مرکزی کردار اداکریں گے۔یوں ایران نے دریافت کیاکہ عالمی معیشت کی نبض پرہاتھ رکھناکسی بھی عسکری اتحادسے زیادہ مؤثر ہوسکتاہے—ایک سستامگرکاری ہتھیار اور مستقبل کی جنگوں کی نوعیت پرگہرے اثرات مرتب کرے گا۔اب میدانِ جنگ صرف سرحدیں نہیں بلکہ تجارتی راستے بھی ہوں گے اورایران نے اس جنگی حکمت عملی سے بھرپورفائدہ اٹھایاجوبالآخر ان کی کامیابی کاسبب بنا۔

خطے میں ایران کے علاقائی اتحادی اگرچہ کمزورہوئے ہیں،مگران کاوجودبرقراررہنااب بھی ایک حقیقت ہے۔یہ حقیقت اس امرکی غماز ہے کہ نظریاتی اتحاد محض عسکری دباؤسے ختم نہیں کیے جاسکتے۔اگرچہ شام میں اسدحکومت کاخاتمہ ہوچکا،مگرایران کامزاحمتی محورابھی باقی ہے—زخم خوردہ سہی،مگرزندہ۔ تاہم اس کی حقیقی قوت اب سوالیہ نشان بن چکی ہے۔جوہری پروگرام اس تنازعے کاسب سے حساس اورپوری کہانی کاایک ایساپہلوہے جوبیک وقت طاقت کے توازن اورعالمی عدم پھیلاؤ کے اصولوں کے درمیان کشمکش اورخطرہ کوظاہرکرتاہے۔اس نے ایران کوعالمی سطح پرایک اہم کھلاڑی بنایا،مگراسی کے ساتھ اسے تصادم کے دہانے پربھی لاکھڑاکیا۔ایران کاجوہری پروگرام اب بھی اس کہانی کاایک اہم باب ہے۔اگرچہ اس کامقصد ہمیشہ پرامن قراردیا گیا،مگراس نے خطرے کی ایک ایسی فضاپیداکی جس نے جنگ کوجنم دیا۔

عسکری کامیابیاں اکثروقتی ہوتی ہیں،جبکہ سٹریٹجک نتائج دیرپا۔امریکااور اسرائیل کی کارروائیاں اسی تضادکی مثال ہیں—جہاں میدان میں کامیابی،مگر مقصد میں ناکامی نظرآئی۔امریکااور اسرائیل کی عسکری کامیابیاں سٹریٹجک ناکامی کونہیں روک سکیں،جواس بات کی دلیل ہے کہ میدانِ جنگ میں کامیابی ہمیشہ سیاسی مقاصدکے حصول کی ضمانت نہیں ہوتی۔امریکااور اسرائیل کی فضائی قوت نے وقتی کامیابیاں ضرورحاصل کیں،مگروہ ایک سٹریٹجک ناکامی کونہ روک سکیں۔حکومت کی تبدیلی کا خواب سادہ مفروضوں کی نذرہوگیا۔

ایرانی نظام،اپنی تمام ترخامیوں کے باوجود،نظریے،مذہب اورقومی بقاکے تصورپرقائم ہے—ایک ایساتصورجوعراق جنگ کے شعلوں میں پروان چڑھا۔یہ نظام اس امرکی نشاندہی کرتاہے کہ نظریاتی اورمذہبی بنیادیں ریاستی استحکام میں اہم کرداراداکرتی ہیں،خاص طور پرجب وہ قومی شناخت سے جڑی ہوں۔یہ اس بات کی بھی دلیل ہے کہ نظریاتی بنیادیں،چاہے متنازع ہی کیوں نہ ہوں،ریاست کوایک خاص نوع کی پائیداری عطاکرتی ہیں۔یہی پائیداری اسے بیرونی دباؤکے سامنے جھکنے سے روکتی ہے۔

سیاسی بیانات اورعملی نتائج کے درمیان فرق اس بات کوظاہرکرتاہے کہ قیادت کے دعوے اکثرزمینی حقیقتوں سے ہم آہنگ نہیں ہوتے۔ سیاسی قیادت کے بیانات اکثرجذباتی ہوتے ہیں،مگرتاریخ انہیں عملی نتائج کی کسوٹی پرپرکھتی ہے۔اس جنگ میں بھی یہی ہوا—الفاظ بلند تھے،مگرنتائج مختلف۔ٹرمپ کے بیانات—حکومت کے خاتمے کی پیش گوئیاں اورغیر مشروط ہتھیارڈالنے کے مطالبات—وقت کی گرد میں گم ہوگئے۔

مذہبی وتاریخی استعاروں کااستعمال اس بات کی نشاندہی کرتاہے کہ یہ تنازعہ محض سیاسی نہیں بلکہ تہذیبی اورفکری جہتیں بھی رکھتا ہے مگرجب عمل کاوقت آیاتویہ استعارے حقیقت کابوجھ نہ اٹھاسکے۔یہی وجہ ہے کہ عملی سطح پریہ بیانیے پالیسی کی کامیابی کی ضمانت نہ بن سکے۔مذہبی وتاریخی بیانیے کااستعمال اس تنازعے کوایک تہذیبی رنگ دیتاہے،نیتن یاہونے بائبل کی زبان میں اس جنگ کوبیان کیا،مگرنہ وہ اپنے خواب کی تعبیرپاسکااور نہ ہی ٹرمپ اپنی خواہش کی تکمیل کرسکا۔

یہ مفاہمتی یادداشت کوئی حتمی معاہدہ نہیں بلکہ ایک دروازہ ہے—اس بڑے سوال کی طرف جوایران کے جوہری پروگرام سے جڑاہے۔ تاہم مفاہمتی یادداشت دراصل ایک عبوری پل ہے—ایک ایساپل جودومتضاد بیانیوں کووقتی طورپرجوڑتاہے،مگراس کی مضبوطی آئندہ مذاکرات پرمنحصرہے۔اس لئے مفاہمتی یادداشت کوایک عبوری معاہدہ سمجھناچاہیے،جواصل مسئلے—یعنی جوہری پروگرام—کے حل کی طرف ایک ابتدائی قدم ہے۔اعتمادکافقدان یا اعتبار کی کمی اس پورے عمل کی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔جوکسی بھی معاہدے کی پائیداری کو متاثرکرسکتی ہے۔جب تک یہ خلیج برقرارہے،ہرمعاہدہ غیریقینی کے سائے میں رہے گاکیونکہ آنے والے ساٹھ دن مذاکرات کیلئے فیصلہ کن ہوں گے،مگر بداعتمادی کی فضا میں ہرقدم خطرے سے خالی نہیں۔نیتن یاہوجیسے شدت پسندعناصراس عمل کوناکام بنانے کے درپے ہیں۔

ایران کیلئے سب سے بڑا چیلنج توازن برقراررکھناہے—ایک طرف معاشی بہتری کی خواہش،اوردوسری طرف نظریاتی مؤقف کی پاسداری ایک بڑاچیلنج ہوگا ۔ یہ توازن ہی اس کی آئندہ پالیسی کی سمت متعین اوراس کے مستقبل کافیصلہ کرے گا۔ایران اگراپنی شرائط میں سختی دکھاتاہے تووہ ان معاشی فوائدکوکھو سکتا ہےجواس کی کمزورمعیشت کیلئے سہارابن سکتے ہیں۔تاہم ، یہ معاہدہ اس جنگ سے کہیں بہترہے جس نے دنیاکوکسادبازاری کے دہانے پرلاکھڑاکیا۔

اگرمذاکرات کامیاب ہوئے تونہ صرف مشرقِ وسطیٰ میں طاقت کاتوازن تبدیل ہوسکتاہے بلکہ تقدیربدل سکتی ہے اوریہ خطہ ایک نئے دورمیں داخل ہوسکتا ہے —ایک ایسادورجہاں تصادم کی جگہ تعاون لے لے مگراس کیلئے طویل المدتی سفارتی کوششیں اورباہمی اعتماد کی بحالی ناگزیرہوگی۔تاریخ کی روشنی میں یہ امیدایک نازک شمع کی مانندہے،جسے ذراسی ہوابھی بجھاسکتی ہے۔تاریخ کے اوراق گواہ ہیں کہ”اگر”کاپل صراط سب سے دشوارہوتاہے۔

یہ تنازعہ اس حقیقت کواجاگرکرتاہے کہ جدیدعالمی سیاست میں طاقت کی نوعیت تبدیل ہورہی ہے۔عسکری قوت اب بھی اہم ہے،مگر اقتصادی،جغرافیائی اورنظریاتی عوامل اس کے ساتھ مل کرایک پیچیدہ توازن پیداکرتے ہیں۔اس لیے کسی بھی تنازعے کاتجزیہ محض ایک زاویےسےنہیں بلکہ کثیرجہتی تناظرمیں کرناناگزیرہے۔یہ داستان ہمیں یہ سکھاتی ہےکہ جنگیں صرف میدان میں نہیں ہاری جاتیں، بلکہ بعض اوقات وہ ذہنوں کے اندیشوں اورفیصلوں کی لغزش میں پہلے ہی ہاردی جاتی ہیں۔اورپھرصلح کےکاغذپرلکھاہرلفظ،ایک ان کہی شکست کا اعتراف بن جاتاہے۔

یہ جنگ محض باروداوربارشِ آتش کی داستان نہیں،بلکہ انسانی فیصلوں،سیاسی غلطیوں اورتاریخی جبر کی ایک ایسی حکایت ہے جس کا سب سے گہرا سوال یہی ہے:
“جب انجام وہی تھا تو آغاز کیوں ہوا؟”

اپنا تبصرہ بھیجیں