Another Sea Of Destruction

تباہی کاایک اور سمندر

:Share

افغانستان سے امریکااوربھارت دونوں ہی کوخاصے ذِلّت آمیزاندازسے نکلناپڑاہے۔امریکاکے روایتی حریف روس اورآج کی دنیامیں تیزی سے سپر طاقت بننے کا سفرطے کرنے والے چین نے اُس کے پیداکردہ خلاکوکامیابی سے پُرکردیاہے۔جب بھارت اورامریکانے کابل میں اپنے سفارت خانے خالی کردیے تواس وقت روس اورچین نے ایسانہیں کیا۔ان کاپوراسفارتی عملہ کابل میں موجوداورپہلے سے زیادہ مصروف رہا۔بھارت نے جنوبی ایشیامیں اپنی برتری برقراررکھنے کی دُھن میں مونروڈاکٹرائن سے کام لینے کی ناکام کوشش کی۔بھارت اپنے آپ کو نئی عالمی طاقت کے طورپرپیش کرنے کے خبط میں مبتلاہے۔اب سوال یہ ہے کہ افغانستان سے ذِلّت آمیزانخلا بھارت کیلئےخطے میں اورخطے سے باہرکیامفہوم رکھتاہے اوراب دوبارہ کئی ذرائع سے افغانستان میں داخلے کی کوششیں کررہاہے؟

پہلی بات تویہ ہے کہ افغانستان سے امریکاکاذِلّت بھراانخلاعالمی سطح پراس کی ساکھ مزیدخراب کرنے کاذریعہ بناہے اوراس کی عالمی سطح کی برتری بہت حدتک ختم ہوکررہ گئی ہے۔دوسری طرف بھارت کوبھی شدیدنقصان سے دوچارہوناپڑاہے۔اس کی علاقائی سطح کی ساکھ شدیدمتاثرہوئی ہے اورجنوبی ایشیامیں اُس کی برتری کاخواب چکناچورہوگیاہے۔اس کادعوٰی کہ وہ عالمی سطح پربرتری کیلئےکی جانے والی کوششوں کے حوالے سے توازن قائم رکھنے میں نمایاں مقام رکھتاہے اور افغانستان میں جوکچھ ہواہے،اُس سے بھارت کے ایسے تمام دعوے بالکل جھوٹ ثابت ہوئے ہیں۔اسٹریٹجک معاملات کے تناظرمیں توآج بھارت کہیں بھی دکھائی نہیں دے رہااوریقیناًاگلے بیس،تیس برس کے دوران بھی بھارت کاعالمی سیاست میں کوئی نمایاں کردار نہیں۔عالمی سطح کی ری بیلینسنگ پاوربنانے کیلئےبھارت کومعاشیات،اسٹریٹجی اورٹیکنالوجی تینوں محاذوں پرغیرمعمولی تنزلی کابھی سامناہے۔

دوسری اہم بات یہ کہ بھارت کی اسٹریٹجک پالیسی مرتب کرنے والوں نے سمجھ لیاکہ بھارت نے چین کاپامردی سے سامناکرنے کیلئے چاررکنی اتحاد ”کواڈ”میں شامل ہوکراسرائیل کی طرح امریکاکی گودمیں جگہ بنالی ہے لیکن بھارت کے افغانستان کے بارے میں تمام دعوے بھی انتہائی درجے کے مبالغے کے حامل ثابت ہونے پرشرمندگی کے ساتھ منہ چھپانے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا۔حقیقت تویہ ہے کہ بھارت اسٹریٹجک معاملات میں اپنی خودمختاری اوراعتمادکھو بیٹھاہے۔افغانستان کے معاملات نے ثابت کیا ہے کہ بھارت اورامریکاکی افغان پالیسی یکساں طورپرناکام نوعیت کی تھی۔

جوکچھ افغانستان میں ہواہے اُس کے بعدتوجنوبی ایشیامیں بھارت کی برتری جوبھوٹان تک محدود ہوچکی ہے جواُس کیلئےبغل بچے کی سی حیثیت رکھتاہے۔ بھارت نے خشکی سے گِھرے ہوئے ایک اورملک نیپال کوبھی اپنے دائرۂ اثرمیں رکھاہے،مگر اب بھوٹان کے ساتھ نیپال بھی اِس دائرۂ اثر سے نکلتے دکھائی دے رہے ہیں ۔نیپال نے چین کے ساتھ کئی سمجھوتوں پردستخط کیے ہیں،جن کے نتیجے میں سمندروں تک رسائی کے معاملے میں نیپال کی بیرونی تجارت اورنیپالی باشندوں کی حرکت پذیری پر بھارت کاکنٹرول بہت حدتک ختم ہوکررہ گیاہے اوربھوٹان میں بھی بھارت کے بارے میں بے چینی پھیل رہی ہے۔ بھارت کی اسٹریٹجی تیارکرنے والوں کاخیال ہے کہ نیپال کی سیاسی جماعتیں بھارتی مفادات کے خلاف نہیں جاسکتیں۔یہ حقیقت نظرانداز نہیں کی جاسکتی کہ نیپال کی کوئی بھی سیاسی جماعت ملک بھرمیں پائے جانے والے بھارت مخالف جذبات کے پیشِ نظرچین سے کیے جانے والے سمجھوتوں اورمعاہدوں کوکسی طورنظرانداز نہیں کرسکتی۔ یوں اب خطے میں بھارت کی برتری ختم ہوتی جارہی ہے اورچین کامعاشی غلبہ رہی سہی کسر نکال دی ہے۔

افغانستان وہ اسٹریٹجک مقام تھاجہاں اپنے قدم مضبوطی سے جماکربھارت اپنے روایتی حریف پاکستان کوقابومیں رکھنے کے حوالے سے پاکستان میں دہشتگردی میں مصروف تھا۔بھارتی میڈیامیں یہ خبریں بھی آتی رہی ہیں کہ افغانستان کے ذریعے بھارت بلوچستان میں بڑے انٹیلی جنس آپریشنزشروع کرنے والاہے تاکہ مقبوضہ کشمیرمیں بڑھتی ہوئی بے چینی اورجدوجہدآزادی کودبایا جائے۔ایسے میں افغانستان سے بھارت کی شرمناک واپسی نے پاکستان کواسٹریٹجک نقطۂ نظر سے خاصی بہتر پوزیشن میں پہنچا دیاہے۔یہ بات بھی کسی طورنظراندازنہیں کی جاسکتی کہ امریکاسے اسٹریٹجک اتحادقائم کرکے بھارت نے مشرقِ وسطٰی اوروسطِ ایشیاتک رسائی بھی کھوئی ہے۔بھارت کے مسقبلِ قریب میں یوریشین سرزمین پرمعاشی اوراسٹریٹجک معاملات کے بڑے اتحادوں کاحصہ بن کربہت کچھ حاصل کرنے کے مواقع بھی اب ہاتھ سے جاچکے ہیں جبکہ اب پاکستان،ایران،ترکی،چین اورروس خطے میں معاشی واسٹریٹجک شراکت داریاں قائم کرنے کی کامیاب منصوبہ سازی کر رہے ہیں۔

افغانستان میں تیزی سے بدلتے ہوئے حالات کی روشنی میں روسی قیادت نے حال ہی میں بڑی علاقائی طاقتوں سے گفت وشنیداور مشاورت کی مگراس عمل میں بھارت کوقطعاًشریک نہیں کیا۔اس کاسبب یہ نہیں تھاکہ بھارت نے روس مخالف رویہ اپنایاہے بلکہ اصل سبب یہ تھاکہ بھارتی قیادت نے امریکا نوازروّیہ اپنارکھاہے۔اس سے اندازہ لگایاجاسکتاہے کہ بھارت کس حدتک تنہاہوچکا ہے ۔ پاکستان،چین اورروس نے مل کرافغانستان میں تعمیرِنو، استحکام اورترقی کیلئےبنیادی نوعیت کےاقدامات کیے ہیں مثلاً ڈالرکاعمل دخل کم کرکے معاملات کوعلاقائی کرنسیوں کی مددسے طے کرنے پرتوجہ دی جارہی ہے۔امریکاسے اسٹریٹجک معاہدے یااتحاد کاحصہ ہونے کے باعث بھارت اس عمل میں حصہ نہیں لے سکتا۔

2001ءکے بعدسے اب تک بھارت نے افغانستان میں تین ارب ڈالرسے زیادہ کی سرمایہ کاری کی۔بھارت کی یہ سرمایہ کاری صحراکی ریت پرپانی ثابت ہوئی اوریہ خطیررقم بھارت میں شدید افلاس،بھوک اوربیماریوں سے نبردآزمااورتعلیمِ عامہ کی ناقص سہولتوں سے دوچاربچوں کامعیارِزندگی بلندکرنے پربھی خرچ کی جا سکتی تھی۔نئی دہلی کے پالیسی سازوں نے3/ارب ڈالرانڈین فارن سروس کے چندسینئرافسران کی خودکوگلوبل پارٹنرزپلیئرزکے طور پر پیش کرنے کی خواہش کی نذرکردیے۔مودی کی ناکام پالیسی کااندازہ اس بات سے لگایاجاسکتاہے کہ جب روس اورچین نے کابل میں اپنے سفارت خانے کھلے رکھنے کوترجیح دی اوراُس کے باشندوں نے انخلانہیں کیاتوبھارت کووہاں سے فرارہونے پرکیوں مجبورہوناپڑا۔

مودی اوراس کے پالتوکتے اب بھی چندمیڈیاآؤٹ لیٹس اب بھی خارجہ پالیسی کے میدان میں اُن کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں مگر اپوزیشن جماعتیں عالمی معاملات میں بھارت کی پوزیشن میں رونماہونے والی گراوٹ کیلئےمودی کو موردِالزام ٹھہراتے نہیں تھکتیں۔بھارت بھرمیں اب لوگ محسوس کرنے لگے ہیں کہ عالمی سیاست کے اسٹیج پربھارت کے سکڑتےہوئےرسواکن کردارنے دراصل مودی اوراس کی ٹیم کی ناکام حکمتِ عملی کے نتائج نےاقوام عالم میں جہاں شرمندہ کر دیا ہے وہاں مودی سرکارکے بہت سے بلینڈرنے ان کوننگاکردیا ہے

سب سے پہلے اس بات پرغورکیجیے کہ مودی نے خارجہ پالیسی کواپنے نام اورشخصیت سے جوڑدیا۔اس نے یہ سمجھ لیاتھاکہ واحد سپر پاوراوردیگر طاقتور ممالک کے سربراہانِ مملکت وحکومت سے مصافحہ اورجبری معانقہ بھارتی خارجہ پالیسی کی بڑی کامیابی ہے ۔مودی نے2014ءمیں جب وزیراعظم کامنصب سنبھالاتھا تب وہ خارجہ پالیسی اوراسٹریٹجک معاملات میں ناتجربہ کار تھا۔وزیراعظم کا منصب سنبھالنے سے قبل وہ گجرات کاوزیراعلیٰ تھایعنی وفاقی یامرکزی سطح کے کسی منصب پرخدمات انجام دینے کااس کاتجربہ نہیں تھا۔بھارت کی پارلیمان کے ایوانِ بالاراجیہ سبھاکے رکن اورحکمراں بھارتیہ جنتاپارٹی کے رہنماسبرامنیم سوامی نے کئی بارمعاشیات اورامورِخارجہ میں مودی کی لاعلمی اورناتجربہ کاری پرشدیدنکتہ چینی کی ہے۔سبرامنیم سوامی کوجن چندمعاملات میں مودی سے بہت سے شکایات ہیں اُن میں ایک یہ بھی ہے کہ اس نے مختلف شعبوں میں اہل ترین افرادکی خدمات حاصل کرنے پرتوجہ نہیں دی اوراِس سے بھی بڑھ کریہ کہ وہ پیشہ ورانہ مہارت پرکچھ زیادہ یقین نہیں رکھتا۔مودی نے سابق بیوروکریٹس سبرامنیم جے شنکراور قومی سلامتی کے مشیراجیت ڈوول پربہت زیادہ انحصارکیاہے۔مودی کی کمزوریاں بھانپ لینے کے بعد2015ءکے بعدسے امورِخارجہ کے حوالے سے فیصلہ سازی کے عمل پرانڈین فارن سروس کے سینئر افسران چھائے ہوئے ہیں۔

سبرامنیم جے شنکرمغرب نوازروّیے کی حامل نمایاں شخصیت ہیں اوروہ امریکامیں بھارت کے سفیربھی رہ چکے ہیں۔مودی نے انہیں 2015ءمیں سیکرٹری خارجہ مقررکیا۔سبرامنیم جے شنکرکے سیکریٹری خارجہ بنائے جانے کے بعدبھارت نے اگست2016ء میں امریکاسے دی لاجسٹکس مینجمنٹ معاہدہ کیا۔4برس کی مدت میں بھارت نے امریکاکے ساتھ چاربنیادی نوعیت کے معاہدے کیے اوراس کااسٹریٹجک پارٹنربن گیا۔

2019ءمیں چوتھے رام ناتھ گوئینکالیکچرزمیں سبرامنیم جے شنکرکی تقریرایک اہم دستاویزہے۔اس تقریرمیں سبرامنیم جے شنکر نے کہاتھاکہ امریکاکا شراکت داراور اتحادی بننابھارت کیلئےخطرناک ہے مگرخواہشات کی تکمیل کیلئےخطرات مول لیناہی پڑتے ہیں اورخطرات مول لیناسفارتکاری کاایک بنیادی حصہ ہے۔پالیسی کے حوالے سے بہت سے اہم فیصلے اِسی میکینزم کے تحت کام کرتے ہیں۔اگرمعاملات کوبڑھانااورپروان چڑھاناہوتوخطرات مول لیناہی پڑتے ہیں۔اگر سفارتکاری میں زیادہ خطرہ مول لینے سے گریزکیاجائے گاتوفوائدبھی محدودہی رہیں گے۔سبرامنیم سوامی کے مطابق بھارت نے کئی مواقع پرتوقعات اوراندازوں کے برعکس خطرہ مول لیااورکامیابی پائی۔کبھی کبھی ناکامی بھی ہاتھ لگی تاہم مول لیے جانے والے تمام خطرات ڈرامائی نہیں ہوتے۔بہت سے معاملات میں پورے اعتمادکے ساتھ تخمینے کی ضرورت پڑتی ہے اوریومیہ بنیادپرمعاملات کاجائزہ لیناپڑتاہے مگرکبھی کبھی نتائج انتہائی حوصلہ افزابرآمدہوتے ہیں اورعالمی سیاست ومعیشت میں پوزیشن بہترہوجاتی ہے۔آج ہمیں عالمی سیاست ومعیشت میں کچھ ایساہی دکھائی دے رہاہے۔امریکاسے اتحادکرنابھی بھارت کی طرف سے ایک سوچاسمجھاخطرہ تھا۔

نیپالی زبان میں ایک کہاوت ہے کہ’’دورافتادہ دیوتاکے مقابلے میں پڑوس کابھوت زیادہ کام کاہے‘‘۔مودی نے چین کاپامردی سے سامنا کرنے کیلئے دور کے دیوتاامریکاکوچُن کربھیانک غلطی کی۔بھارت کوافلاس،بیماریوں اورجہالت کاسامناہے۔ان تمام عوارض نے اُس کی ترقی روک رکھی ہے اور دن بدن غربت میں اضافہ ہوتاجارہاہے۔بڑی مارکیٹ تک رسائی،ٹیکنالوجی کی منتقلی اوربڑے پیمانے کی سرمایہ کاری کے ذریعے چین اُس کی غیرمعمولی حد تک مدد کرسکتاہے اوراس مددکاراستہ پاکستان سے ہوکرگزرتا ہے اورمودی جب تک پاکستان کواپنی اناکامسئلہ بناکررکھے گا،اس کے خاک چاٹنے کا سفرختم نہیں ہوگا۔

اہلِ بھارت اس گمان کے سائے میں جی رہے تھے کہ امریکاوبھارت کے اتحادسے چین خوفزدہ ہوکروہی کرے گاجوبھارت چاہتا ہے۔معاملات کی حتمی حیثیت وہ نہ رہی جواہلِ بھارت چاہتے تھے۔ایک بڑاخطرہ مول لیاگیا۔ایسالگتاہے کہ سبرامنیم ریاضی میں کمزورہیں۔وہ غلطی کرگئے۔بھارت نے جو خطرہ مول لیاوہ پلٹ کرآگیااورنقصان کاباعث بنا،بھارت کی موجودہ تنہائی اورحیثیت میں پیدا ہونے والاسکڑاؤاسی کانتیجہ ہے۔

2020ءکو میں نے اپنے آرٹیکل میں لکھاتھاکہ تمام انڈے امریکی ٹوکری میں رکھنے پربھارت کومشکل گھڑی میں تعمیری دوست نہیں مل پائیں گے کیونکہ پاکستان امریکاکی دوستی سے پناہ طلب کررہاہے اورہم نے امریکاکی دوستی میں صرف افغانستان کی جنگ میں اپنے پورے ملک کوآگ میں جھونک دیااوراس آگ میں ہم نے87ہزارجانوں کے لاشے اٹھائے اور167بلین ڈالرکانقصان برداشت کیا۔اگرامریکاکی دوستی پرنگاہ ڈالیں تودرجنوں تاریخی مثالیں ہیں جہاں امریکانے اپنے مفادات کی تکمیل کے بعدلمحہ بحرتامل کئے بغیراپنے انہی دوستوں کے اعتماد کی پرواہ کئے بغیران کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا۔

ابھی کل کی بات ہے کہ افغانستان میں روسی جارحیت کے دوران افغان مجاہدین اورپاکستان نے اپنی بے تحاشہ قربانیوں کے نتیجے میں امریکاکوواحد عالمی سپر طاقت بننے میں اہم کرداراداکیالیکن جنگ کے اختتام پرامریکااپنے سارے وعدوں کوپس پشت ڈال کرنہ صرف اس خطے سے بھاگ گیابلکہ اس کے مشاہیرنے اسلام کواپناسب سے بڑادشمن گردان کراب تک اس کے خلاف جنگ شروع کررکھی ہے۔آج مودی بھی ایسی ہی حالت سے دوچار ہے۔وہ اپنی محدود سوچ اورغیرحقیقت پسندانہ امنگوں کی قیمت اداکررہاہے۔اگربھارت اپنےخطے،مشرقِ وسطٰی اوروسطِ ایشیامیں دوبارہ داخل ہوناچاہتاہے تو اُسے اپنے مکارانہ اعلام اور روّیے سے تائب ہوکرپاکستان اورچین کی طرف دوستی اورمفاہمت کاہاتھ بڑھاناہی پڑے گااوراس کے عملی ثبوت کیلئے اپنے تمام تنازعات کوپرامن طورپراقوام متحدہ کی منظورکردہ قراردادوں کے مطابق کشمیرکا فیصلہ کرناہوگاوگرنہ تباہی کاایک سمندراسے غرق کرنے کامنتظر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں