ہمارے خطے میں سیات کایہ چلن ہوگیاہے کہ لوگوں کومذہب کی آڑمیں اس قدربزدل بنادوکہ وہ محرومیوں کوقسمت اورظلم کو آزمائش سمجھ کرصبرکر لیں ۔حقوق کیلئے آوازاٹھاناگناہ سمجھیں،غلامی کواللہ کی مصلحت قراردیں اورقتل کوموت کادن معین سمجھ کرچپ رہیں۔یہی وجہ ہے کہ غلام قومیں بدکرداروں کوبھی دیوتامان لیتی ہیں اورآزاد قومیں عمربن خطاب جیسےبےمثل حکمرانوں کابھی محاسبہ کرتی ہیں۔
جس دن ہم نے اپنے بچوں کویہ ذہن نشین کرادیاکہ ہمارے ہیرووہ نہیں جوجنگ وجدل اورخون بہانے کی دہمکیاں دیتے رہتے ہیں بلکہ ہمارے ہیرو تو وہ ہیں جوانسانی وحیوانی زندگی کااحترام اپنے رب کے خوف کاحکم سمجھ کر خودپرفرض کرلیتے ہیں،اوران کی راتیں اللہ کے خوف سے سجدوں میں جھکی رہتی ہیں اورظلم کے خلاف سینہ سپرہوکراللہ کی ودیعت کردہ قوت کے ساتھ اس ظلم کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیواربن کرکھڑے ہوجاتے ہیں۔یہ ہیروہمارے سائنسدان،قلمکاراوراعلیٰ تعلیم یافتہ افرادہمارے استاد بنیں گے توپھرہی معاشرے سے ہمارے بچے جرائم اورتشددسے نفرت کرناسیکھیں گے۔اس لئے اپنے بچوں کوحق اورباطل میں فرق سمجھاتے ہوئے ایسی زندگی سے محبت سکھائیں جوہمیشہ کی اخروی زندگی کازادِہ راہ بن سکے۔
اس کی حالیہ مثال یوں ہے کہ صرف دوہفتے قبل2جنوری کومیرے آرٹیکل”خوش گمانی یابدگمانی”میں بنگلہ دیش کی ظالم ترین مفرورحسینہ کی سگی بھانجی ٹیولپ صدیق کی مبینہ بدعنوانی کاذکر کیاتھااورآج تمام عالمی میڈیامیں یہ خبروائرل ہورہی ہے کہ برطانوی کابینہ کی رکن ٹیولپ صدیق نے بنگلہ دیش میں اپنے خلاف بدعنوانی کے مقدمے کی تحقیقات کی وجہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔42سالہ ٹیولپ صدیق برطانوی وزارت خزانہ میں اقتصادی وزیرتھیں اوروہ بنگلہ دیش میں گذشتہ برس عوامی احتجاج کے بعد حکومت چھوڑنے والی سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ واجدکی بھانجی ہیں۔
ٹیولپ صدیق پرالزام ہے کہ انہوں نے2013میں بنگلہ دیش اورروس کے درمیان ایک معاہدہ کروایاجس کے باعث بنگلہ دیش میں نیوکلیئرپاورپلانٹ کی کُل قیمت میں اضافہ ہوا۔ٹیولپ صدیق کانام بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی حکومت کے دوران بدعنوانی کی تحقیقات کے حوالے سے سامنے آیاہے اورالزام ہے کہ بنگلہ دیش میں ان کاخاندان مبینہ طورپرتین اعشاریہ نوارب پاؤنڈکی خُوردبُرد میں ملوث ہے۔برطانوی وزیرکے طورپرخدمات انجام دینےکے دوران،ٹیولپ کاکام ملک کی مالیاتی منڈیوں میں ہونے والی بے ضابطگیوں سے نمٹنابھی تھا۔بنگلہ دیشی نژادوزیرکی جانب سے وزارت چھوڑنے کافیصلہ بنگلہ دیش میں بدعنوانی کی ایک اور تحقیقات میں شامل کیے جانے کے بعدکیاگیاہے۔
صدیق لندن کی ہیمپسٹڈاورہائی گیٹ سیٹ سے لیبرپارٹی کے رکن پارلیمنٹ ہیں۔اس سے قبل وہ شیخ حسینہ سے وابستہ افرادکی جانب سے لندن میں جائیدادوں کے استعمال پربھی تحقیقات کی زدمیں آچکی تھیں۔برطانوی اخبارفنانشل ٹائمزنے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیاتھاکہ شیخ حسینہ کی حکومت سے وابستہ ایک شخص نے ٹیولپ کوکنگزکراس کے علاقے میں فلیٹ دیاتھا۔میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق ٹیولپ نے2022میں یہ فلیٹ بطور تحفہ حاصل کرنے کی خبروں کومستردکرتے ہوئےکہاتھاکہ یہ فلیٹ ان کے والدین نے خریدا ہے۔انہوں نے اخبارکوخبرشائع کرنے پرقانونی کارروائی کی دھمکی بھی دی تھی لیکن پھرلیبرپارٹی سے وابستہ ذرائع نے اخبارکوبتایاتھاکہ یہ فلیٹ ٹیولپ صدیق کوایک پراپرٹی ڈویلپرنے تحفے میں دیاتھا،جس کے مبینہ طورپران کی خالہ شیخ حسینہ سے روابط تھے۔
برطانوی وزیراعظم کے مشیرسرلاؤری میگنس نے ایک ہفتے تک اس معاملے کی تحقیقات کیں۔سرلاؤری نے تحقیقات کے بعد اپنے خط میں کہاکہ “ٹیولپ صدیق نے اعتراف کیاکہ وہ نہیں جانتی تھیں کہ کنگزکراس میں ان کے فلیٹ کااصل مالک کون ہے۔ ٹیولپ یہ فرض کررہی تھیں کہ ان کے والدین نے یہ فلیٹ اس کے سابقہ مالک سے خریدکرانہیں تحفتاً دیاتھااوریوں انہوں نے نادانستہ طورپرعوام کو فلیٹ دینے والے فردکی شناخت کے بارے میں گمراہ کیا”۔
ان کے ناناشیخ مجیب الرحمان بنگلہ دیش کے پہلے صدرتھے۔1975میں جب ڈھاکہ میں فوجی بغاوت ہوئی تومجیب الرحمان اوران کے خاندان کے بیشترافرادمارے گئے تاہم ٹیولپ کی والدہ ریحانہ اوران کی بہن شیخ حسینہ بیرون ملک ہونے کی وجہ سے بچ گئی تھیں۔ان کی والدہ کوبرطانیہ نے اس وقت سیاسی پناہ دی جب وہ بہت چھوٹی تھیں۔ان کے والد ڈھاکہ میں ایک یونیورسٹی کے پروفیسر تھے اوران کی ٹیولپ کی والدہ سے لندن میں ملاقات ہوئی تھی جہاں انھوں نے شادی کرلی اوراپنے خاندان کولندن منتقل کردیا۔
2017میں چینل4کے ایک انٹرویوکے دوران میزبان نے ٹیولپ صدیق سے پوچھاتھاکہ انہوں نے بنگلہ دیش میں کبھی اپنی خالہ کو چیلنج کیوں نہیں کیاجن پرانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کاالزام ہے۔اس بحث کے بعدپروگرام کے ایڈیٹرنے شکایت کی تھی کہ ٹیولپ صدیق کارویہ ایک حاملہ پروڈیوسرکے ساتھ”دھمکی آمیز”تھا،بعدازاں ٹیولپ صدیق نے اپنے رویے پرمعافی مانگ لی تھی۔
ادھرشیخ حسینہ کی اقتدارسے علیحدگی کے بعدحالیہ دنوں میں پاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی ہے اور سفارتی سطح پربہت سی پیش رفت ہوئی ہیں جس کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی اورتجارتی تعلقات میں تیزی سے قربت بڑھ رہی ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیوں کی دیواریں منہدم ہوناشروع ہوگئی ہیں اورملکی تجارت میں ایک بہترین اضافہ دیکھنے میں آرہاہے۔
ڈھاکہ یونیورسٹی بنگلہ دیش کاسب سے بڑاتعلیمی ادارہ ہے۔اب بنگلہ دیش نے پاکستانی طلباکوڈھاکہ یونیورسٹی میں داخلہ لینے کی اجازت بھی دے دی ہے۔ دوسری جانب پاکستان نے بھی بنگلہ دیشی شہریوں اور طلبا کیلئےویزا حاصل کرنے کے عمل کو خاصا آسان بنادیاہے اوربنگلہ دیشی طلباءکوپاکستان کے تمام تعلیمی اداروں میں داخلے کیلئے بہترین سہولتوں کااعلان کردیا ہے۔ڈھاکہ یونیورسٹی کی پرووائس چانسلرپروفیسرسائمہ حق بیدیشہ نے بتایاکہ یہ فیصلہ13نومبرکووائس چانسلرپروفیسرنیازاحمدخان کی صدارت میں منعقدہ سنڈیکیٹ اجلاس میں کیاگیا۔نئی پالیسی کے مطابق پاکستانی طلباڈھاکہ یونیورسٹی میں داخلہ لے سکیں گے اوربنگلہ دیشی طلباپاکستان میں تعلیم حاصل کرسکیں گے۔اس فیصلے کے بعدکہاجارہاہے کہ شیخ حسینہ کےاقتدارسے باہر ہونے کے بعدپاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان مختلف سطحوں پرقربت مسلسل بڑھ رہی ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں1971میں بنگلہ دیش کے قیام کے بعدپہلی بارپاکستان کابنگلہ دیش کے ساتھ سمندری رابطہ بحال ہواجب ایک پاکستانی مال بردارجہازکراچی سے بنگلہ دیش کے جنوب مشرقی ساحل پرواقع چٹاگانگ کی بندرگاہ پرپہنچا۔اس سے پہلے دونوں ممالک کے درمیان بحری تجارت سنگاپوریاکولمبوکے ذریعے ہواکرتی تھی۔پروفیسرسیماحق بیدیشہ نے بنگلہ دیش کے انگریزی اخبار ڈھاکہ ٹریبیون کوبتایاکہ”پاکستان کے ساتھ تعلقات کئی سطحوں پراچھے نہیں تھے جس کی وجہ حسینہ کاپاکستان دشمنی اور ہندوستان کادباؤتھالیکن ڈھاکہ یونیورسٹی ایک تعلیمی ادارہ ہے۔ہمارے بہت سے طلباسکالرشپ پرپاکستان جاناچاہتے ہیں۔کئی لوگ تعلیمی کانفرنسوں میں شرکت کرناچاہتے ہیں۔ہم نے اس مسئلے کوبات چیت کے ذریعے حل کرلیاہے۔اس معاملے میں پاکستان کے ساتھ معمول کے تعلقات بحال کردیے گئے ہیں،اب دوسرے اداروں کوبھی بڑھ کرملکی مفادکیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے جس کی داغ بیل ہم نے ڈال دی ہے”-
ڈھاکہ یونیورسٹی نے بنگلہ دیش کی تاریخ میں ایک اہم کرداراداکیاہے۔بنگلہ دیش میں حکومتوں کے خلاف احتجاج کی آوازبھی اسی یونیورسٹی سے اٹھی ہے۔اس سال جولائی،اگست میں شیخ حسینہ کے خلاف تحریک کاآغازبھی ڈھاکہ یونیورسٹی سے ہوا۔یادرہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں بالخصوص”را”نے اسی یونیورسٹی سے1971کی جنگ میں بھی اہم کرداراداکیاتھا۔ڈھاکہ یونیورسٹی کے طلبا اوراساتذہ کوپاکستان کے فوجی آپریشن سرچ لائٹ کے دوران نشانہ بنانے کاجھوٹاپروپیگنڈہ کرکے بنگالی عوام کواشتعال دلانے میں اہم کرداراداکیاتھا۔
حسینہ واجد نے اپنے بھارتی آقاؤں کی مددسے ڈھاکہ یونیورسٹی کوپاکستان مخالف تحریک کی جائے پیدائش کے طورپراستعمال کرتے ہوئے خوب شہرت پائی اورشیخ حسینہ کی حکومت کے دوران یونیورسٹی میں یہ مطالبہ کیاگیاکہ پاکستان1971میں مشرقی پاکستان میں نسل کشی پرمعافی مانگے۔اسی پراکتفانہیں کیاگیابلکہ شیخ حسینہ کے خصوصی حکم پر2015میں ڈھاکہ یونیورسٹی میں پاکستانی طلبہ کے داخلے پرپابندی عائدکردی گئی تھی لیکن آج قدرت اورتایخی مکافاتِ عمل کایہ فیصلہ سامنے آیاہےکہ اسی یونیورسٹی سے حسینہ کے تمام احکامات کو منسوخ کرتے ہوئے ڈھاکہ یونیورسٹی نے پہل کرتے ہوئے انقلابی اقدامات اٹھاتے ہوئے نہ صرف پاکستانی طلباءکیلئے داخلوں کی اجازت دے دی ہے بلکہ ملک کے تمام اداروں کوپاکستان دشمنی کے تمام اقدامات کوختم کرنے کامشورہ بھی دیاہے۔
مودی سرکاربنگلہ دیش میں بری طرح ناکامی کے بعدشب وروزمختلف قسم کے پروپیگنڈہ پھیلانے کی کوششوں میں مصروف ہے جس میں اس نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت پراقلیتوں خصوصاً ہندوؤں پرحملے کروانے اوراسلامی انتہاپسندوں کی حمایت کرنے کے الزامات بھی لگائے جارہے ہیں۔ڈونلڈٹرمپ نے بھی اپنی انتخابی مہم میں بھارتی ہندوووٹرزکی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے تشویش کااظہارکیا تھا۔
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزرمحمدیونس نے18نومبرکوبھارتی انگریزی اخبار”دی ہندو”کودیے گئے ایک انٹرویو میں ہندوؤں پرحملے سے متعلق سوالات کوپروپیگنڈاقراردیا۔محمدیونس نے کہاکہ”ٹرمپ کے پاس بنگلہ دیش اوراس کی اقلیتوں کے بارے میں مناسب معلومات نہیں ہیں لیکن جب ٹرمپ کوحقیقت کاعلم ہوگاتووہ بھی حیران رہ جائیں گے۔میں یہ نہیں مانتاکہ امریکامیں نئے صدرکے آنے سے سب کچھ بدل جائے گا۔اگرامریکامیں اقتدارمیں تبدیلی ہوئی ہے توبنگلہ دیش میں بھی ایساہی ہواہے۔ایسی صورتحال میں آپ کوتھوڑا انتظارکرناچاہیے۔ہماری معیشت درست راستے پرہے اورامریکااس میں بہت دلچسپی لے گا”۔
“دی ہندو”نے ان سے سوال کیاکہ یہ صرف ٹرمپ کامعاملہ نہیں ہے۔انڈیانے بھی کئی بارپریس کانفرنسزمیں بنگلہ دیش میں ہندوؤں پرحملوں کامعاملہ اٹھایاہے۔اس کے جواب میں محمدیونس نے کہاکہ16/اگست کومیری وزیراعظم مودی سے فون پرپہلی بات چیت ہوئی تھی۔مودی نے بھی بنگلہ دیش میں اقلیتوں کے ساتھ برے سلوک کے بارے میں بات کی۔میں نے انہیں واضح طورپربتایاکہ یہ سب پروپیگنڈاہے”۔انہوں نے مزیدکہاکہ”کئی صحافی یہاں آئے،اورکئی لوگوں نے کشیدگی کے بارے میں بات کی لیکن حقیقت وہ نہیں ہے،جومیڈیا میں کہی جارہی ہے۔مجھے نہیں معلوم کہ اس پروپیگنڈے کے پیچھے کون ہے لیکن اس کاحقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔بعدازاں تحقیقات کے بعدیہ پروپیگنڈہ بھی بے نقاب ہوگیاکہ دراصل مندرکے ساتھ عوامی لیگ کادفترتھاجہاں سے مظاہرین کے ہجوم پرپتھراؤکیاگیاجس کے جواب میں مشتعل ہجوم نے جوابی طورپرپتھربرسائے جس کومندرپرحملہ قراردیکرجھوٹاپروپیگنڈہ کیا گیا۔
بنگلہ دیش میں انڈین ہائی کمشنرپرنے ورمانے17نومبرکو”بے آف بنگال کنورسیشن”میں بات کرتے ہوئے کہاتھاکہ”بنگلہ دیش میں اقتدارکی پرتشددتبدیلی کے باوجودانڈیاکے بنگلہ دیش کے ساتھ اقتصادی،ٹرانسپورٹ،توانائی اورعوامی سطح پرتعلقات مثبت ہیں۔ ہمارے تعلقات کثیرالجہتی ہیں اورکسی ایک ایجنڈے پرمنحصرنہیں ہیں”۔
تاہم پاکستان میں بنگلہ دیش کی نئی حکومت کامؤقف مثبت طورپرلیاجارہاہے۔میرامانناہے کہ شیخ حسینہ کااقتدارسے باہرہوناپاکستان کیلئےایک اچھاموقع ہے۔انڈیاشیخ حسینہ کے اقتدارسے باہر ہونے پرخوش نہیں ہے۔ انڈین لابی امریکامیں بنگلہ دیش کے خلاف فعال ہوگئی ہے۔یہ لابی ٹرمپ انتظامیہ کوبنگلہ دیش پرپابندیاں عائدکرنے پرآمادہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔بنگلہ دیش سے برآمدہونے والے زیادہ ترگارمنٹس امریکاکوبھیجے جاتے ہیں۔ٹرمپ نے ٹیرف عائد کرنے کی وکالت کی ہے۔اگرٹرمپ ٹیرف لگاتے ہیں توبنگلہ دیش کوبہت نقصان ہوگا”۔
بنگلہ دیش اورپاکستان کے درمیان سمندری روابط کاآغازایک خوشگوارمعاشی تبدیلی کااشارہ ہے۔یہ پہلاموقع ہے کہ ایک پاکستانی کارگوجہازبراہ راست چٹاگانگ پہنچاہے۔اس سے پہلے دونوں ممالک کے درمیان جتنی بھی تجارت ہوتی تھی وہ سنگاپوراورسری لنکاکے ذریعے کی جاتی تھی۔اس سے انڈیامیں ہلچل اورماتم کاسماں ہے۔بنگلہ دیش کی قیادت اب بہت کھلے ذہن کی حامل ہے۔ایسا نہیں کہ وہ انڈیاکے ساتھ تعلقات بڑھانے کے خلاف ہیں لیکن انہوں نےاپنے مواقع کھلے رکھے ہیں اورپاکستان کے ساتھ تعلقات کیوں نہ بڑھائے جائیں۔اب اگلاقدم یہ ہوگاکہ تجارتی اورصنعتی دنیاکی تنظیمیں بھی ایک دوسرے کے دورے کریں گی اورممکن ہے کہ اگلے سال تک دونوں ممالک کے درمیان خارجہ سیکرٹریزکی سطح پربات چیت شروع ہوجائے۔
بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمن پاکستان کے سخت مخالف تھے۔یہاں تک کہ شیخ مجیب نے ذوالفقارعلی بھٹو(جوبعد میں وزیر اعظم بنے)سے اس وقت تک بات کرنے سے انکار کردیاتھاجب تک پاکستان بنگلہ دیش کوتسلیم نہ کرلے۔پاکستان نے بھی ابتدامیں بنگلہ دیش کی آزادی کومستردکردیاتھالیکن پاکستان کے رویے میں اچانک تبدیلی آئی اورفروری1974میں اسلامی تعاون تنظیم(اوآئی سی)کی کانفرنس لاہورمیں منعقد ہوئی۔اس وقت ذوالفقارعلی بھٹونے بطوروزیر اعظم شیخ مجیب الرحمن کوباضابطہ دعوت بھیجی۔ پہلے تو مجیب نے شرکت سے انکارکردیالیکن بعدمیں اس دعوت کوقبول کرلیاگیا۔
اس کانفرنس کے بعدانڈیا،بنگلہ دیش اورپاکستان کے درمیان ایک سہ فریقی معاہدہ ہوا۔ان تینوں ممالک نے9اپریل1974کوایک معاہدے پردستخط کیے تاکہ1971کی جنگ کے بعدباقی ماندہ مسائل کوحل کیاجاسکے۔پاکستان نے28اگست1973کے انڈیااورپاکستان کے درمیان معاہدے میں درج چاروں اقسام کے غیربنگالیوں کوقبول کرنے پررضامندی ظاہرکی۔پاکستان کی وزارت خارجہ اوروزارت دفاع کی جانب سے ایک بیان جاری کیاگیاجس میں کہاگیاکہ اگرپاکستانی فوج نے بنگلہ دیش میں کسی قسم کاجرم کیاہے تویہ قابل افسوس ہے۔
ذوالفقارعلی بھٹونے جون1974میں ڈھاکہ کادورہ کیا۔اس دورے کے دوران بنگلہ دیش نے اثاثوں کی تقسیم کامعاملہ اٹھایا۔اس دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات میں برف پگھلنے لگی۔پاکستان نے22فروری1974کواوآئی سی کے اجلاس میں بنگلہ دیش کوتسلیم کرنےکااعلان کیا۔ذوالفقارعلی بھٹونے کہاکہ”اللہ کے نام پراوراس ملک کے شہریوں کی جانب سے ہم بنگلہ دیش کوتسلیم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ کل ایک وفدآئے گااورہم انہیں7کروڑمسلمانوں کی جانب سے گلے لگائیں گے۔اس مشرکہ اعلامیہ کے بعدانڈیاکوبنگلہ دیش بنانے کے سلسلے میں تمام سرمایہ کاری کے ساتھ اپنادل بھی ڈوبتانظرانے لگااوراسی دن یہ فیصلہ کرلیاگیاکہ بظاہربنگلہ دیش کوایک آزاد ملک رہنادیاجائے لیکن اس کی تمام ڈوراپنے ہاتھ میں رکھی جائے جس کے نتیجے میں بنگلہ دیش میں مجیب الرحمان کے قتل سے لیکر جنرل ضیاءالرحمان،جنرل حسین محمدارشاداوربیگم ضیاء سے لیکرحسینہ واجد کے اقتدارمیں آنے تک کی تمام حکومتوں کو مسلسل اندرونی اورداخلی مسائل میں مبتلارکھا گیااوراس سارے عرصے میں مجیب الرحمان کی بیٹی حسینہ واجدجواپنے والدکے قتل کے موقع پرانڈیامیں موجودتھی،کی انڈیامیں پرورش کی گئی اوربالآخرحسینہ واجدکواقتدارمیں لاکرانڈیانے خودکوخطے کی سپرپاور بنانے کیلئے دیگرہمسایہ چھوٹی ریاستوں پراپنی پالیسیوں کوجبراًنافذکرنے کی کوششوں کامیں اضافہ کردیا۔
ادھرپہلی مرتبہ14جنوری2025کوبنگلہ دیش کے آرمڈ فورسزڈویژن کے پرنسپل سٹاف آفیسرلیفٹننٹ جنرل ایس ایم قمر الاسلام نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیرسے ملاقات کے دوران خطے کے بدلتے سکیورٹی حرکیات پر مفصل بات چیت کی اوردونوں ممالک کے درمیان مزیدفوجی تعاون کی راہیں نکالنے پرغورکیااورمضبوط دفاعی تعاون کی اہمیت پرزوردیتے ہوئے دونوں برادرممالک کے درمیان شراکت داری اورتعاون بیرونی اثرات سے بالاترہونے کی یقین دہانی کروائی۔
دوسری طرف سری لنکانے بہادری کے ساتھ انڈیاکے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے اپنی خودمختاری کوقائم رکھتے ہوئے پاکستان اورچین کے ساتھ اپنے تعلقات کواک نئی جہت دی ہے۔یادرہے کہ سری لنکاجوبرسوں سے انڈیاکی پراکسی”تامل دہشتگردوں”کی بناءپرخانہ جنگی جیسی مشکلات میں مبتلاتھا،پاکستانی کماندوزکی خوصی مددسے سری لنکاکو اس مصیبت سے مکمل نجات ملی ہے جس کی بناءپرہرشعبے میں دونوں ممالک کے تعلقات انتہائی خوشگواراوردوستانہ ہیں اوراب بنگلہ دیش میں آنے والی تبدیلی کودیکھتے ہوئے انڈیا پریہ خوف طاری ہے کہ نیپال، بھوٹان،مالدیپ اورمیانمارکے چین اورپاکستان سے بڑھتے ہوئے تعلقات مہابھارت کاخواب چکنا چورکرنے کیلئے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ انڈیاپھرسے افغان طالبان اورایران کی سرزمین کوپاکستان کے خلاف استعمال کررہاہے۔سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان ان حالات سے اپنے ہمسایہ ملک چین کے ساتھ سر جوڑ کرمکمل طور پر استفادہ کرنے کیلئے کوشاں ہے؟