Freedom is not protected by uterus

آزادی کاتحفظ یوٹرن سے نہیں

:Share

ہونی ہوکررہتی ہے،جوپیشانی میں ہے،اسے پیش آناہے۔جوکاتب تقدیرنے لکھاہے اسے پوراہوناہے۔خیریاشر،برایابھلا،جوکچھ بھی آنے والے ایک پل کے پردے میں چھپاہے،پل گزرتے ہی سامنے آجاناہے۔اگلے پل کے پیچھے کیاچھپاہے،کیاسامنے آئے گا۔پچھلے پل کا تسلسل یااس کے بالکل برعکس۔کون جانے، کس کومعلوم؟انسان کے بس میں کب کچھ ہے،جوکچھ ہے سلطان کے بس میں ہے۔جورحمان ورحیم بھی ہے،قہاروجباربھی لیکن کیاواقعی ایساہے۔کیاکوئی کاٹھی نہیں،جووقت کے بے لگام گھوڑے پرڈالی جاسکے۔کوئی لگام نہیں جواس گھوڑے کامنہ موڑدے۔کیاکوئی چابک نہیں جواس اڑیل کوصحیح سمت میں رواں رکھ سکے۔کیاکوئی رکاب نہیں جوسوارکو سواری کی پیٹھ سے چپکاسکے۔اسے اوندھے منہ گرنے سے بچاسکے۔

نہیں ایسانہیں ہے۔رب رحمان نے انسان کوسمجھایاکہ ہونی ہوکررہتی ہے۔جوپیشانی میں ہے اسے پیش آناہے۔کاتب تقدیرنے لکھاہے اسے پوراہوناہے لیکن ہونی کیاہے۔پیش کیاآناہے۔کاتب تقدیرنے کیالکھاہے۔سوائے اس کے کہ” فَبِمَاكَسَبَتْ أَيْدِيكُمْ ۔جوکچھ تم نے اپنے ہاتھوں سے کمایاہے۔اس نے راستے دکھائے ہیں۔وَهَدَيْنَاهُ النَّجْدَيْنِ”۔بھلائی اوربرائی کے راستے۔اس نے توسمجھایاہے۔” فَأَلْهَمَهَا فُجُورَهَا وَتَقْوَاهَا”۔ہم نے الہام کیاہے، برائی کابھی، بھلائی کابھی۔اس نے توبارباریاددلایاہے۔”قَدْ أَفْلَحَ مَن زَكَّاهَاوَقَدْ خَابَ مَن دَسَّاهَا”بے شک وہ کامیاب ہوگیا جس نے نفس کو پاکیزہ بنالیا اور وہ نامراد ہوگیا جس نے اسے آلودہ کردیا ہے۔

اس نے تووعدہ کیاہے۔لَا أُضِيعُ عَمَلَ عَامِلٍ مِّنكُم (وہ کسی عمل کرنے والے کاعمل ضائع نہیں کرتا)اورپھراس نے کہاہے تول لیاجائے گاتمہاراہرعمل اچھایابرا، چھوٹایا بڑا،اورفیصلہ کردیاجائے گاتمہارے فلاح یاخسارے کا۔اس نے انسان کومتنبہ کیاہے۔”وَالْعَصْرِإِنَّ الْإِنسَانَ لَفِي خُسْرٍ”وقت کی قسم تمام انسان خسارے میں ہیں۔اوریہ بھی بتایاہے کہ اس خسارے سے کیسے بچاجائے۔اس نے وقت کامنہ زورگھوڑاہی تخلیق نہیں کیا۔اس نے کاٹھی بھی دی ہے،لگام بھی۔ چابک بھی دی ہے،رکاب بھی۔ایمان کی کاٹھی۔عمل صالح کی لگام۔تواصی حق کی چابک اورتواصی صبرکی رکاب۔تاریخ سے پوچھ کر دیکھئے۔ کون ہے جس نے وقت کے بے لگام گھوڑے کوقابوکرنے کیلئےان اجزاءکواستعمال کیاہو،اورناکام رہاہو۔کون ہے جس نے ان اجزاءسے دامن چھڑایاہو اور کامیاب ہواہو۔

حضرت عمرنے عدلیہ کوانتظامیہ سے الگ کرکے ایسی روایت قائم کی جس کی بعدکے ادوارمیں بھی عدالت کی آزادی برقراررہی اور بادشاہوں،گورنروں اور دوسرے حکمرانوں کوعدالت کے سامنے عام شہریوں کی طرح پیش ہوناپڑا۔اسلام کے ابتدائی دورسے صرف ایک مثال پیش خدمت ہے۔کوفہ میں عدالت کااجلاس ہورہاتھااورقاضی شریک بن عبداللہ مقامات کی سماعت فرمارہے تھے۔ایک بڑھیا قاضی کے سامنے پیش ہوئی اوراس نے بھرائی ہوئی آوازمیں بتایاکہ دریائے فرات کے کنارے میراکھجوروں کاباغ تھاجومجھے ورثے میں ملاتھا۔میں نے اپنے حصے کواپنے بھائیوں کے باغ سے علیحدہ کرنے کیلئے دیوار بنالی۔کچھ عرصہ بعدگورنرموسیٰ نے میرے بھائیوں کے حصے کاباغ خریدلیااورمیرے حصے پرحریفانہ نظریں گاڑدیں چنانچہ اس نے مجھے برملاباغ فروخت کرنے کاکہہ دیا لیکن میں نے اس کوفروخت کرنے سے انکارکردیا۔ایک دن گورنرموسیٰ چندنوجوانوں کوساتھ لیکرآیااوردیوارکوگرانے کاحکم دیاجو میں نے تعمیرکی تھی۔ بزرگ خاتون نے کہاکہ”اے قاضی! میں اب تیرے پاس اپناحق لینے آئی ہوں اوریہ اعلان عدالت کے کٹہرے میں کھڑے ہوکرکرتی ہوں کہ اپناباغ گورنر موسیٰ کوہرگزہرگزفروخت نہیں کروں گی”۔

قاضی شریک نے ایک سمن پرمہرلگاکرعدالتی اہلکارکودی اورکہا کہ گورنرموسیٰ کواپنے ساتھ لیکرآؤ۔اہلکاریہ سمن لیکرگورنرکے پاس پہنچااوراسے اپنے ساتھ چلنے کوکہاتووہ یہ فقرہ سن کرلال پیلاہوگیااورغصے کی وجہ سے اس کی آنکھوں سے چنگاریاں جھڑنے لگیں۔اس نے اسی وقت اپنے باڈی گارڈافسرکوقاضی کے پاس بھیجا اوریہ پیغام دیاکہ میرے منصب کالحاظ کئے بغیرایک معمولی عورت کے جھوٹے دعوے کوتسلیم کر کے تم مجھے عدالت بلا رہے ہو۔قاضی نے گورنرکے باڈی گارڈافسرکوجیل میں ڈال دیا۔گورنرکوجب پتہ چلا تووہ اورسیخ پاہوگیااوراس نے اپنے سیکرٹری کوقاضی کے پاس احتجاج اورگارڈ افسرکی رہائی کیلئے بھیجا۔قاضی نے اسے بھی گارڈ افسرکے ساتھ جیل میں بندکردیا۔شام کوگورنرنے اعلیٰ افسران اورقاضی کے دوستوں کی ایک ٹیم کوقاضی کے پاس روانہ کیااور یہ پیغام بھیجاکہ قاضی نے گورنرکی توہین کی ہے۔یہ معززین شریک قاضی کے پاس پہنچے اورگورنرکا پیغام پہنچایا توقاضی نے گورنرکے پیغام کوٹھکراتے ہوئےمعززین سے کہا کہ تم مجھے ایسی بات کہنے آئے ہوجس کاتمہیں کوئی حق نہیں۔پھراس نے اہلکارکو آوازدی اورکہا”انصاف کے راستے میں رکاوٹ بننے کی پاداش میں ان لوگوں کوجیل میں ڈال دو۔”گورنرموسیٰ کو جب قاضی شریک کی اس بات کاپتہ چلاتووہ غصے سے لال بھبوکاہوگیا۔فوراًاپناگھڑسواردستہ لیکرجیل خانے گیااورداروغہ جیل سے اُن تمام قیدیوں کو رہاکروادیا۔اگلے روزصبح قاضی عدالت لگائے بیٹھاتھاکہ داروغہ جیل حاضرہوااورگزشتہ روز کی ساری روئیداد سنائی۔

قاضی صاحب نے جونہی یہ سناتوفوراًکھڑے ہوگئے اوریہ تاریخی الفاظ کہے”واللہ!ہم نے یہ منصب امیرالمومنین سے مانگانہیں تھا بلکہ انہوں نے خودزبردستی یہ کام ہمارے سپرداس شرط پرکیاتھاکہ وہ یااُن کاکوئی اہلکارعدالت کے کام میں مداخلت نہیں کرے گا۔آج یہ مداخلت ہوئی ہے۔لہٰذایہ منصب ابھی اوراسی وقت واپس جاکرامیرالمومنین کولوٹادوں گا۔جب گورنرکومعلوم ہواکہ قاضی شریک امیر المومنین مہدی کے پاس بغداد واپس جارہے ہیں تواس نے قاضی صاحب کوراستے میں جالیااورلگامنت سماجت کرنے اوراُن سے کہاکہ آپ اپنے فرائض پہلے کی طرح ادا کرتے رہیں۔قاضی نے کہاکہ جب تک وہ سارے افرادجیل نہ پہنچادئیے جائیں جوتم نے گزشتہ شب زبردستی جیل سے رہاکروائے تھے اس وقت تک میں واپس نہیں جاؤں گا۔گورنرنے اسی وقت اُن سب لوگوں کوجیل میں پہنچانے کے احکامات جاری کئے۔

قاضی نے اہلکارکوحکم دیاکہ گورنرکے گھوڑے کی لگام پکڑواور انہیں میرے پاس میری عدالتی کٹہرے میں حاضرکرو۔جب دوبارہ عدالت لگی تو قاضی نے گورنر سے پوچھاکہ خاتون نے جودعویٰ دائرکیاہے اس کے بارے میں آپ کیاکہتے ہیں۔گورنرنے جواب دیا۔یہ بالکل درست کہتی ہے۔قاضی نے حکم دیاکہ آپ نے جودیوارگرائی ہے ویسی ہی نئی دیواربنوادیجئے اورآئندہ اس خاتون کوبالکل تنگ نہ کیجئے۔بڑھیایہ فیصلہ سن کرقاضی کودعائیں دیتی چلی گئی۔اسلامی تاریخ عدل وانصاف کے اس واقعے میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ منصب کتنابڑاہی کیوں نہ ہو،وہ عدالت کے سامنے جوابدہ ہے۔نیزانتظامیہ کوعدالتی معاملات میں مداخلت کاہرگزکوئی حق نہیں۔نیز انتظامیہ کوعدالتی معاملات میں مداخلت کاہرگزکوئی حق نہیں۔عدلیہ کوانتظامیہ سے الگ کرنے کاجوعظیم کارنامہ خلیفۂ ثانی حضرت عمربن خطاب نے انجام دیاتھااسے انسانی حقوق اورقانون کی حکمرانی کے موضوع پرلکھی جانے والی کتابوں میں سنہری حروف سے لکھاجاتاہے اورمغرب میں بھی اُن کے اس عظیم کارنامے کااعتراف کیاجاتاہے۔

قیام پاکستان کے بعد سے ملک کی سیاست میں بہت سے نشیب وفرازآئے،کبھی ملک پرجمہوری حکمرانوں نے حکومت کی توکبھی کئی سالوں تک ملک کو فوجی آمریت بھی سہناپڑی۔ملک کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے جہاں متعددسیاسی جماعتوں نے اپنا کردار اداکرنے کی کوشش کی وہیں آمربھی ترقی کے بلندو بانگ دعوے کرتے نظرآئے۔یقیناًمیری طرح آپ سب بھی جانتے ہیں کہ مسنداقتدار کیلئے ہمارے حکمران کیاکیاپاپڑبیلتے ہیں اورعوام ان کی چکنی چپڑی باتوں پریقین کرکے ان پرمحض اس لئے اعتمادکرلیتے ہیں کہ شائدہماری زندگی میں کوئی ایسی تبدیلی آجائے جس کیلئے پچھلی سات دہائیوں سے ہم دھکے کھارہے ہیں لیکن ہم جیسے دل جلوں کے ڈھول پیٹنے پران کی آنکھیں اس وقت کھلتی ہیں جب ڈھول بجانے والوں کے ہاتھ شل ہوچکے ہوتے ہیں یاان کے ہاتھ قلم کردیئے جاتے ہیں۔

عمران خان نے اقتدارکے حصول کیلئے مدینہ ریاست کانعرہ لگاتے ہوئے ملک میں نوجوان اورمتوسط طبقے کی قیادت کوسامنے لانے،ملک میں تعلیم اورصحت کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک سے کرپشن کے خاتمے کے عزم کااظہارکیاتھالیکن ملک کااقتدارسنبھالتے ہی وہ اقدامات کئے جوان کے برسوں میں کیے گئے اعلانات اوربیانات سے متصادم تھت،اورناقدین کے جواب میں عمران نے خودتسلیم کیاکہ ملک وقوم کے مفادمیں انہوں نے جان بوجھ کریوٹرن لیاکیونکہ یوٹرن نہ لینے والاکبھی کامیاب لیڈرنہیں ہوتا،تاریخ میں نپولین اورہٹلرنے یوٹرن نہ لیکرتاریخی شکست کھائی۔کیاوہ میرے آقاﷺکایہ فرمان بھول گئے کہ مومن کی فطرت میں اور اُس کی طبیعت میں ہر خصلت کی گنجائش ہے سوائے جھوٹ اور خیانت کے، حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہےکہ ﷺنے فرمایا:”کہ جب بندہ جھوٹ بولتا ہے تو فرشتہ اس کے جھوٹ کی بدبو کی وجہ سے ایک میل دور چلا جاتا ہے”۔

قرضہ نہیں لوں گا مگرآئی ایم ایف سمیت متعدد سے قرض لیااوراب بھی ان کے پاؤں پکڑکرمزیدقرضے کیلئے منت سماجت کی جارہی ہے۔ پٹرول،گیس،بجلی سستی کروں گالیکن اب ان کی قیمتوں میں کئی گنااضافہ کردیاگیاہے۔جس میٹروکوجنگلہ بس سے تشبیہ دیکر مخالفین پرپتھربرساتے رہے،اقتدارمیں آتے ہی میٹرو کودگنے بجٹ میں مکمل کیا۔ڈالرمہنگانہیں کروں گالیکن روپے کی قیمت 48فیصد گراکرملک پرقرضوں کابوجھ مزیدبڑھادیا۔ہندوستان سے دوستی نہیں کروں گا لیکن مودی کوانتخاب میں فتح دلوانے کیلئے وطن عزیزپر حملہ کرنے والے پائلٹ کورہاکردیا۔ٹیکس ایمنسٹی اسکیم نہیں دوں گا،آزادامیدواروں کونہیں لوں گا، سیکیورٹی اورپروٹوکول نہیں لوں گا، وزیراعظم کولائبریری اورگورنرہاؤس پربلڈوزرچلاؤں گا،بہت مجبوری میں غیرملکی دورے کروں گااورمفت سرکاری حج عمرے سے گریزکروں گا،کیاان پرکسی تبصرے کی ضرورت ہے۔

یادرکھیں یہ ملک اللہ تعالیٰ کے نام پربناہے اورہمارے آئین میں بھی اللہ کوسپریم طاقت ماناگیاہے اوراللہ کے ہاں توکسی کوبھی استثنیٰ حاصل نہیں توآپ کس قانون کے تحت مستثنیٰ ہیں؟درحقیقت پاکستان کی خدمت اسلام کی خدمت ہے۔اسلام اورپاکستان لازم وملزوم ہیں ۔مسجدکی تعمیرکیلئے بھی کوئی ٹکڑالیاجائے تووہ متبرک ہوجاتاہے اورپاکستان کاحصول تواللہ کے نام پرتھا۔لاکھوں قربانیاں دینے کامقصدپاکستان کواسلام کاقلعہ بنانامقصودتھااورپھراسلام کیلئے ان محافظین کی ضرورت ہوتی ہے جوخالصتاًدیانتداری،ایمانداری کے جذبے سے سرشارہوں اورجب یہ جذبہ ہرسطح پرپھیل جاتا ہے تومعاملات خودبخود درستی کی طرف آ جاتے ہیں۔حضرت عمرؓنے قیصر وکسریٰ کی ریاستوں کاحکمران ہونے کے باوجودانتہائی سادہ زندگی گزارتے تھے۔اس زمانے میں کوئی وی وی آئی پی پروٹوکول نہ تھا۔حضرت عمرؓ کیلئے سفرمیں خیمہ وخرگاہ کااہتمام نہیں ہوتاتھا۔سفرشام میں جب آپ بیت المقدس کے پاس پہنچے تومسلمانوں نے اس خیال سے کہ عیسائی حکمران آپ کوسادہ حالت میں دیکھ کرکیاکہیں گے،ترکی گھوڑااورقیمتی لباس پیش کیالیکن آپ نے قبول کرنے سے انکارکرتے ہوئے فرمایاکہ اللہ نے ہمیں جو عزت دی ہے،وہ اسلام کی عزت ہے اوروہی ہمارے لئے کافی ہے۔کسی بھی معاشرے میں عزت کامعیارپروٹوکول اوربے اندازہ دولت اکٹھی کرنے میں نہیں ہے بلکہ اس معاشرے میں عوام کی طرززندگی سے ہے کہ وہ کس اندازمیں زندگی گزاررہے ہیں۔عوام کیلئے دردل رکھناگویاپاکستان کی عزت کرناہے کیونکہ لوگوں نے بے انتہا قربانیوں سے پاکستان حاصل کیااوران قربانیوں کانتیجہ ان کے بھرپور حقوق کی ادائیگی سے ہے۔سانس لینے کانام آزادی نہیں ہے۔
آزادی تومعاشی اورمعاشرتی تفکرات سے آزادی کانام ہے اوراس آزادی کا تحفظ یوٹرن سے نہیں کیاجاسکتا۔

لیکن ہمارامعاملہ عجیب ہے۔ہماراحال یہ ہے کہ”تمنابرق کی رکھتاہوں اورافسوس حاصل کا”۔سمجھانے والے سمجھاتے رہ جائیں۔راہ دکھانے والے راہ دکھاتے رہ جائیں۔ہم کسی کی کب سنتے ہیں۔ہم کہ عقل کل ٹھہرے،کب کسی کی مانتے ہیں۔ہم اللہ کومانتے ہیں لیکن نہ اس کے دین کومانتے ہیں نہ

“يَوْمِ الدِّينِ”

سے ڈرتے ہیں۔ہم قرآن کی تلاوت کرتے ہیں،لیکن اس سے ہدایت نہیں لیتے۔ہم نبی کریمﷺ سے محبت کرتے ہیں،لیکن ان کی اطاعت نہیں کرتے۔ہم اپنے آپ کواعتدال پسند،روشن خیال اورجمہوریت کے شیدائی کہتے نہیں تھکتے، لیکن اپنے رویوں میں انتہاپسندی،تاریک خیالی،اورآمریت کامظاہرہ کرتے ہیں۔ پارلیمنٹ کوسپریم ادارہ کہتے ہوئے اپنی اکثریت کے بل بوتے پرخودکوہرعدالت سے استثنیٰ قراردیتے ہیں۔کیاان اعمال کی بناء پر ریاست مدینہ بنانے کاخواب پورا ہوسکتاہے؟

اپنا تبصرہ بھیجیں