دنیاکے سیاسی افق پرکچھ خطے ایسے ہوتے ہیں جوتاریخ کے ہرموڑپرآزمائش کی بھٹی میں تپتے ہیں۔جنوبی ایشیاانہی سرزمینوں میں سے ایک ہے،جہاں سرحدیں فقط جغرافیے کی لکیرنہیں بلکہ نظریات،عقائداوراحساسات کی خونچکاں تاریخ کااستعارہ بن چکی ہیں۔ایسے میں جب ایک ریاست کامتعصب اور شدت پسندسربراہ،جس کے ہاتھ میں ایٹمی بٹن بھی ہے اوراقتدار کا زعم بھی،اپنے سیاسی جلسے میں کروڑوں پاکستانیوں کے”گولی سے اڑادینے”کی کھلی دھمکی دے،توسوال صرف اخلاقیات یاسفارت کانہیں رہتا — بلکہ یہ انسانی تہذیب کے اجتماعی شعور، بین الاقوامی قوانین،اورعالمی اداروں کی بقاکاسوال بن جاتاہے۔
مودی کایہ حالیہ بیان،جوگجرات کی زمین پرگونجا،محض ایک انتخابی نعرہ نہیں بلکہ ایک نظریاتی جنون کااظہارہے—ایک ایسا جنون جواپنی ہی تاریخ کے آئینے میں شرمندہ نظرآتاہے،مگراپنے آس پاس کے دشمنوں پرللکارکے ذریعے خودکوزندہ رکھنے کی کوشش کرتاہے مگریہ للکاراب ہنسی میں نہیں اڑائی جاسکتی کیونکہ یہ اس خطے میں بسنے والے دوایٹمی طاقتوں کے کروڑوں انسانوں کے مستقبل کوجھونکنے کی ایک شعوری کوشش ہے۔
مودی کی گجرات کے ایک جلسے میں پاکستان کے شہریوں کوگولیوں سے اڑانے کی دھمکی نے نہ صرف بین الاقوامی سفارتی آداب کی کھلم کھلاخلاف ورزی کی ہے بلکہ ایک ایسے ذہنی پس منظرکوآشکارکیاہے جوخطے میں امن کے امکانات کوزائل کرنے میں مصروف ہے۔یہ دھمکی،جواخلاقیات اورانسانی حقوق کے اصولوں کے برعکس ہے،نہ صرف ایک جنگی جنون کی علامت ہے بلکہ اس سے بھارت کی داخلی سیاسی صورتِ حال کابھی پتہ چلتاہے جس میں جارحیت کوسیاسی سرمایہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔یہ بیان،جوانسانی اقدارکے منافی ہے ،ایک ایسے ذہن کی ترجمانی کرتاہے جوجارحیت اورتفرقہ اندازی میں یقین رکھتا ہے، اورجوخطے کی سلامتی واستحکام کیلئےشدید خطرہ ہے۔
دراصل مودی کے حالیہ متشددبیان کے پیچھے اس کاشکست خوردہ ضمیراسے مکاری کے سفرکی طرف لے گیاجہاں وہ ووٹوں کیلئے بڑھکیں مارکردجل و فریب سے کام لے رہاتھاکیونکہ ایک عالم جان چکاہے کہ دردیارِہند،جہاں غرورِقوم پرستی کاشعلہ ایوانوں میں بلندہوتاہے اوردہلی کے ایوانِ اقتدارمیں تکبر،جاہ ومنصب کالباس پہنے بیٹھاہے،وہاں رافیل نامی وہ پرندے،جن پر خزانۂ ملت کے خزف وگوہرلٹائے گئے،طیارۂ تقدیرکے دوش پرپاکستان کے جواں ہمت صاعقہ برداروں کے سامنے خاک وخون میں گِر گئے۔جب رافیل کی شکست پرفرانس کی کمپنی نے تین پرندوں کی ہلاکت کااقرارکیا،تودہلی کی فصیلِ غرورپرایساسناٹاطاری ہوا، گویا آگرہ کے قلعۂ لال پرسیاہ پرچم لہرانہیں بلکہ آنسوبہارہاہو۔
وہی ایئرمارشل اے کے بھارتی،جن کے بیانات سے پیشتربادل گرجتے تھے،اب کہنے لگے کہ“جنگ میں نقصان معمول ہے”— گویاشکست کوسبکی میں ملفوف کرکے پیش کیاجائے،اور خون کے رسنے کولفظوں کے رومال سے چھپایاجائے مگرتاریخ کی نگاہ تیزہے،وہ زخم دیکھ لیتی ہے،وہ چیخ سن لیتی ہے۔پاکستانی شاہین،جن کی پروازپاک سرزمین کے افق تک محدودرہی، مگر جن کے فولادی تیردشمن کی فضاؤں کوکاٹتے ہوئے عبرت کانشان بنے،محض عسکری چابک دستی نہ تھے،بلکہ پاک وچین کے باہمی تدبرکامجسمہ بنے۔اس معرکہ کی جیت،پاکستان کی ہمت سہی نہیں بلکہ چین کی تجارتی حکمت اورعسکری فن کاغیراعلانیہ اعلان تھی۔
دراصل مودی کے شعلہ اگلتے ہوئے بیان کی ایک وجہ یہ بھی ہے جب سیزفائرکی راکھ میں چینی حکمت نے ایک چنگاری رکھی—جب بھارت کی توجہ مغرب میں پاکستان پرتھی،بیجنگ نے مشرق میں اروناچل پردیش کے۲۷مقامات کے نام،چینی وتبتی زبان میں بدل کریہ پیغام دیاکہ“نقشے فقط کاغذپر نہیں بنتے،وہ ذہنوں،دعووں اورقوتِ ارادہ میں نقش ہوتے ہیں”۔یہ تبدیلی فقط زبان کی تکرارنہ تھی،بلکہ زمین کی ملکیت کاادبی اعلان تھااورجب بھارت نے مشرق کی جانب نظرکی،تووہاں پہاڑوں کے نام بدلے جا چکے تھے، وادیاں بیگانہ ہوچکی تھیں،اور نقشہ،اُس کااپنانہ رہاتھا۔
بھارت کی تینوں سمتوں پرتین دیواریں—چین،پاکستان،نیپال—تناؤکی تین چٹانیں،جن میں ہندوستان ایک فریب زدہ خواب کی مانند محصورہوچکا ہے۔نیپال،چھوٹاسہی،مگراس کی خودداری نے بھارتی غرورکے قلعے میں دراڑیں ڈال دیں۔پاکستان،جواب صرف فوجی نہیں بلکہ فکری قوت بھی ہےاورچین،جس کی طاقت صرف عسکری نہیں بلکہ تمدنی بھی ہے۔یہ ایسے ہے ،جیسے ایک کمزورپروانہ تین شیروں کی کمین گاہوں میں جاگرے،اور سمجھے کہ یہ رات کابادل ہے،جس سے سلامت گزرجائے گا۔بس یہی شکست خوردہ مودی کی حالت ہوچکی ہے۔
مودی کے اس بیان کاپس منظرایک نہایت پیچیدہ اورکشیدہ خطے میں ہے،جہاں بھارت اورپاکستان کے مابین فضائی جھڑپیں، سرحدی کشیدگی،اورنفسیاتی جنگ جاری ہے۔گزشتہ دنوں بھارتی فضائیہ کے فرانسیسی ساختہ رافیل طیاروں کی تباہی،پاکستان کی عسکری حکمت عملی اورپاک چین تعاون کی بدولت، بھارت کی عسکری اورسیاسی حالت کوایک نئے سنگ میل پر لے گئی ہے۔
مودی کی دھمکی اسی تناظرمیں سامنے آئی ہے،جہاں ایک طرف بھارت نے سرتاج کی طرح اپنی عسکری طاقت کامظاہرہ کرنے کی ناکام کوشش میں بری طرح منہ کی کھائی ہے اورجہاں عالمی طورپرشرمندگی کاسامناکرناپڑاہے وہاں دوسری طرف،بھارت کی داخلی اورخارجی پالیسیوں میں شدیدالجھن اور عدم استحکام کی جھلک بھی نظرآتی ہے۔
مودی کے اس جارحانہ بیان کاپس منظرایک ایسے خطے میں ہے جہاں کشیدگی عروج پرہے اورحالیہ دنوں میں بھارت اورپاکستان کے مابین فضائی جھڑپیں اورمیزائلوں کی بازگشت سنی گئی ہے۔بھارت نے اس دوران عام طورپرایک خاموشی کامظاہرہ اس لئے کیاگیاکہ مودی کوپاکستان کی طرف سے ایسے جواب کاقطعی اندازہ ہی نہیں تھامگرمودی کی اس تازہ تقریرنے اس خاموشی کی نقاب کشائی کردی ہے اوربے لاگ جارحانہ بیانیہ سامنے لادیاہے۔یہ تضاد،خاموشی اوردھمکی کے درمیان،بین الاقوامی سیاست میں ایک پراناالمیہ ہے۔کیاخاموشی واقعی فتح کی علامت ہے یایہ شکست کاپردہ ہے؟
عالمی سیاست میں خاموشی کواکثرحکمت اورصبرکی علامت سمجھاجاتاہے،لیکن تاریخ اس بات کابھی درس دیتی ہے کہ حکمت صرف اسی وقت کامیاب ہوتی ہے جب وہ بروقت ہو، مناسب ہواورمثبت نتائج دے۔اگردشمن تمہاری حدودمیں گھس آئے اورتم زبان سے بھی جواب نہ دے سکوتویہ خاموشی حکمت نہیں،بزدلی کے سواکچھ نہیں۔مودی کےبیان سے قبل،بھارت نے چینی فوج کی سرحدی پیش قدمیوں کے سامنے توہمیشہ خاموشی اختیارکی،جو حکمتِ عملی کی بجائے خوف اورغیریقینی کی علامت تھی۔اس کے برعکس،پاکستان نے اپنی عسکری کارروائیوں اورسفارتی حکمت عملیوں سے خطے میں اپنامقام مستحکم کیاجبکہ چین نے اپنے جغرافیائی دعووں کوعملی جامہ پہناکرخطے کی سیاست میں نئی جہتیں پیداکیں۔
تاریخ نے ہمیں بارہاسکھایاہے کہ حکمت صرف تب ہوتی ہے جب وقت کی نزاکت کوسمجھ کرجواب دیاجائے،اوروہ جواب فتح کی جانب لے جائے۔ سفارتی خاموشی کواکثرطاقت کی علامت تصورکیاجاتاہے،لیکن جب یہ خاموشی دشمن کے سامنے گھبراہٹ اور نااہلی کی شکل اختیارکرلے توپھریہ بہادری کے بجائے بزدلی کے سواکچھ نہیں۔
بھارت کی جانب سے چین کی سرحدی پیش قدمیوں اورسرحدپارداخلوں پرجوردعمل نظرآیا،وہ اس بات کاثبوت ہے کہ اس خاموشی کے پیچھے کمزوری اور حکمت کی کمی ہے۔جبکہ پاکستان کے خلاف ہروقت جارحانہ بیانات دینے والے بھارتی میڈیااورعسکری حلقے چین کے خلاف مکمل طورپرخاموش ہیں،جو ان کے فکری الجھن اورحکمت کی کمی کوظاہرکرتاہے۔
بھارتی سیاسی نظریہ اورحکمت عملی میں جہاں قدیم سیاسی مصلحتوں کارنگ غالب نظرآتاہے وہاں چانکیہ کے اصولوں کی جھلک نمایاں ہے،جہاں طاقتورکی فوری تعظیم اوراس کوفوراًخدامان کرسجدہ کیاجاتاہے اورکمزورکی بے دریغ تنقیدشامل ہے،اوراس کو بلاتوقف توڑاجاتاہے۔اس اصول پرچلتے ہوئے بھارت اپنے خداؤں کی تعدادمیں بے شماردیوتارکھتاہے،جن میں چوہے اور سانپ بھی شامل ہیں،مگرجب یہ دیوتاکمزورپڑتے ہیں توان کے پجاری انہیں بے دردی سے توڑپھوڑنے میں دیرنہیں کرتے۔یہی وجہ ہے کہ بھارت کامذہبی وسیاسی منظرنامہ بظاہر متضاد اورالجھاہواہے—جہاں خداؤں کی تعدادکروڑوں میں ہے،مگرہروقت اپنے ہی دیوتاؤں کے پجاری ان کے خلاف بھی نکلنے کوتیاررہتے ہیں۔
مودی کی طرف سے رافیل طیاروں کی ناکامی کے باوجودان کے دفاع میں مذہبی رسومات اورپوجاکاسہارالینااس مصلحت کی عکاسی کرتاہے،جوطاقت کے خُداؤں کے سامنے جھکاؤ اور اندرونی کمزوری کی داستان سناتاہے۔مودی کے زیراستعمال“رافیل” جنگی طیاروں کی پوجا،اوران کے جنگی ناکامیوں کے باوجود اس رسومات کوعالمی میڈیاپردکھایاجانا،اس داخلی تضادکاعکاس ہے جوبھارتی معاشرے میں طاقت اورکمزوری،عقل اورجہالت کے بیچ جھول رہاہے۔
مودی کے متعصبانہ جارحانہ بیانات نہ صرف پاکستان کے ساتھ تعلقات کوزہرآلود کرتے ہیں بلکہ پورے خطے اورجنوبی ایشیامیں عدم استحکام کے اندیشے کوبڑھادیتے ہیں۔پاکستان اورچین کی جانب سے دکھائی جانے والی صبرو تحمل اورحکمت عملی بھارت کی جارحیت کے مقابلے میں ایک پختہ حکمت عملی کی نشاندہی کرتی ہے،جومشرقی ایشیا میں طاقت کے توازن کوبدل رہی ہے۔ اوردوسری طرف وہ خطے میں طاقت کے توازن کوتبدیل کررہی ہے،اوربھارت کوسیاسی اورسفارتی محاذوں پرتنہاکررہی ہے۔ مودی کی دھمکیوں کے نتیجے میں بھارت عالمی سطح پر بھی خودکوتنہاکررہاہے،جہاں امن وتعاون کے تقاضے بڑھتے جارہے ہیں۔مودی کی دھمکیوں نے عالمی برادری میں بھارت کی ساکھ کونقصان پہنچایاہے،جہاں اب امن،تعاون اورمعاشی ترقی کیلئے تعاون کی ضرورت بڑھ رہی ہے۔
مودی کاپاکستان کے شہریوں کوگولیوں سے اڑانے کی دھمکی دینانہ صرف اخلاقی،قانونی اورسفارتی اصولوں اورآداب کی سنگین خلاف ورزی اورپامالی ہے بلکہ یہ عالمی انسانی حقوق کی تشویشناک صورت حال کی بھی نمائندگی کرتاہے۔اس قسم کے بیانات دنیا کے امن پسندطبقات میں گہرے خدشات کاباعث ہیں،اوراس سے خطے میں انسانی المیہ کے امکانات مزیدبڑھ جاتے ہیں۔
مودی کی تقریرنے بھارت کی حکمت عملی پرسوالیہ نشان لگادیاہے۔کیایہ جارحیت واقعی حکمت کی علامت ہے یاحماقت کی؟یاپھریہ محض ایک غصے اور کمزوری کااظہارہے؟تاریخ بتاتی ہے کہ حکمت وہی ہوتی ہے جونہ صرف زبانی ہوبلکہ عملی طورپرمسائل کا حل نکالے اوردیرپاامن کی بنیادرکھے۔
پاکستان اورچین نے ایک ایسی حکمت عملی اپنائی ہے جوخاموشی میں طاقتورہے،جہاں صرف توپوں کی گڑگڑاہٹ نہیں بلکہ سیاسی، اقتصادی اورنفسیاتی محاذوں پربھی کامیابی حاصل کی گئی ہے۔اسی حکمت کی وجہ سے پاک چین تعلقات آج خطے کے امن اور استحکام کیلئےستون کی حیثیت رکھتے ہیں۔
اس ساری کشیدگی میں اسرائیل کاکردارایک نیااورنہایت نازک موڑہے۔معتبراطلاعات کے مطابق،بھارت میں موجوداسرائیلی عسکری ماہرین نے ہاروپ ڈرونزکوآپریٹ کیا،اورپاکستانی میزائل حملے میں وہ نشانہ بنے۔یہ پہلواس جنگ کوصرف پاک-بھارت تنازعہ نہیں رہنے دیتابلکہ اسے بین الاقوامی عسکری شطرنج کاحصہ بنادیتاہے،جس میں امریکا،اسرائیل،اوربھارت ایک طرف ہیں—اورپاکستان ،چین،اورخطے کے مقتدرامن پسند عوام دوسری طرف۔
اسرائیلی آپریٹرزکی موجودگی اورحملے کی حقیقت آشکارہونے کے بعد—کیااسرائیل بھی اس جنگ کافریق بن چکاہے؟یہ نکتہ اس پوری کشیدگی کاسب سے اہم اورحساس پہلوہے۔معتبرذرائع کے مطابق،بھارت نے اسرائیل سے”ہاروپ”خودکش ڈرون حاصل کیے جنہیں کنٹرول کرنے کیلئےدرجنوں اسرائیلی عسکری ماہرین بھارتی بیسزپرموجودتھے۔پاکستان کی جوابی کارروائی میں ایک ایسا بیس نشانہ بناجس میں ان اسرائیلی آپریٹرزکی موجودگی رپورٹ ہوئی—اوراسی حملے میں ان کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئیں۔
غیرسرکاری اطلاعات کے مطابق اسرائیلی آپریٹرزکی لاشیں خفیہ طورپرتابوتوں میں بھارت سے اسرائیل منتقل کی گئیں۔اسرائیل اور بھارت دونوں نے اس خبرکودبانے کی کوشش کی۔جب پاکستان کی طرف سے اسرائیل کی براہ راست مداخلت کوحملے کاجوازبناکر جوابی کارروائی کافیصلہ کرلیاگیاجوکہ عالمی قوانین کے مطابق پاکستان کاجائزجوابی حق ہے۔یہی وہ نکتہ تھاجس پرامریکا،جو ابتدا میں اس جنگ سے “لاتعلق”نظرآرہاتھا،اچانک سیزفائرکیلئےمتحرک ہوگیا۔اس ساری صورتحال نے اس جنگ کوصرف بھارت اورپاکستان کے درمیان تنازع نہیں رہنے دیا،بلکہ اسے عالمی جنگی طاقتوں کے درمیان (پراکسی) نیابتی جنگ کاآغازقراردیاجانے لگاجس کوروکناامریکاکی اپنی بقاءکیلئے ضروری ہوگیاتھا۔
ٹرمپ نے پہلے سیزفائرکی کوششوں کے تحت ایک”بظاہرغیرجانبدار”کرداراداکرنے کی کوشش کی۔تاہم ان کی خاموشی—بلکہ بے نیازی—مودی کے حالیہ جارحانہ بیانات پرجہاں کئی اہم سوالات کوجنم دیتی ہے وہاں ٹرمپ کی ثالثی اوراس پرسوالیہ نشان مزید گہرے ہوگئے ہیں۔اگرامریکاواقعی امن کا خواہاں ہے توکیاوہ مودی کی اس دھمکی کی مذمت کرے گا؟اگروہ خاموش رہتاہے توکیایہ اس بات کاثبوت نہیں کہ امریکادرپردہ بھارت کوتحفظ دے رہا ہے؟
کیایہ سچ ہے کہ سیزفائرکی آڑمیں امریکانے بھارت اوراسرائیل کوعسکری شکست سے بچانے کی کوشش کی تھی؟سفارتی ذرائع اور کچھ عسکری تجزیہ کاروں کے مطابق،سیزفائرسے قبل بھارتی فضائیہ اوراسرائیلی ٹیکنالوجی کوبدترین نقصان کاسامناکرناپڑا،اوریہ اندیشہ بڑھ گیاتھاکہ پاکستان،بھارت کے ساتھ ساتھ اسرائیل کی جارحیت کابھی جواب دے گا۔ایسے میں امریکی مداخلت کا مقصدنہ امن تھانہ مصالحت—بلکہ بھارت اوراسرائیل کومزیدرسوائی سے بچاناتھا۔
اگرٹرمپ انتظامیہ واقعی غیرجانبدارہوتی تومودی کے بیانات پرنہ صرف ناراضی کااظہارکرتی بلکہ دفاعی وسفارتی سطح پر کارروائی بھی کرتی۔مگراس کی خاموشی عالمی برادری میں امریکی پالیسی پرعدم اعتمادکوجنم دے رہی ہے،اورمسلمان ممالک میں یہ تاثرگہراہوتاجارہاہے کہ امریکا”امن”کے نام پر صرف اپنے اتحادیوں کوبچانے کی حکمت عملی پرگامزن ہے۔اوریہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سیزفائرکی اصل نیت بھارت اوراسرائیل کی عسکری ہزیمت پرپردہ ڈالناتھا۔
اب جبکہ مودی ایک بارپھردھمکیوں پراترآیاہے،یہ سوال شدت سے اُبھررہاہے کہ کیاخطے میں ایک نئی جنگ چھڑنے والی ہے؟کیا اسرائیل ایک بارپھر بھارت کے ذریعے جنوبی ایشیا میں دخل اندازی کرے گا؟اورکیاامریکادوبارہ کسی”نام نہادثالثی”کے پردے میں اسرائیل اوربھارت کوبچانے کی کوشش کرے گا؟مودی کی دھمکی کے بعداگرامریکانے اب بھی خاموشی اختیارکی تویہ شک نہیں، بلکہ یقین میں بدل جائے گاکہ امن کی ثالثی محض سفارتی چال تھی—جس کامقصدبھارت کومزید رسوائی سے بچاناتھا۔
اقوامِ متحدہ اورانسانی حقوق کی تنظیمیں جن کے دفتروں کی دیواروں پرانسانیت کے عظیم اصول آویزاں ہیں،وہ مودی کے ان بیانات پریاتوخاموش ہیں یاایسے دیکھ رہی ہیں جیسے کسی ناول کے کردارجومکالمہ نہیں، فقط تماشاکرتے ہیں۔حالانکہ اقوام متحدہ کے چارٹرکی شق2(4)واضح طورپرکسی بھی ملک کودوسرے ملک کے خلاف طاقت یااس کی دھمکی سے بازرہنے کاپابند بناتی ہے۔ مگریہاں سوال اخلاقی جرات کاہے—اورتاریخ گواہ ہے کہ طاقتورکے خلاف زبان کھولناہمیشہ کمزوردلوں کے بس کی بات نہیں رہی۔
اگریہ بات دنیاکے سامنے پوری صداقت کے ساتھ لائی جاتی ہے تویہ صرف مودی کانہیں،بلکہ اسرائیل کے عسکری جنون اور امریکی خاموشی کا بھی پردہ چاک کرنے کالمحہ ہوگا۔اس سے قبل کہ اسرائیل کی مداخلت—جنگ کانیامحاذ کھول دے تواس وقت تک بہت دیرہوجائے گی اوراس جنگ کو سنبھالناکسی کے بس میں نہ ہوگا۔
جب دشمن کھلی دھمکی دے اوردنیاخاموش رہے،توخاموشی کاتقاضہ یامزاحمت کابھرپورمظاہرہ اس لئے ضروری ہے کہ یہ خاموشی فقط حکمت نہیں بلکہ بزدلی کی چادراوڑھے ہوئے ظلم کی خاموش ساتھی بن جاتی ہے۔پاکستان،جس نے ہمیشہ امن کی بات کی،اورعالمی سطح پرسفارتی وقارکے ساتھ اپنے اصولی موقف کواجاگرکیا—سوال یہ ہے کیاعالمی برادری مودی کی دھمکیوں پر نوٹس لے سکتی ہے؟
مودی کی جانب سے پاکستانی شہریوں کوگولیوں سے اڑانے کی کھلی دھمکی بین الاقوامی قوانین،اقوام متحدہ کے منشور،اوربنیادی انسانی حقوق کے تمام معیارات کی صریح خلاف ورزی ہے۔یہ بیان کسی سیاسی اختلاف کا اظہار نہیں بلکہ ایک ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ملک کی جانب سے دوسرے ملک کے شہریوں کے خلاف نسلی وریاستی دہشتگردی کاکھلااعلان ہے۔اقوامِ متحدہ کے چارٹرکی شق2(4)ہرملک کواس بات سے روکتی ہے کہ وہ کسی دوسرے ملک کے خلاف طاقت کے استعمال کی دھمکی دے۔اسی طرح انسانی حقوق کاعالمی اعلامیہ اورجنیوا کنونشنزبھی اس قسم کے بیانات کونسل کشی،اشتعال انگیزی اورجنگی جرائم کے زمرے میں شمارکرتے ہیں۔
تاہم سوال یہ ہے:کیااقوام عالم ایسے بیانات پرکوئی عملی قدم اٹھائیں گی؟ماضی کاتجربہ بتاتاہے کہ جب ایسے جارحانہ بیانات کسی بڑے تجارتی یادفاعی اتحادی ملک کی جانب سے آتے ہیں—جیسے بھارت امریکا،اسرائیل اوریورپی طاقتوں کے ساتھ ہے—تو “عالمی ضمیر”اکثرمصلحت کاشکارہوجاتاہے۔اس کے باوجوداقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں اس معاملے کو اٹھایاجاسکتاہے۔انسانی حقوق کی تنظیمیں اس پررپورٹس جاری کرسکتی ہیں۔ یورپی پارلیمنٹ میں قراردادپیش کی جاسکتی ہے۔عالمی عدالتِ انصاف میں اسے جنگی نفرت انگیزی قراردیاجاسکتاہے لیکن اس سب کیلئےپاکستانی سفارت کاری،میڈیا،اورسول سوسائٹی کو فوری،متحداورسنجیدہ کوشش کرنی ہوگی تاکہ عالمی رائے عامہ کومودی کے جنگی جنون سے آگاہ کیاجاسکے۔عالمی میڈیامیں مودی کے بیانات کوجنگی اشتعال انگیزی کے طورپرپیش کرے اورسب سے بڑھ کر،قوم کے اندرسیاسی استحکام،یکجہتی،اورداخلی ہم آہنگی کوفروغ دے تاکہ ہردھمکی،ہروار، ہر حملہ—صرف قوم کی یکجہتی سے ہی پسپاہو۔
مودی کے حالیہ بیانات محض انتخابی جلسوں کی لفاظی نہیں بلکہ خطے کے امن کوتہہ وبالا کرنے والاذہنی ونظریاتی خاکہ ہے۔اقوامِ عالم کواگرواقعی خطے میں امن عزیزہے،توانہیں اس اشتعال انگیزی کانوٹس لیناہوگا،ورنہ ایٹمی ہتھیاروں سے لیس یہ دوممالک اگر جنگ کی جانب بڑھتے ہیں تواس کا ایندھن صرف جنوبی ایشیا نہیں بلکہ ساری دنیابن سکتی ہے۔
پاکستان کوچاہیے کہ سفارتی سطح پرمودی کے بیانات کواقوامِ متحدہ،اوآئی سی،یورپی یونین اورعالمی میڈیاکے سامنے بھرپورانداز میں اٹھائے۔اسی طرح امریکا،اسرائیل اوربھارت کے درپردہ گٹھ جوڑکوبے نقاب کرکے دنیاکوبتایاجائے کہ یہ”امن کی ثالثی”نہیں بلکہ”جنگی جرائم پرپردہ ڈالنے”کی کوشش ہے۔
مستقبل کی راہ میں جارحیت اورنفرت کی بجائے حکمت،تحمل اورسفارتی آداب کواپناناضروری ہے۔سیاسی قائدانہ صلاحیت اسی میں ہے کہ کشیدگی کوکم کیاجائے،بات چیت کے دروازے کھلے رکھے جائیں اورخطے کی بھلائی کیلئےمشترکہ حل تلاش کیے جائیں۔
مودی کے دھمکی آمیزالفاظ شایدعارضی طورپرقومی جذبے کوجلابخشیں،مگرتاریخ انہیں یادرکھے گی یاتوطاقت کی علامت کے طورپریاایک ایسی دھنک کے طورپرجوطوفان کے بعدغائب ہوجاتی ہے۔خاموشی تب ہی سنہری ہوتی ہے جب وہ طاقت کی علامت ہو،ورنہ وہ زوال کی پیشگی خبرہوتی ہے اورکسی بھی ملک کی خودداری یاسلامتی کیلئےنقصان دہ ہے۔
٭ بین الاقوامی برادری کوچاہیے کہ وہ بھارت کوسفارتی اوراخلاقی طورپرجوابدہ بنائے۔اقوام متحدہ اوردیگرعالمی فورمزپر ایسے بیانات کی مذمت اورامن کے فروغ کیلئےمشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے۔
٭ اب اقوام عالم کی ذمہ داری اورایک بڑاامتحان ہے کہ وہ بھارتی قیادت کوخبردارکرے کہ آئندہ وہ ایسے متنازعہ بیانات سے گریز کرے اورخطے میں امن قائم رکھنے کی کوشش کرے۔
٭ خطے کے ممالک میں اعتمادسازی کی کوششیں تیزکی جائیں۔بات چیت کے ذریعے اختلافات کوکم کرنے اوردیرپاامن قائم کرنے کی کوششوں کوبڑھایاجائے۔
٭ بھارت،پاکستان اورچین کے درمیان اعتمادبڑھانے کیلئےمثبت اقدامات کیے جائیں۔
٭ پاکستان اورچین کی حکمت عملی ماڈل سے استفادہ کیاجائے۔حکمت عملی اورتحمل کے ذریعے خطے میں سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کوممکن بنایاجائے۔
عالمی برادری سے تعلقات بہتربنائے جائیں تاکہ خطے میں استحکام ممکن ہوسکے۔
٭ بھارت کوچاہیے کہ وہ پاکستان اورچین کے ساتھ بات چیت کوترجیح دے تاکہ دیرپاامن کاراستہ کھلے۔
٭ عوام میں امن اوررواداری کے فروغ کیلئےتعلیمی اورمیڈیاکی سطح پرپروگرام ترتیب دیے جائیں۔تاکہ نفرت اورجارحیت کی فضاکوکم کیاجاسکے۔
مودی کے حالیہ بیانات محض انتخابی جلسوں کی لفاظی نہیں بلکہ خطے کے امن کوتہہ وبالاکرنے والاذہنی ونظریاتی خاکہ ہے،اقوامِ عالم کواگرواقعی خطے میں امن عزیزہے،توانہیں اس اشتعال انگیزی کانوٹس لیناہوگا،ورنہ ایٹمی ہتھیاروں سے لیس یہ دوممالک اگر جنگ کی جانب بڑھتے ہیں تواس کاایندھن صرف جنوبی ایشیانہیں بلکہ ساری دنیابن سکتی ہے۔
پاکستان کوچاہیے کہ سفارتی سطح پرمودی کے بیانات کواقوامِ متحدہ،اوآئی سی،یورپی یونین اورعالمی میڈیاکے سامنے بھرپورانداز میں اٹھائے۔اس طرح امریکا،اسرائیل اوربھارت کے درپردہ گٹھ جوڑکوبے نقاب کرکے دنیاکوبتایاجائے کہ یہ”امن کی ثالثی”نہیں بلکہ “جنگی جرائم پرپردہ ڈالنے”کی کوشش ہے۔
اورآخرمیں،ایک حکایتِ دانش :
وقت جب بولتاہے،توقوموں کوتاریخ بنادیتاہے—اورجوقومیں اس کی آوازکونظراندازکریں،وہ عبرت کا افسانہ بن جاتی ہیں۔
پاکستان اورچین نے اُس لمحے کوپہچان لیا—اورجولمحے کوپہچان لے،وہ زمانے کابادشاہ ہوتاہے۔