Fall Of Kashmir....Who is Responsible

سقوطِ کشمیر …… ذمہ دارکون؟

:Share

میں کس منہ سے اس بزرگ سیدصاحب کاشکریہ اداکروں جوہمیشہ مشکل وقت میں بھولاہواسبق یاددلادیتے تھے۔جب بھی دل بہت بے چین اور ہوتاتوفوری طورپران سے فون پررابطہ پر ہمیشہ کی طرح دانش وحکمت کے ایسے موتی جھڑتے کہ روح تک سرشار ہوجاتی اورہرمرتبہ تنگ اداس دامنی کامعاملہ آن کھڑاہوتالیکن اب منوں مٹی میں پاکستانی جھنڈے میں ملبوس اللہ کے ہاں اپنی دائمی منزل پراپنی وفاداریوں کے صلے میں یقیناًجنت میں بیٹھے اپنی جاودانی کامیابی پرمسرورہوں گے۔ان کے فراق میں ان کے موصول پیغامات سے دل کی پیاس بجھاتا رہتاہوں۔پچھلے دنوں ایک اہم کانفرنس میں شرکت کاموقع ملاجہاں آزادی کے نامورہیروز اوران کی جدوجہدآزادی کی جب بات ہوئی تومیرے حصے کاتفاخرمردمجاہدسیدعلی گیلانی کا تذکرہ آیاتو ایک عرصے کے بعد پھوٹتی سحراچھی لگی،صبح نورکی تازگی دل میں اترتی ہوئی محسوس ہوئی،اورسجدہ شکراداکیا۔یوں محسوس ہورہاتھاکہ روح کا ساراآلام دھل گیاہے اور روٹھے ہوئے الفاظ ایک دفعہ پھرایک قطار میں مسکراتے کھڑے اپنی باری کا انتظار کررہے ہیں،پھرسے ہمدم،ہمدرد اور غم گسار ، بڑھ کرگلے ملنے کیلئے متمنی،جونہی میرے بیانئے نے محبت سے بازو پھیلائے فوراً بغیرکسی تاخیرکے برچھی کی طرح سینے میں اترگئے۔

یہ سب ایک بوڑھے،بیماروعلیل اورایک سفیدریش کے حامل بزرگ کی وجہ سے ہواجن سے ملاقات کی آرزوبرسوں سے دل کو بے چین کئے ہوئے تھی ۔میں جانتاہوں کہ یہ دل کی مراداب اس زندگی میں توپوری نہیں ہوسکتی اوراس بات سے بھی واقف ہوں کہ کبھی نہ توان سے پہلے کی طرح بات ہوسکے گی اورنہ ہی ان کودیکھ سکوں گا۔سید علی گیلانی مرحوم جنہوں نے اس جان لیوا کا رزارمیں قدم رکھنے سے قبل اپنے رب سے یہ عہدکیا: کہو،میری نماز، میرے تمام مراسِم عبودیت،میراجینااورمیرامرنا،سب کچھ اللہ رب العالمین کیلئے ہے جس کاکوئی شریک نہیں۔
(انعام:162)

اپنی زندگی کے بیشترقیمتی سال بھارتی مکارہندوبنئے کی بنائی ہوئی جیلوں میں گزاردیئے اوربرسوں گھرمیں نظربندی کی حالت میں ہی ان تمام ظالموں کی خواہشات کے منہ پرتھوک کراپنے اس رب کے ہاں حاضرہوگئے جس نے قرآن میں اپنے ایسے بندوں کویہ بشارت دی کہ: اے نفسِ مطمئن،چل اپنے ربّ کی طرف اِس حال میں کہ تُو﴿اپنے انجامِ نیک سے﴾خوش﴿اوراپنے ربّ کے نزدیک﴾ پسندیدہ ہے۔شامل ہوجا میرے﴿نیک﴾ بندوں میں اور داخل ہوجامیری جنّت میں۔(الفجر:27-30)

زندگی کی آخری دہائی میں جہاں رابطے کے تمام ذرائع پرمکمل پابندی کے ظلم وستم برداشت کئے وہاں ان کی اولادپربھی زندگی تنگ کردی گئی۔درجنوں مرتبہ جس کے مکان پرراکٹ برسائے گئے،جسے خلقِ خداکے قلب ودماغ سے اتارنے کی ان گنت سازشیں کی گئیں لیکن وہ اتناہی زیادہ قلب وروح کی جان بنتاچلاگیا۔جسے تھکاڈالنے،دھمکانے اورخریدنے کاہرحربہ آزمایاگیالیکن وہ ہردفعہ تازہ دم،کسی خوف سےعاری اورکسی بھی خطرے کی پرواہ کئے بغیرمایوسی کودھتکارتے ہوئے منزل کی طرف بڑھتا ہی چلاگیا ……….اوربالآخراس مظلوم نے اسی بے بس شہرسرینگرمیں نظربندی کی حالت میں اپنے رب سے ملاقات کیلئے رخصت ہوگیا جہاں دنیاکی سب سے بڑی جمہوریت کادعویٰ کرنے والے اس بزرگ سے اس قدرخوفزدہ تھے کہ کرفیوکااعلان کرکے اس کے نمازجنازہ پربھی پابندی لگادی گئی اورکفن کے طورپرپاکستانی پرچم کواتارنے کاحکم دیتے ہوئے مردمجاہدکی وصیت کے خلاف شہداءکے قبرستان میں دفن ہونے تک کی اجازت نہ دی گئی لیکن تاریخ نے دیکھاکہ دنیابھرمیں ان سے محبت کرنے والوں نے اپنے آنسوؤں کے ساتھ ان کی غائبانہ نمازجنازہ پڑھی اورمیں نے سینکڑوں ایسے افرادکوبلک بلک رروتاہوادیکھا جنہوں نے کبھی ایک باربھی ان کونہ دیکھااورنہ ہی براہ راست ان سے ہمکلام ہونے کاشرف حاصل ہوا۔

اس مردمجاہدکوکرفیوکی پابندیوں کی بناءپربرسوں مسجد میں نمازِجمعہ پڑھنے کی اجازت ملی،نہ ہی وہ اپنے کسی عزیزیاہمدم کے ہاں کسی بھی خوشی یاغمی میں شریک ہونے دیاگیا،گویا اسے کشمیریوں سے دوررکھنے کی ایک سازش پرعمل جاری رہالیکن اس تمام آلام ومصائب کے باوجودوہ اس شان اورعزم صمیم سے کھڑارہاکہ عظمت اس پر ٹوٹ ٹوٹ کربرستی رہی اوراس کی ایک اپیل پرسارے کشمیرکے مردوزن اورجوان دیوانہ وارگولیوں کے سامنے سینہ تان کر کھڑے ہونااپناایمانی فرض سمجھتے رہے۔

دوسروں کاذکرہی کیا،ایک وقت ایسابھی آیاکہ مقبوضہ کشمیرکی جماعت اسلامی نے بھی اس کاساتھ دینے سے انکارکردیااور حریت کانفرنس سے مطالبہ کیاگیاکہ ان کوالگ کرکے جماعت کے کسی اورلیڈرکونمائندگی کااختیاردیاجائے۔کمالِ جرأت لیکن نہائت صبروتحمل کے ساتھ وہ اپنی راہ پرگامزن رہا ۔ سرینگرکے ایک مزدورکابیٹاجس نے اپنی بھرپورجوانی میں اپنے لئے ایک راہ چن لی تھی اورپھرعمربھرناک کی سیدھ میں اس راہ پرچلتارہااورکبھی کسی موقع پراس کے قدم نہیں ڈگمگائے،جسے دیکھ کرتوحیرت ہوتی تھی،جس کے بارے میں سنوتودل سے بے اختیاراس کی درازیٔ عمرکی دعا ئیں نکلتی رہیں اور غورکریں تو”اھدنا الصراط المستقیم”کامفہوم سمجھ میں آنے لگتاہے۔عمربھراس نے جھوٹ اورفریب کے سامنے جھکنے سے انکارکردیا اور عمربھراس کو کوئی مشتعل بھی نہیں کرسکا۔

وہ جانتاتھاکہ راہ کٹھن بھی ہے اورطویل بھی لیکن وہ پھربھی اپنی ترجیحات اورمقاصدپریکسورہا۔وہ رازاس پرآشکارہوگیاتھاکہ جس سے مسلم دنیاکے اکثر رہنمااب بھی بے خبرہیں کہ عرصہ گیرامتحان میں اصل اہمیت کامیابی اورناکامی کی نہیں،حسنِ نیت اورحسنِ عمل کی ہوتی ہے۔آدمی نتائج کانہیں جدوجہد کامکلف ہے،نتیجہ تواللہ کے ہاتھ میں ہے۔پہلے تووہ خوداپنی پارٹی قیادت کے خلاف صف آراء ہوا،جدجہدکے طویل برس اوران گنت قربانیاں بھی اسے تھکانے میں ناکام رہیں۔پارٹی کے کارکنوں کوآوازدی جو ہمیشہ کی طرح اس پراعتماداپنانصب العین سمجھتے تھے کہ زندگی کی کتاب میں جاہ پسندی ،ریااورمفادکاکوئی باب نہیں۔ اپنا سارا اخلاقی دباؤڈال کراس نے جماعت کی قیادت کوبدل ڈالا،پھروہ حریت کانفرنس کی مصلحت کاشکارہونے والی قیادت کے خلاف اٹھا …..ایک فرد،متعدد لیڈروں اورگروہوں کے خلاف جوپاکستان کوبھول کربھارت سے مذاکرات پرآمادہ ہوگئے تھے،جانتے ہوئے بھی کہ کن لوگوں نے انہیں آمادہ کیاتھا۔

اندلس کاجلیل القدرحکمران درباریوں کے ساتھ نوتعمیرمحل میں نمودارہواجس میں سونے کاقبہ جگمگارہاتھا۔جب دوسرے داد دے چکے توقاضی سعید کی طرف متوجہ ہوا”بادشاہ تم پرشیطان سوارہے”قاضی نے کہا کہ”سونے سے عمارتیں نہیں بنائی جاتی” آسمان اورزمین کے درمیان ایک سناٹاتھا اور دل تھے جوخوف اوراندیشوں سے دھڑک رہے تھے۔جب بادشاہ کی آواز ابھری’’سعید کو لوگ بے سبب ہسپانیہ کاضمیرنہیں کہتے،قبہ گرادیاجائے‘‘۔

کبھی کبھی ایک تنہاآدمی اٹھتاہے اورمنظرکوبدل ڈالتاہے۔علی گیلانی فرشتہ نہیں ہے۔چندلمحوں کیلئے مان لیتے ہیں کہ ان کے اپنے تعصبات ہوسکتے تھے اورناقص فیصلے بھی،ان کی ہر رائے اورہراقدام سے اتفاق ضروری نہیں،نہ اس سے اختلاف کرنے والوں کی نیت پرشبہ کرنے کاکوئی جوازہے،ہوسکتا ہے ان کی عقلیں وہی کہتی ہوں جس پروہ عمل پیراہیں؟دنیاکے بدلے ہوئے ناسازگار حالات اورپہاڑجیسی رکاوٹیں،لیکن بزرگ درویش ان سے مختلف ثابت ہوا۔وہ ایک صاحبِ یقین تھااورصاحبِ یقین کبھی مرجھاتااور مایوس نہیں ہوتا۔وہ اپنی ذات سے اوپراٹھ جاتاہے اورایک برترمقصدکیلئے ہرچیزکوتیاگ دیتاہے۔قوموں کوایسے لوگ انعام کے طورپرعطاکئے جاتے ہیں اورکوئی الٹالٹک جائے ان کی راہ کھوٹی نہیں کرسکتا،اسی لئے وہ جدوجہد آزادی کاکامیاب استعارہ بن گیا۔

سیدعلی گیلانی نے حریت کانفرنس کی درماندہ قیادت اوراس کے عقب میں سازشیں کرنے والے بھارتیوں اورشاطرامریکیوں کو بالآخرشکست سے دوچار کردیاجب استعمارسارازورکشمیریوں کوتنہا کرنے کیلئے صرف کررہاتھا،جبکہ پاکستانی حکومت بھی تھک چکی اوردیگرادارے بھی راستہ بھول چکے ہیں۔شاہ محمودقریشی نے بطوروزیرخارجہ امریکی ایماءپرکشمیرکی بندربانٹ کرنے کیلئے ایک کشمیری لیڈرکے ساتھ سازبازشروع کرتے ہوئے خصوصی طورپر واشنگٹن میں آصف زرداری کے ساتھ اس کشمیری لیڈرکی ملاقات بھی کروائی تھی تویہ مردِمجاہد سیدگیلانی ہی تھے جنہوں نے بروقت اس سازش کی دہائی دیتے ہوئے ہمیشہ کی طرح کشمیریوں کی مددسے اس مذموم منصوبے کوکامیاب نہیں ہونے دیا۔ان دنوں بھی ٹیلیفون پرمیری جب ان سے بات ہوئی توایک دفعہ پھرسیدعلی گیلانی نے پاکستانی حکمرانوں کوبھارت کے ساتھ دوستی کی پینگیں بڑھانے پراپنی تشویش کااظہار کرتے ہوئے یہ بھی فرمایاتھاکہ ممبئی میں دہشتگردی کاشورمچانے والابھارت اب بلوچستان،سرحد،کراچی اورپاکستان کے دیگر دوسرے بڑے شہروں میں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے مسلسل دہشتگردی کاارتکاب کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی کیلئے ایک مستقل سنگین خطرات پیداکررہاہے اور پاکستانی حکومت ان کے ساتھ دوستی کیلئے مرتی جارہی ہے۔میں ان کی آوازکاکرب بڑی شدت اور ندامت کے ساتھ محسوس کر رہاتھااوردکھ کی بات تویہ ہے کہ سقوط کشمیرکامعاملہ بھی عمران خان کے اسی وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی کے دورمیں ہواہے۔

اب ضرورت اس امرکی ہے سقوط کشمیرکے ذمہ داران کے خلاف کڑی تحقیق کیلئے انہیں احتساب کے کٹہرے میں کھڑاکرکے کشمیریوں کویقین دلایا جائے کہ کشمیرکاوکیل آئندہ انہیں کبھی بھی مایوس نہیں کرے گااور اس کے ساتھ ہی اقوام عالم کویہ واضح طورپربتائے کہ سفاک مودی کشمیرمیں خونی کھیل کی آڑمیں کشمیرکی آبادی کاتناسب بدلنے کی جوکوششیں کررہاہے اس سے اگر خطے میں جنگ کاآتش فشاں پھٹ گیاتونہ صرف جنوبی ایشیامیں تباہی وبربادی ہوگی بلکہ یہ عالمی جنگ کابھی پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دیگر مسلم ممالک میں بھی کشمیرکے حالات سے متعلق شدید تشویش اورغصہ پایاجاتاہے بلکہ مودی کی فسطائیت کاکینیڈامیں خالصتانی سکھ کےقتل نےدنیاکے سامنے بھارت کامکروہ چہرہ عیاں کردیا ہے.

اگراب بھی بین الاقوامی سطح پراس معاملے میں سنجیدہ کوششیں نہ کی گئیں تودنیاکوایک بڑی ہولناک جنگ کاسامناکرناپڑے گا جوکہ یقینی طورپرایٹمی جنگ ہوگی اوراس تباہی سے بچنے کاواحدحل یہی ہے کہ حقدارکواس کاحق دیاجائے تاکہ اس خطے میں امن قائم رہے۔اس وقت صورتِ حال یہ ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت کے پہاڑتوڑرہاہے اوروہ نہتے اور مجبور کشمیریوں پرغیرانسانی اورغیراخلاقی دونوں طرح کے حربے آزمارہا ہے ۔کشمیری شہری یہ ظلم و ستم گزشتہ 76سال سے سہہ رہے ہیں اوراپنے حق کیلئےمردانہ وارلڑرہے ہیں۔انڈین آرمی کی تقریباً ساڑھے دس لاکھ سے زائد تعداد(جوہرطرح سے مسلح ہیں) تحریکِ حریت کی آگ کوبجھانہیں پارہی اورنہ بجھاپائے گی۔بھارت تحریکِ حریت کوختم کرنے کی اورکشمیر پرمکمل قبضہ کرنے کی سرتوڑکوششیں کررہاہے اوران کوششوں میں اس کے ساتھ اب مزید خوارجی ممالک بھی شامل ہوگئے ہیں جن میں اسرائیل سرِفہرست ہے۔

5/اگست کوآرٹیکل370ختم کرنے کے بعدبھارت نے کشمیرکواپناحصہ بنانے کیلئے وہی حکمتِ عملی اپنائی ہے جوکبھی اسرائیل نے فلسطین پرقبضہ کرنے کیلئے بنائی تھی کہ سب سے پہلے کچھ اسرائیلی فلسطین جاکرآبادہوئے پھرانہوں نے اپنی آبادی میں اضافہ شروع کیااورمقامی فلسطینیوں سے منہ مانگی قیمتوں پرزمینیں اورجائدادیں حاصل کرناشروع کی اس کے بعدانہیں لالچ دیا اورپھر تیزی سے منہ مانگی قیمت پرزیادہ سے زیادہ زمینیں خریدنے لگے اورزیادہ ترفلسطینی علاقوں پراپناتسلط قائم کرلیا۔ بالکل یہی طریقہ اب بھارت نے آرٹیکل 370 کاخاتمہ کرکے مقبوضہ جموں کشمیر میں اپنایاہے۔انڈین آرمی بلااجازت گھروں میں داخل ہوکرجسے چاہتی ہے اٹھالیتی ہے۔خاص طورپرجوان بچوں کوحریت پسندکہہ کراپنے ساتھ لے جاتی ہے اورپھرچند دن کے بعد ان کی تشدد شدہ لاشیں کسی اورعلاقے سے ملتی ہیں اسی طرح مسلم عورتوں کوگھروں سے اٹھالیاجاتاہے اورعصمت دری کے بعد یاتوماردیا جاتا ہے یاپھرانتہائی بری حالت میں مجبورخواتین کسی علاقے میں پھینک دی جاتی ہیں۔یہی نہیں کسی بھی گھرکو آگ لگانا گھرسے سامان لے جانااورتوڑپھوڑ کرنا توروزکامعمول بن گیاہے۔بین الاقوامی میڈیاکوکشمیرسے دوررکھا جارہاہے۔مودی نے فیصلہ کرلیاہے کہ تحریک حریت کوبندوق کے زورپرکچل دیا جائے۔مودی حکومت برہان وانی کی شہادت بعد نوجوانوں کےجذبہ آزادی دیکھ کرحواس باختہ ہوچکی ہے اوریہی وجہ ہے کہ ہزاروں نوجوانوں کو پکڑکر عقوبت خانوں میں پہنچادیاگیاہے۔

سید علی گیلانی کومیرا،ایک عام پاکستانی کاسلام پہنچے۔انہوں نے اپنے عمل سے ہماری ساری مایوسی دھوڈالی ہے۔ہمارے لئے انہوں نے ایک تابہ فلک ایک مشعل فروزاں کردی ہے اورہمیں یاددلایاہے کہ انسانیت کامستقبل ابلیس اورمایوسی پھیلانے والے اس کے کارندوں کے پاس نہیں بلکہ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔اللہ جوامیدکارب ہے اورجس کی کتاب برملایہ کہتی ہے کہ “الیس اللہ بکاف عبدۂ”(کیا اللہ اپنے بندوں کیلئے کافی نہیں)۔اس کانفرنس میں ایک خصوصی ملاقات میں انسانی بنیادی حقوق پرنگاہ رکھنے والی تنظیموں ایمنسٹی انٹرنیشنل،واچ ڈاگ ،ہیومن رائٹس انٹرنیشنل،اینٹی سلیوری انٹرنیشنل اورگلوبل رائٹس کوکشمیریوں پرہونے والی زیادتیوں سے جب آگاہ کیاتومعلوم ہواکہ یہ تمام ادارے بھی کشمیریوں کے انسانی حقوق اوردیگرحقوق تلفی کانہ صرف اعتراف کرتے ہیں بلکہ ان کی ثابت قدمی پربھی نازاں ہیں اور ایک بارپھرکشمیریوں کے حقوق کی بازیابی کیلئے سرگرم ہونے کایقین دلایاہے۔جناب سید صاحب!آپ کا بہت بہت شکریہ کہ آپ کاتذکرہ ہمیشہ ہمیں بھولاہواسبق یاددلاتارہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں