Celebration of Iqbal or mourning of conscience?

جشنِ اقبالؒ یاماتمِ ضمیر؟

اقبالؒ کے دیس میں اقبالؒ کی بے توقیری—قومی ضمیر کے نام ایک نوحہ اوراربابِ اقتدارسے ایک سوال
حضرت علامہ محمد اقبالؒ کی ولادت کے150سالہ تاریخی سنگِ میل پرحکومتی ترجیحات،قومی احسان فراموشی اورفکرِاقبال کی مظلومیت کادردناک المیہ

قوموں کی تاریخ میں بعض حادثے اپنی ظاہری جسامت کے اعتبارسے نہایت معمولی ہوتے ہیں،مگران کے باطن میں ایک پورے عہد کی بے حسی،تہذیبی زوال اوراجتماعی ضمیرکی شکست کی داستان پوشیدہ ہوتی ہے۔کبھی ایک مختصرسااعلان،کبھی کسی ادارے کی خاموش بے بسی اورکبھی اخبارکے کسی گوشے میں شائع ہونے والااشتہاران سوالات کوزندہ کردیتاہے جنہیں اقتدارکی چکاچونداورسیاسی مصلحتوں کاشوربرسوں سے دباتاچلاآیاہو۔

اقبال اکادمی پاکستان کی جانب سے حضرت علامہ محمداقبالؒ کے150ویں سالِ ولادت کی تقریبات کے سلسلے میں جاری کردہ بین الاقوامی اقبال کانفرنس کاحالیہ اشتہاربھی ہمارے قومی شعورکے سامنے ایساہی ایک سوال بن کرکھڑاہے۔اس اشتہارمیں8اور9نومبر2026کولاہور میں منعقد ہونے والی کانفرنس کااعلان کیاگیاہے،جس کے انتظامی اشتراک میں ایک نجی تجارتی ادارے کی موجودگی بھی نمایاں ہے۔

بلاشبہ کسی علمی،ادبی یاتہذیبی تقریب میں نجی اداروں کاتعاون بذاتِ خودمعیوب نہیں۔علم کی سرپرستی توہرصاحبِ استطاعت فرداور ادارے کیلئےباعثِ سعادت ہونی چاہیے لیکن جب معاملہ اس عظیم مفکرکاہوجس کی فکری بصیرت نے برصغیرکے مسلمانوں کو خودشناسی،آزادی اورایک جداگانہ سیاسی مستقبل کاشعورعطاکیا،تویہ سوال لازماًپیداہوتاہے کہ کیااس کے نام سے منسوب قومی ادارے کو اپنی بنیادی علمی ذمہ داریوں کی انجام دہی کیلئےمناسب اورمستقل سرکاری وسائل میسرہیں؟

اگرنہیں،توپھریہ محض مالی وسائل کامسئلہ نہیں،بلکہ ہماری قومی ترجیحات،تہذیبی احساس اوراجتماعی احسان شناسی کاایک نہایت سنگین سوال ہے۔یہ حقیقت واضح رہنی چاہیے کہ یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیاہے جب قوم کواپنے عظیم فکری محسن کی ولادت کے ڈیڑھ سوسالہ سنگِ میل کوغیرمعمولی علمی وقارکے ساتھ منانے کی تیاری کرنی چاہیے تھی۔9نومبر 2026کوحضرت اقبالؒ کی پیدائش کے149سال مکمل ہورہے ہیں اوران کی150ویں سالگرہ9نومبر2027 کوہوگی۔اس اعتبارسے موجودہ تقریبات ان کی ولادت کے150ویں سال کے آغازسے وابستہ ہیں۔یہ تاریخی موقع محض جشن نہیں،پوری قوم کیلئےاپنے ماضی،حال اورمستقبل کامحاسبہ کرنے کی دعوت ہے۔جس اقبالؒ نے قوم کوایک خواب دیا،آج اسی اقبالؒ کے نام پرسوال کیوں؟

حضرت علامہ محمد اقبالؒ محض ایک شاعرنہ تھے کہ ان کی عظمت کوچندرسمی تقریبات،چندروایتی تقاریر،یادگاری تصاویریاپھولوں کی چادروں میں سمیٹ دیاجائے۔وہ ایک عہدسازمفکر،ملت کے بیدارمغزرہنما،فلسفۂ خودی کے عظیم شارح اورمحکومی کی تاریکیوں میں آزادی کاچراغ روشن کرنے والے دیدہ ورتھے۔انہوں نے برصغیرکے مسلمانوں کواس وقت اپنی پوشیدہ قوتوں کا ادراک بخشاجب سیاسی بے بسی،تہذیبی انتشاراوراجتماعی مایوسی ان کے مستقبل کودھندلارہی تھی۔اقبالؒ نے اس قوم کوبتایاکہ عزت وسربلندی محض ماضی کی عظمتوں پرفخرکرنے سے حاصل نہیں ہوتی؛اس کیلئےعلم،عمل،اخلاقی استقامت،فکری آزادی اورخودداری کی دولت درکارہوتی ہے۔

انہوں نے غلامی کے ماحول میں آزادی کاخواب دیکھا،شکستہ حوصلوں میں اعتمادپیداکیااورایک ایسی اجتماعی زندگی کاتصورپیش کیا جس کی اساس انسانی وقاراور روحانی واخلاقی عظمت پراستوارہو ۔1930کے تاریخی خطبۂ الٰہ آبادمیں ان کی سیاسی بصیرت نے مسلمانانِ برصغیرکے جداگانہ سیاسی مستقبل کے تصورکوایک نمایاں فکری سمت عطا کی۔پاکستان کاقیام یقیناًایک طویل اجتماعی جدوجہد،بے شمار قربانیوں اورمتعددتاریخی عوامل کاثمرتھا،لیکن اس کی فکری تاریخ میں اقبالؒ کامقام ہمیشہ منفرداورممتازرہے گا۔وہ محض ایک تاریخی شخصیت نہیں؛پاکستان کی تہذیبی خودشناسی کاایک روشن استعارہ ہیں۔ایسے عظیم محسن کے فکری ورثے کی حفاظت پراگرقومی وسائل کے حوالے سے سوالات اٹھیں تویہ قوم کیلئےمعمولی خبرنہیں ہونی چاہیے۔

آخراس سے بڑھ کرتکلیف دہ تضادکیاہوگاکہ ہم اقبالؒ کے خواب کی تعبیرسے وجودمیں آنے والی ریاست کے وسائل اوراختیارات سے تو مستفید ہوں،مگراسی عظیم شخصیت کے نام پر قائم علمی اداروں کی مستقل ضروریات کوقومی ترجیحات میں ان کاجائزمقام دینے سے قاصررہیں؟

پاکستان ایک ایسے معاشی عہدسے گزررہاہے جہاں قومی خزانے کی تنگ دستی،قرضوں کے بوجھ،مالی خسارے اورکفایت شعاری کی ضرورت کاذکرحکومتی بیانات میں باربارسامنے آتاہے۔عوام سے قربانی مانگی جاتی ہے۔تعلیمی اورتحقیقی اداروں کومحدودوسائل میں کام کرنے کی تلقین کی جاتی ہے۔علمی اورتہذیبی سرگرمیوں کیلئےاکثرمالی مشکلات کاحوالہ دیاجاتاہے لیکن اس کے برعکس سرکاری پروٹوکول،نمائشی تقریبات،سیاسی تشہیر،حکومتی کارکردگی کی تشہیری مہمات اوراخبارات وذرائع ابلاغ میں سرکاری اشتہارات پرہونے والے اخراجات کے بارے میں ایک بنیادی سوال پوری قوت سے اٹھتا ہے کہ حکمرانوں کی شاہ خرچیاں اور قومی محسنوں کیلئےمالی تنگ دامنی کیوں؟آخر قومی وسائل کی تقسیم میں علم،تحقیق اورتہذیبی ورثےکی حفاظت کو کس درجےکی اہمیت حاصل ہے؟ حکمرانوں کی تصویروں اورکارکردگی کے دعووں سے مزین اشتہارات پرخرچ ہونے والے کروڑوں روپے کاحساب عوام کے سامنے کیوں نہ رکھا جائے؟اگر سرکاری تشہیرکی بعض مہمات کے مجموعی اخراجات اربوں روپے تک پہنچتے ہیں توان کے مقابلے میں اقبال اکادمی جیسے قومی علمی اداروں کے سالانہ بجٹ،تحقیقی منصوبوں اور اشاعتی سرگرمیوں کیلئےمختص رقوم کی تفصیلات کیوں نہ منظرِعام پرلائی جائیں؟

یہاں کسی غیرمصدقہ رقم کوحقیقت بناکرپیش کرنامقصودنہیں۔اصل مطالبہ یہ ہے کہ قومی وسائل کے استعمال کاشفاف تقابلی حساب سامنے آئے تاکہ معلوم ہوسکے کہ حکومت اپنی تشہیرپر کتنااورقومی علم وفکر کے فروغ پرکتناخرچ کرتی ہے۔کیاتاریخ میں حکمرانوں کی عظمت ان کے ناموں اورتصویروں کے حامل اشتہارات سے متعین ہوتی ہے؟کیا قومیں سرکاری تقاریب کی چکاچوندسے سربلندہوتی ہیں یااپنی جامعات،کتب خانوں،تحقیقی اداروں اورفکری سرمایہ سے؟

کیا اقبالؒ کے نام پررسمی خراجِ عقیدت پیش کرنے والی حکومتوں پریہ ذمہ داری عائدنہیں ہوتی کہ ان کی فکری میراث کومحفوظ رکھنے والے اداروں کومالی بے یقینی سے آزاد کریں؟اگر حکومتیں اپنی تشہیرکیلئےوسائل فراہم کرسکتی ہیں توانہیں یہ بھی واضح کرناہوگاکہ اقبالؒ جیسے قومی محسن کی فکرکے تحفظ اورعالمی ترویج کیلئےان کی مالی ترجیحات کیا ہیں۔یہ سوال کسی ایک حکومت یاکسی ایک سیاسی جماعت تک محدودنہیں۔یہ اقتدارکے ہراس دورسے متعلق ہے جس میں علم،فکر اورقومی تہذیبی ورثے کوعملی ترجیحات میں مناسب اہمیت نہیں دی گئی۔

اقبالؒ کی عظمت پاکستان کی جغرافیائی حدودمیں مقید نہیں۔ان کی فارسی شاعری نے ایران اوروسیع فارسی علمی روایت میں فکری مکالمے کے نئے امکانات پیدا کیے۔ان کاپیغام برصغیر کے فکری حلقوں سے نکل کرترکی، یورپ اوردنیاکی مختلف جامعات تک پہنچا۔ان کی شاعری میں قرآنِ حکیم سے استفادہ،مولانارومؒ کی روحانی بصیرت،انسانی شخصیت کی تعمیراورتہذیبی احیاکی آرزوایک ایسافکری جہان تشکیل دیتی ہے جوزمانے کی تبدیلیوں کے باوجوداپنی معنویت برقراررکھے ہوئے ہے۔ان کے چاہنے والوں کیلئےاقبالؒ محض ایک قومی شاعرنہیں،بلکہ خودشناسی،حریتِ فکر،انسانی وقاراور بلندمقاصدکیلئےمسلسل جدوجہدکانام ہیں۔

اقبالؒ کی عظمت پاکستان کی جغرافیائی حدودمیں مقید نہیں۔ذراتصورکیجیے کہ دنیابھرمیں پھیلے ان کے کروڑوں شیدائی جب یہ سوال سنتے ہوں گے کہ اقبالؒ کے اپنے وطن میں ان کے نام سےمنسوب قومی اداروں کومناسب وسائل حاصل ہیں یانہیں،توان کےاحساسات پرکیا گزرتی ہوگی؟ کروڑوں شیدائیانِ اقبالؒ کے دلوں پرکیا گزرتی ہوگی؟جس مفکرنے ملت کواحساسِ کمتری سے نکلنے کادرس دیا،کیااس کے افکارکی عالمی ترویج کیلئےقائم ادارے مالی مشکلات کا شکاررہنے چاہییں؟جس شاعرنے شاہین کی بلند پروازی کو انسانی عظمت کا استعارہ بنایا، کیا اس کے فلسفے کی تحقیق واشاعت کیلئےدرکاروسائل ایک مستقل قومی ترجیح نہیں ہونے چاہییں؟

یہ محض ایک تقریب کی مالی حیثیت کاسوال نہیں۔یہ اپنے محسن کی فکری میراث کے ساتھ وفاداری کاسوال ہے۔یہ دکھ اس لیے زیادہ گہرا ہوجاتاہے کہ ہم اقبالؒ کے اشعارکواپنی قومی شناخت،سیاسی خطابات اوراجتماعی جذبات کاحصہ توبناتے ہیں،لیکن ان کے فکروفلسفے کو نئی نسل کی علمی تربیت میں مرکزی مقام دینے کیلئے درکارمسلسل محنت اورسرمایہ کاری پروہ توجہ نہیں دیتے جس کی ضرورت ہے۔عقیدت کاحق صرف محبت کے اظہارسے ادانہیں ہوتا؛اس کااصل امتحان عمل کی دنیامیں ہوتاہے۔

اقبالؒ کے شیدائیوں کیلئےاس سے زیادہ دردناک اندیشہ کیاہوگاکہ کہیں ان کے محبوب مفکرکی عظمت محض سالانہ خطابات کاموضوع بن کرنہ رہ جائے اوران کی فکرکے حقیقی تقاضے ہماری اجتماعی زندگی سے دورہوتے چلے جائیں؟ اس قومی اضطراب کے لمحے میں دل چاہتاہے کہ نہایت ادب،خلوص اور دلسوزی کے ساتھ فیلڈمارشل سیدعاصم منیراورافواجِ پاکستان سےایک دردمندانہ سوال کیاجائے:
آپ اس فوج کے سپہ سالارہیں جس کے جوانوں کی جرأت،استقامت،بلندحوصلگی اورعزمِ صمیم کوبیان کرنے کیلئےقوم اکثرحضرت علامہ محمد اقبالؒ کے شاہین،مردِمومن اورفلسفۂ خودی کے استعاروں سے روشنی حاصل کرتی ہے۔اقبالؒ نے فرمایاتھا:
توشاہیں ہے،پروازہے کام تیرا
ترے سامنے آسماں اوربھی ہیں
یہ شاہین محض قوت وشجاعت کی علامت نہ تھا؛اس کے وجودمیں خودداری،بلند نگاہی،آزادیٔ فکر،کردارکی پاکیزگی اورمسلسل جدوجہدکا ایک مکمل فلسفہ پوشیدہ تھا۔اقبالؒ نے اپنی شاعری میں جس مردِمومن کی تصویرپیش کی،اس میں قوت کے ساتھ اخلاق،جرأت کے ساتھ حکمت اورعزم کے ساتھ ذمہ داری کی عظمت جلوہ گرتھی۔یہی وہ فکری روایت ہے جس سے ہماری قومی زندگی میں عزم واستقلال کے بے شمار استعارے اخذکیے جاتے ہیں۔

جنابِ فیلڈمارشل!
ذراتصورکیجیے کہ جب اسی اقبالؒ کے تاریخی سالِ ولادت کے موقع پران کے نام سے منسوب قومی ادارے کی مالی اورعلمی ضروریات کے بارے میں سنجیدہ سوالات اٹھتے ہیں،توان سوالات کی معنویت ان نوجوان سپاہیوں کیلئےکیاہوگی جنہیں قوم اقبالؒ کے شاہینوں سے تشبیہ دیتی ہے؟کیایہ ہمارے اجتماعی ضمیر کیلئےایک تکلیف دہ تضادنہیں کہ ہم اقبالؒ کے کلام سے قومی جرأت اورسربلندی کاپیغام تواخذ کرتے ہیں،مگران کے فکری ورثے کے تحفظ کیلئےمضبوط اورخود کفیل علمی اداروں کی ضرورت پرمسلسل سوال اٹھاناپڑتاہے؟وہ نوجوان جووطن کی حفاظت کی ذمہ داریاں اداکرتے ہیں،ان کے سامنے اقبالؒ کے کرداراورعمل کاتصورایک بلنداخلاقی مثال کے طورپر پیش کیاجاتاہے۔ایسے میں یہ سوال پوری قوم کیلئےاہم ہے کہ اس عظیم مفکرکے افکارکی حفاظت اورآنے والی نسلوں تک ان کی درست تفہیم منتقل کرنے کی ذمہ داری ہم کس سنجیدگی سے اداکر رہے ہیں؟

جنابِ فیلڈمارشل!
یہ خطاب کسی غیرآئینی مداخلت کی درخواست نہیں،نہ ہی اس میں کسی ایسے حکومتی اختیارکے استعمال کی توقع ہے جومسلح افواج کے دستوری دائرۂ کارسے باہرہو ۔یہ توقومی تاریخ اور فکری ورثے سے وابستہ ایک دردمندانہ سوال ہے، جس کی اخلاقی معنویت افواجِ پاکستان سمیت ہرقومی ادارے اورہرپاکستانی کیلئے قابلِ غور ہے۔قوم یہ سوال آپ سے اس لئے پوچھ رہی ہے کہ آپ نے گزشتہ برس مئی کے معرکہ حق میں قوم کانام ساری دنیامیں یہ کہہ کربلندکیاکہ آپ سمیت ساری قوم نے اپنی آنکھوں سے اللہ کی نصرت کواترتے ہوئے دیکھااور آج اقوام عالم میں پاکستان کانام باعثِ احترام بن گیاہے۔

یقیناًاس کاعملی اورانتظامی جواب بہرحال ان منتخب حکومتوں،پارلیمانی اداروں اورمتعلقہ وزارتوں ہی کودیناہے جن پرقومی وسائل کی تقسیم اورعلمی اداروں کی سرپرستی کی ذمہ داری عائدہوتی ہے لیکن اقبالؒ کے شاہینوں کاذکر کرنے والی قومی روایت کے سامنے یہ سوال ضروررکھاجاسکتاہے کہ کیااس عظیم مفکرکے علمی ورثے کی حفاظت بھی ہماری اجتماعی قومی خودداری کا ایک بنیادی تقاضا نہیں؟

کیاہم اقبالؒ کی شاعری سے حوصلہ توحاصل کرتے رہیں،مگران کے فکروفلسفے کے مستقل علمی تحفظ کومناسب اہمیت نہ دیں؟جس اقبالؒ کے شاہینوں کی مثال دے کرقوم اپنے جوانوں کی بلندحوصلگی کوخراجِ تحسین پیش کرتی ہے،کیااسی اقبالؒ کی علمی میراث کوسربلنداور مستحکم اداروں کے ذریعے آئندہ نسلوں تک پہنچاناہماری مشترکہ قومی ذمہ داری نہیں؟یہ وہ سوال ہے جو کسی ایک شخصیت سے کہیں بڑھ کرپورے قومی ضمیرکے سامنے کھڑا ہے۔

ذراچشمِ تصورسے وہ منظردیکھیے کہ حضرت اقبالؒ آج اس سرزمین کی طرف دیکھ رہے ہیں جس کے سیاسی مستقبل کے تصورکوانہوں نے اپنی فکری بصیرت سے روشن کیا تھا۔ایک طرف اقتدار کے ایوان،حکومتی تقریبات،سیاسی تشہیرکی چکاچوند،سرکاری دعوؤں کاشور اورنمائشی اہتمام کاسلسلہ ہے۔دوسری جانب وہ اپنی فکری میراث کی حفاظت،اپنے فلسفے کی تحقیق اوراپنے پیغام کی عالمی ترویج کیلئے قائم اداروں کی علمی ومالی حیثیت کاجائزہ لے رہے ہیں۔ اگرآج اقبالؒ اپنے پاکستان کو دیکھتےان کے دل پر کیا گزرتی؟یہ سوال تاریخی حقیقت کادعویٰ نہیں،بلکہ ہمارے اجتماعی کردارکاایک اخلاقی استعارہ ہے۔

شاید اقبالؒ ہم سے یہ نہ پوچھتے کہ ان کی سالگرہ پرکتنی تقریبات منعقدہوئیں،کتنے مندوبین شریک ہوئے یاکتنے اخبارات میں ان کی تصاویرشائع ہوئیں۔شایدان کاسوال یہ ہوتاکہ جس قوم کو خودی کی دولت عطاکرنے کی کوشش کی گئی،اس نے اپنے علم،کردار،اجتماعی خودداری اورنئی نسل کی تربیت کیلئےکیاکیا؟اقبالؒ نے فرمایا:
خودی کوکربلنداتناکہ ہرتقدیرسے پہلے
خدابندے سے خودپوچھے،بتاتیری رضاکیاہے
یہ شعرمحض انسانی عظمت کااعلان نہیں؛یہ کردارکی تعمیر،مسلسل محنت،اخلاقی ذمہ داری اوربلندمقصدکیلئےجدوجہدکاپیغام ہےلیکن ہماری اجتماعی زندگی میں اس پیغام کی عملی جھلک کتنی نمایاں ہے؟ہم اقبالؒ کے شاہین کی مثالیں دیتے ہیں،مگر نئی نسل کیلئےعلم و تحقیق کی بلندپروازکے کتنے مواقع پیداکرتے ہیں؟ہم ان کے فلسفۂ خودی پرتقریریں کرتے ہیں،مگراپنے قومی علمی اداروں کومستحکم بنانے کیلئےکتنی سنجیدہ اورمسلسل منصوبہ بندی کرتے ہیں؟ہم ان کی عظمت کے اعتراف میں الفاظ کے پھول نچھاورکرتے ہیں،مگران کی فکرکوجدیدعہدکے اخلاقی، سائنسی،معاشی اورتہذیبی سوالات سے مربوط کرنے کیلئےکتنی علمی سرمایہ کاری کرتے ہیں؟یہی وہ سوالات ہیں جن کے جواب ہمارے قومی کردارکی حقیقی تصویرپیش کریں گے۔

ہرسال یومِ اقبالؒ پران کے مزارپرحاضری دی جاتی ہے،پھولوں کی چادریں چڑھائی جاتی ہیں،سرکاری شخصیات خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں اورحکومتی بیانات میں ان کے افکارکوقومی رہنمائی کاسرچشمہ قراردیاجاتاہے۔یہ تمام روایات اپنی جگہ قابلِ احترام ہیں،لیکن کیا صرف رسمی عقیدت سے کسی عظیم محسن کاحق اداہوجاتاہے؟کیااقبالؒ کے افکارکاحقیقی احترام اس بات کاتقاضانہیں کرتا کہ ان کے نام سے وابستہ علمی ادارے بین الاقوامی معیارکی تحقیق،معیاری اشاعت، مستندتراجم اورنئی نسل کی فکری تربیت کے مضبوط مراکزبنیں؟ اقبالؒ کاپیغام تو ایک زندہ فکری روایت ہے۔اسی لئےاقبالؒ کے مزارپرپھول رکھنے والوں سے اقبالؒ کی روح سوال کررہی ہے کہ کب میری فکرکاحق اداکروگے؟جس میں قرآنِ حکیم کی اخلاقی رہنمائی، مولانارومؒ کی روحانی بصیرت،عقل وعشق کی معنویت ،انسانی شخصیت کی تعمیراوراجتماعی زندگی کی اصلاح کے ایسے مباحث موجودہیں جن پرمسلسل علمی کام کی ضرورت ہے۔

ان کے فکروفلسفے کومحض نصابی اقتباسات یایادگاری تقریبات کی حدتک محدودرکھناان کی عظمت کے ساتھ انصاف نہیں۔ان کی اصل تکریم ایک ایسی نسل کی تعمیرہے جوعلم میں بلند، کردارمیں مضبوط،فکرمیں آزاداورعمل میں باوقارہو۔اس لیے مزارپرپھول رکھنے کے ساتھ ان کی علمی میراث کی حفاظت اورترویج کاحق اداکرنابھی ضروری ہے۔

ڈیڑھ سو سالہ تاریخی موقع اور ریاست کی ناقابلِ فراموش ذمہ داری کے حوالے سے اقبالؒ کی ولادت کے150ویں سال کاآغازپاکستان کیلئےایک غیرمعمولی علمی اورتہذیبی موقع ہے۔اسے چندکانفرنسوں،یادگاری تقاریب اور روایتی خطابات تک محدودنہیں رہناچاہیے۔اس موقع پرحکومتِ پاکستان کوایک جامع قومی علمی منصوبہ پیش کرناچاہیے جس میں اقبالؒ کے مستنداردو، فارسی اورانگریزی متون کی جدیداشاعت،ان کے نایاب مخطوطات اورتاریخی دستاویزات کاڈیجیٹل تحفظ،عالمی زبانوں میں معیاری تراجم،نوجوان محققین کی سرپرستی،بین الاقوامی علمی روابط اورفکرِاقبال پرمستقل تحقیقی منصوبے شامل ہوں۔اقبال اکادمی پاکستان کوجدیدتحقیقی سہولتوں،عالمی علمی روابط،اشاعتی وسائل اورادارہ جاتی استحکام کے اعتبارسے اس مقام تک پہنچانا ضروری ہے جواس کی قومی اورتہذیبی ذمہ داری کے شایانِ شان ہو۔

اس سلسلے میں نجی شعبےکاتعاون خوش آئندہوسکتاہے،مگرریاستی سرپرستی کامتبادل نہیں بنناچاہیے۔کسی قومی مفکرکی عظمت کا حقیقی اعتراف صرف تقریبات کی تعدادسے نہیں ہوتا؛اس بات سے ہوتاہے کہ اس کی فکرمعاشرے کے علم،اخلاق،تہذیب اوراجتماعی کردارمیں کس حدتک زندہ ہے۔اگرہم نے اس تاریخی موقع کومحض نمائشی سرگرمیوں میں گزاردیاتویہ ایک بڑی علمی ذمہ داری اداکرنے کاموقع ضائع کرنے کے مترادف ہوگا۔

ہم حکومتِ پاکستان،متعلقہ وزارتوں اوراقبال اکادمی پاکستان کے ذمہ داران کے سامنے پوری سنجیدگی،ادبی وقاراوراخلاقی جرأت کے ساتھ یہ سوالات رکھتے ہیں کہ اقبالؒ کے نام سے وابستہ اس قومی ادارے کیلئےمستقل مالی اورعلمی استحکام کی کیاضمانت موجودہے؟اس کے تحقیقی منصوبوں،مطبوعات،علمی سرگرمیوں اور بین الاقوامی روابط کیلئےکتنے وسائل مختص کیےجارہے ہیں؟موجودہ بین الاقوامی کانفرنس کامجموعی بجٹ،حکومتی مالی معاونت اورنجی اشتراک کی حقیقی نوعیت کیا ہے؟اقبالؒ کے ڈیڑھ سوسالہ تاریخی موقع کیلئےقومی سطح پرکون ساجامع اورقابلِ عمل منصوبہ تیارکیاگیاہے؟اورسب سے بڑھ کر یہ کہ حکومت کی تشہیری سرگرمیوں پرہونے والے اخراجات کے مقابلے میں قومی علمی اورتہذیبی اداروں کیلئےمختص وسائل کاشفاف تقابلی حساب عوام کے سامنے کب پیش کیاجائے گا؟

ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اقبال اکادمی کے مالی اورتحقیقی وسائل کے بارے میں واضح سرکاری تفصیلات جاری کی جائیں،اس کے بنیادی علمی مشن کیلئےمستقل اور قابلِ اعتمادوسائل یقینی بنائے جائیں اور150ویں سالگرہ تک ایک جامع قومی و بین الاقوامی علمی پروگرام کو عملی شکل دی جائے۔یہ مطالبہ کسی سیاسی جماعت کی حمایت یامخالفت نہیں،بلکہ قومی تہذیبی ورثے کی حفاظت اورعلم وتحقیق کوان کا جائزمقام دینے کامطالبہ ہے۔ہمیں حکومتی وضاحتوں سے زیادہ عملی اقدامات درکارہیں۔

ہم اقبالؒ کے نام پرمحض رسمی عقیدت نہیں،ان کی فکرکے تحفظ کیلئےقومی ذمہ داری کاعملی ثبوت چاہتے ہیں۔قومیں اپنے محسنوں سے بے وفائی کابوجھ نہیں اٹھا سکتیں۔تاریخ گواہ ہے کہ قوموں کازوال صرف معاشی کمزوری،سیاسی انتشاریابیرونی خطرات سے نہیں ہوتا۔زوال اس وقت زیادہ گہراہوجاتاہے جب کوئی قوم اپنی تہذیبی بنیادوں،فکری رہنماؤں اوراجتماعی اقدارسے اپنارشتہ کمزورکرلیتی ہے۔جس قوم کی نئی نسل اپنے عظیم مفکرین کومحض نصابی سوالات اورسرکاری تعطیلات کے حوالے سے پہچانتی ہو،وہاں فکری محرومی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

جس معاشرے میں علم وتحقیق کے ادارے مستقل مالی بے یقینی میں مبتلاہوں،وہاں مستقبل کی علمی خودمختاری متاثرہوسکتی ہے۔اورجس ریاست میں قومی وسائل کی تقسیم کے وقت علم،تہذیب اورفکری تربیت کومناسب ترجیح حاصل نہ ہو،وہاں قومی ترقی کے دعوؤں کا سنجیدہ محاسبہ ضروری ہوجاتاہے۔اقبالؒ نے فرمایا تھا:
سبق پھرپڑھ صداقت کا،عدالت کا،شجاعت کا
لیاجائے گاتجھ سے کام دنیاکی امامت کا
یہ شعرآج بھی ہمارے حکمرانوں،قومی اداروں اوراجتماعی ضمیرکیلئےایک اخلاقی منشورکی حیثیت رکھتاہے۔صداقت کاتقاضاہے کہ قومی وسائل کے استعمال میں شفافیت ہو۔عدالت کاتقاضا ہے کہ علم وتحقیق کومالی ترجیحات میں ان کاجائزمقام دیاجائے۔اورشجاعت کاتقاضاہے کہ حکمران نمائشی سیاست سے بلندہوکر مستقبل کی نسلوں کیلئےدیرپاعلمی وتہذیبی بنیادیں تعمیرکریں۔یہی اقبالؒ کے پیغام سے حقیقی وابستگی ہوگی۔اقبالؒ کی عظمت کو ہمارے سہارے کی ضرورت نہیں، ہمیں ان کی فکر کی ضرورت ہے۔آج جب ہم حضرت علامہ محمد اقبالؒ کی ولادت کے ڈیڑھ سو سالہ تاریخی سنگِ میل کی جانب بڑھ رہے ہیں توہمارے سامنے ایک ایسا سوال کھڑاہے جس سے فرارممکن نہیں۔کیاہم نے اس عظیم مفکرکی فکری میراث کاحق اداکیاہے ؟ کیاپاکستان کی ریاست نے ان کے نام سے قائم قومی اداروں کواس قابل بنایاہے کہ وہ دنیامیں فکرِاقبال کی باوقارنمائندگی کرسکیں؟کیاہمارے حکمران اس حقیقت کوتسلیم کرنے کیلئے تیار ہیں کہ قوموں کی عظمت سیاسی تشہیر،نمائشی تقریبات اوررسمی اعلانات سے نہیں،بلکہ علم،کردار،تحقیق اورتہذیبی شعورکی تعمیر سے وابستہ ہوتی ہے؟

اے صاحبانِ اقتدار!اقبالؒ نے اس قوم کوشاہانہ آسائشوں،سیاسی نمودونمائش اوراقتدارکی چکاچوند کاخواب نہیں دکھایاتھا۔انہوں نے توخودی، خودداری،فکری آزادی،بلندکرداراورمسلسل عمل کاپیغام دیاتھا۔انہوں نے قوم کواپنے پاؤں پرکھڑاہونے کی دعوت دی تھی؛اپنے ضمیر،اپنے علم اوراپنے کردارسے مستقبل کی تعمیرکاراستہ دکھایاتھا۔آج اگران کے نام سے منسوب اداروں کے وسائل اوران کی کارکردگی کے بارے میں سوالات اٹھ رہے ہیں توان کاجواب محض مزیدت قاریر نہیں ہوسکتیں۔ان کا جواب علمی سرمایہ کاری،مستقل ادارہ جاتی استحکام،تحقیقی آزادی،شفاف مالی نظام اوراقبالیات کی مؤثرعالمی ترویج ہوناچاہیے۔

یاد رکھیے!اقبالؒ کی عظمت کسی حکومت کی محتاج نہیں۔ان کے اشعارکے چراغ کسی سرکاری تقریب کے بغیربھی روشن رہیں گے۔ان کی فکروقت کی گردسے ماند نہیں پڑے گی لیکن کسی قوم کی احسان شناسی کاامتحان اس کے الفاظ سے نہیں،اس کے عمل سے ہوتاہے۔اقبالؒ نے فرمایا:
عمل سے زندگی بنتی ہے جنت بھی،جہنم بھی
یہ خاکی اپنی فطرت میں نہ نوری ہے نہ ناری ہے

اب فیصلہ ہمارے قومی اداروں اورحکمرانوں کوکرناہے کہ وہ اس تاریخی موقع کومحض رسمی جشن میں تبدیل کریں گے یااقبالؒ کے فکری ورثے کے تحفظ کاایک مستقل اورروشن باب رقم کریں گے۔ہم اقبالؒ کیلئےنمائشی تقریبات نہیں،ان کے افکارکیلئےباوقار علمی ادارے چاہتے ہیں۔ہم اقبالؒ کے نام پرمحض رسمی عقیدت نہیں،قومی احسان شناسی کاعملی ثبوت چاہتے ہیں۔ہم چاہتے ہیں کہ جس عظیم مفکرکے خواب اورپیغام سےپاکستان کی تہذیبی شناخت وابستہ ہے،اس کی فکری میراث قومی ترجیحات کےحاشیے پرنہیں بلکہ ان کے مرکزمیں ہو۔

کیونکہ اقبالؒ کاقرض محض پھولوں،خطابات،اشتہارات اوریادگاری تقریبات سے ادانہیں ہوسکتا۔یہ قرض صرف علم وکردارکی تعمیر، خودداری کی سربلندی اور ایک ایسے پاکستان کی تشکیل سے اداہونے کی سمت بڑھ سکتاہے جوواقعی اقبالؒ کے افکارسے روشنی حاصل کرتاہو۔یہی شیدائیانِ اقبالؒ کے دل کی فریادہے،یہی ہمارے قومی ضمیرکااحتجاج ہے،اوریہی تاریخ کے حضوراربابِ اقتدارسے ہماراسوال ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں