پچھلے مضمون،’’دوبوڑھے،تاریخ کاکٹہرا‘‘،میں ٹرمپ اورنیتن یاہوکی سیاست کے حوالے سے جوسوال اٹھایاگیاتھا،وہ دواشخاص کی ذات سے کہیں بڑاتھا:جب اقتدارانسانی جان کی حرمت سے بے نیازہوجائے تواسے روکنے والاکون ہے؟قارئین نے اس بحث میں مودی کے کردار کی طرف توجہ دلائی توموضوع کاایک اوردریچہ کھل گیا۔گجرات کی جلی ہوئی بستیوں،کشمیرکی پابندیوں اورغزہ کے کھنڈرات کے درمیان تاریخی اورقانونی واقعات اپنی جگہ،لیکن ایک اخلاقی سوال ان سب کوباہم مربوط کرتاہے:کیاریاست اپنے بعض باشندوں،یا کسی دوسری قوم،کے دکھ کوقومی عظمت کی راہ میں معمولی قیمت سمجھ سکتی ہے؟
یہاں’’تیسرابوڑھا‘‘عمرپرطنزنہیں،سابقہ مضمون کے عنوان کاتسلسل ہے۔بڑھاپابذاتِ خودالزام نہیں؛بہت سے بزرگ انسانیت کیلئےسایۂ رحمت ہوتے ہیں ۔زیرِ بحث وہ طرزِاقتدارہے جس میں تجربہ تحمل پیداکرنے کی بجائے سیاسی غلبے کی تدبیربن جائے۔اصل محاسبہ برسوں کانہیں،فیصلوں کاہے؛سفیدبالوں کا نہیں ،اس فکرکاہے جوانسانوں کومذہب،قومیت اورسیاسی وفاداری کے خانوں میں بانٹ کران کے حقوق کی قیمت مقررکرتی ہے۔
تاریخ کی معتبرتحریرکیلئےغصے کوگواہی اوراستعارے کوثبوت نہیں بناناچاہیے۔مظلوم کامقدمہ اتناسنجیدہ ہوتاہے کہ اسے مبالغے کی بیساکھی درکارنہیں۔مودی کے خلاف سیاسی الزامات،ان کی حکومت کی ذمہ داری،عدالتی فیصلے اورانسانی حقوق کی تحقیقات الگ الگ درجے رکھتے ہیں۔انہیں خلط ملط کرنے سے تحریربلند آہنگ توہوسکتی ہے،معتبرنہیں۔اسی اصول کے ساتھ اس تیسرے چہرے کودیکھنا ضروری ہے۔
گجرات کی داستان کاخونیں موڑ27فروری2002ءکوگودھرامیں آیا،جہاں سابرمتی ایکسپریس کے ایک ڈبے میں آگ لگنے سے59افرادہلاک ہوئے۔اس کے بعدریاست بھرمیں پھیلنے والے تشددنے بالخصوص مسلمانوں کی جانوں،املاک اورآبادیوں کونشانہ بنایا۔آزادذرائع کے مطابق ہزاروں مسلمانوں کوتہہ تیغ کردیا گیا۔ہندو مہاسبھائیوں کومسلمانوں کے قتل وغارت کی کھلی چھٹی دے دی گئی خودایک مسلمان بھارتی لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) ضمیر الدین شاہ جنہوں نے2002 ء میں گجرات کے تشددکو روکنے کیلئے بھیجے گئے فوجی دستوں کی قیادت کی تھی۔اپنی خودنوشت سرکاری مسلمان جو2018ءمیں کونارک پبلشرزنے شائع کی تھی۔
اس کتاب میں گجرات سے متعلق ان کااہم بیان یہ ہے کہ یکم مارچ کوتقریباًتین ہزارفوجی احمدآبادپہنچ چکے تھے،لیکن ریاستی انتظامیہ سے گاڑیاں اورضروری انتظامی مددبروقت نہ ملنےکے باعث کارروائی کے قیمتی گھنٹے ضائع ہوئے۔انہوں نے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ مودی سے ملاقات کاذکربھی کیاہے-شاہ کے عینی تجربے اورتحریری بیان نے مودی کی سیاسی حکومت کے ظالمانہ چہرے سے نقاب اٹھایاہے کہ کس طرح ان کواس خونی فسادات کو روکنے میں رکاوٹیں ڈالی گئیں ۔تاہم بھارتی وزارتِ داخلہ کے اعداد،جنہیں امریکی محکمۂ خارجہ نے اپنی رپورٹ میں نقل کیا،کے مطابق 790مسلمان شہیداور254ہندومارے گئے؛ہزاروں زخمی ہوئے۔تاہم یہ اعداداس حقیقت کوبھی محفوظ رکھتے ہیں کہ ہرمقتول کی جان محترم تھی اور مسلمان آبادی نے غیرمتناسب طورپربھاری نقصان اٹھایا۔
اس وقت مودی گجرات کے وزیراعلیٰ تھے۔انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے اپریل2002ءکی تحقیق میں ریاستی اہلکاروں کی شرکت،پولیس کی ناکامی اورمسلمانوں پرمنظم حملوں کے سنگین الزامات پیش کیے۔یہ محض دوبے قابوگروہوں کے درمیان اچانک تصادم کی تصویرنہیں تھی؛اس میں ریاستی تحفظ کی عدم دستیابی بنیادی سوال بن کرابھری۔تنظیم کے نتائج کواسی کی تحقیق کی حیثیت سے پڑھنا چاہیے،لیکن انہیں محض سیاسی ناپسندیدگی کہہ کرنظراندازکرنا بھی تاریخی دیانت سے دور ہے۔
ریاست کاپہلاعہداپنے شہری سے یہ ہوتاہے کہ خوف کی گھڑی میں وہ اسے تنہانہیں چھوڑے گی۔جب کسی محلے کواپنے دروازوں پر موت کی دستک سنائی دے اورمحافظوں کی موجودگی اطمینان پیدانہ کرے بلکہ بلوائیوں کے سامنے خاموش کھڑی تماشہ دیکھتی رہے تو حکومت کی اخلاقی بنیادلرزجاتی ہے۔شہری کی شناخت اس کے تحفظ کی شرط بن جائے توشہریت کاغذکا ایک بے جان ٹکڑارہ جاتی ہے۔ گجرات کازخم اسی لیے اعدادسے بڑاہے:اس نے اس اعتمادکومجروح کیاجومختلف مذاہب کے لوگوں کوایک مشترک وطن میں جوڑتاہے۔
مودی کواسی پس منظرمیں’’گجرات کاقصائی‘‘کہاگیاجوایک سخت سیاسی لقب ہے۔تحقیقی تحریرمیں اس نسبت کوواضح رکھناضروری ہے۔ جون2022ءمیں بھارتی سپریم کورٹ نے ذکیہ جعفری کی وہ اپیل مستردکردی جس میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے اس نتیجے کوچیلنج کیا گیاتھاکہ مودی اوردیگرمتعلقہ افرادکے خلاف وسیع ترسازش کے مقدمے کی بنیادنہیں بنتی۔آج بھی اس فیصلہ کوتعصب کی بنیادسمجھاجاتا ہے۔تاہم اس عدالتی نتیجے اورسیاسی جواب دہی کادائرہ یکساں نہیں۔کسی مخصوص مجرمانہ سازش کاثابت نہ ہونااس سوال کوختم نہیں کرتا کہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں ریاست شہریوں کومؤثرتحفظ کیوں نہ دے سکی۔عدالت فردکے خلاف جرم کے ثبوت جانچتی ہے؛سیاسی تاریخ اداروں کی کارکردگی،حکومت کے ردعمل اورمتاثرین کی حالت بھی دیکھتی ہے۔دونوں میدانوں کے معیارالگ ہیں،مگر دونوں ضروری۔ قانونی حقیقت کوچھپانابھی غلط ہے اوراسے ہراخلاقی سوال کاآخری جواب بنادینابھی۔
گجرات کے المیے کاسایہ مودی کے سیاسی سفرسے اس وقت بھی نہ ہٹاجب وہ قومی اقتدارکے امیدواربن رہے تھے۔جولائی2013ءمیں رائٹرزکودیے گئے انٹرویو میں،جب ان سے گجرات کے تشددپرافسوس کے بارے میں پوچھاگیا،توانہوں نے اپنی کیفیت سمجھانے کیلئے گاڑی کے نیچے کتے کے بچے کے آجانے کی مثال دی۔انسانی قتل وغارت کے سوال پراس تشبیہ کاانتخاب شدیدتنازع کاباعث بنا۔سیاسی مخالفین نے اسے متاثرین کے وقارکے منافی قراردیااورمعافی کا مطالبہ کیا۔اس کے باوجود بنیادی اخلاقی سوال باقی رہتاہے:کیاایک وزیر اعلیٰ کی جواب دہی کاتعصب اظہارافسوس کیلئے بھی بہترالفاظ استعمال نہ کرسکا؟شہری ریاست سے صرف ہمدردی نہیں،تحفظ اورانصاف بھی مانگتا ہے۔ گجرات کے متاثرین کا مقدمہ کسی حکمران کے احساسات کی پیمائش سے بڑاتھا؛وہ اس اعتماد کی بحالی کامقدمہ تھاجوقتل، خوف اوربے گھری کی آگ میں جھلس گیاتھا۔
اقتدارکی زبان میں تہذیبی احتیاط اسی لیے ضروری ہے۔اجڑے ہوئے خاندانوں کے سامنے ایک ناموزوں استعارہ پرانے زخموں کوپھرتازہ کرسکتاہے۔حکمران محض اپنادل بیان نہیں کرتا؛اس کے الفاظ متاثرین کویہ پیغام بھی دیتے ہیں کہ ریاست ان کے دکھ کوکس درجے کی سنجیدگی سے دیکھتی ہے۔گجرات کے سوال کاشایانِ شان جواب ایساہوناچاہیے تھاجس میں انسانی المیے کاواضح اعتراف،حکومتی ذمہ داری کاسامنااورانصاف کیلئےغیرمبہم عزم یکجاہوتے۔
مودی کو2005ء میں مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق امریکی قانونی دفعات کے تحت ویزادینے سے انکارکیاگیاتھا۔یہ اقدام گجرات کے واقعات کے پس منظرمیں ہوا؛پھر2014ء میں ان کے اقتدارمیں آنے کے امکان کے ساتھ واشنگٹن نے تعلقات کی اہمیت واضح کی،اورسابقہ سفارتی دوری برقرارنہ رہی۔ یہ تبدیلی عالمی سیاست کے ایک دیرینہ مرض کوعیاں کرتی ہے:اخلاقی اصول اکثرمفادکی دہلیزپراپنالہجہ بدل لیتے ہیں۔ایک شخص صوبائی اقتدارمیں ہوتواس کاماضی سفارتی رکاوٹ بنتاہے؛وہی شخص بڑی منڈی،اہم ریاست اورعلاقائی توازن کی نمائندگی کرنے لگے تو تعلقات کی زبان نرم پڑجاتی ہے۔اس مشاہدے کامطلب یہ نہیں کہ ہرسفارتی رابطہ ناجائزہے،بلکہ یہ ہے کہ انسانی حقوق کے دعوے اپنی ساکھ کھودیتے ہیں جب ان کاوزن متعلقہ ملک کی معاشی یاتزویراتی اہمیت کے ساتھ بدلنے لگے۔
مودی کی سیاست کوسمجھنے کیلئےہندومذہب اورہندوتواکی سیاسی تعبیرمیں فرق ضروری ہے۔کسی مذہب کی وسیع روحانی روایت کو کسی جماعت کی حکمتِ اقتدارمیں محصورنہیں کیاجاسکتا۔مسئلہ اس وقت پیداہوتاہے جب اکثریت کی مذہبی شناخت ریاستی وفاداری کاپیمانہ بننے لگے اوراقلیت سے مسلسل اپنی وابستگی ثابت کرنےکامطالبہ ہو۔ایسی صورت میں جمہوریت ووٹ تو گنتی ہے،مگرشہریوں کے برابر وقارکاحساب بھول جاتی ہے۔
جمہوریت کی آبروصرف انتخابی کامیابی میں نہیں،شکست خوردہ آوازاورکمزورشہری کے تحفظ میں بھی ہے۔اکثریت حکومت بنانے کاحق حاصل کرتی ہے؛اسے اقلیت کی شہریت کم کرنے کاحق حاصل نہیں ہوتا۔اگرقومی عظمت کی تعمیرکیلئےکسی برادری کودائمی مشکوک ٹھہرایاجائے تووطن مشترک گھرکی بجائے درجہ بندی کاایوان بن جاتاہے۔اس ایوان میں کچھ لوگ مالک کی طرح رہتے ہیں اورکچھ اپنے ہی ملک میں مہمانوں کی طرح۔
کشمیر اسی بحث کادوسرا،زیادہ پیچیدہ باب ہے۔اس تنازع کی جڑیں تقسیمِ ہند،جنگوں،متنازع سیاسی فیصلوں اورکئی دہائیوں کی مسلح کشیدگی میں پیوست ہیں۔یوں تواس پوری ظالمانہ تاریخ کا آغازقیامِ پاکستان کے فوری بعدہی ہوگیاتھاجب کشمیرکاایک ٹکڑامقامی آبادی کے جذبہ حریت اورجنگ کے بعدالگ ہوکرآزاد کشمیر بن گیااور بعد ازاں اس جنگ کوروکنے کیلئے خودنہرو حکومت اقوام متحدہ میں جنگ بندی کی درخواست لیکرپہنچ گئی اوراستصواب رائے کاوعدہ کرکے جنگ بندی ہوگئی۔یادرہے کہ اس سلسلے میں دنیاکی پانچ بڑی طاقتوں نے استصواب رائے کی ضمانت بھی دی جوآج تک ایفانہ ہوسکی مگرمودی کے دورحکومت میں اگست 2019ءکی آئینی تبدیلیاں ایک نمایاں موڑتھیں۔دفعہ370کے تحت حاصل خصوصی حیثیت ختم کرنے اور سابق ریاست کی تنظیمِ نوکے ساتھ سیاسی اختیار، شناخت اورمستقبل کے بارے میں کشمیریوں کی تشویش مزیدگہری ہوئی ۔
اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین نے اگست2019ءکے مراسلے میں سیاسی رہنماؤں کی حراست،شہری آزادیوں پرپابندیوں اور تقریباًمکمل مواصلاتی بندش کی اطلاعات اٹھائیں۔ان کے مطابق رابطوں کی معطلی نے مقامی صحافت، معلومات تک رسائی اورحالات کی آزادانہ خبرگیری کوشدیدمتاثرکیا۔یہ دستاویز موصولہ اطلاعات اوران پراٹھائے گئے سوالات کاریکارڈ ہے ؛اس میں بیان کردہ صورتِ حال شہری حقوق کیلئےغیرمعمولی خطرے کی نشاندہی کرتی ہے۔
رابطوں کی بندش کادکھ صرف سیاسی نہیں ہوتا۔بیمارشخص کاطبی رابطہ،طالب علم کاتعلیمی سلسلہ،تاجرکاروزگاراورگھرسے دورعزیز کی خیریت بھی اسی تارسے بندھی ہوتی ہے۔جب وہ تارکاٹ دی جائے توخاموشی محض سڑکوں پرنہیں اترتی،گھروں کے اندربھی پھیلتی ہے۔انتظامی زبان اسے احتیاط کہہ سکتی ہے؛متاثرہ شہری کیلئےیہ اپنی زندگی پراختیارکھونے کاتجربہ ہوتاہے۔امن کی پائیداری کیلئےاس تجربے کوسننالازم ہے۔
جولائی2019ءکی اقوامِ متحدہ کی رپورٹ،جواگست کی تبدیلیوں سے پہلے کے عرصے کاجائزہ تھی،نے بھارتی مقبوضہ کشمیرمیں سنگین خلاف ورزیوں اوراحتساب کی رکاوٹوں پرسوال اٹھائے۔جس کی بناءپرکشمیرکامنصفانہ مقدمہ ایک ہمہ گیراصول پرقائم ہے:شہری پرظلم، خواہ کسی ریاست یامسلح جماعت کی جانب سے ہو، قابلِ مواخذہ ہے۔گوکشمیراورغزہ کوایک ہی قانونی یاتاریخی واقعہ قراردینے کیلئے یہ سمجھنے کی ضرورت ہے۔دونوں کی جغرافیائی ساخت،تنازع کی نوعیت اور سیاسی تاریخ مختلف ہیں۔گجرات بھی ان دونوں سے الگ،ایک ریاست کے اندرفرقہ وارانہ تشددکاباب ہے۔ان کے درمیان تقابل کا معتبرمیدان شہری تحفظ،اجتماعی سزاکے خطرے،انسانی وقاراورجوابدہی کے سوالات ہیں۔مظلوموں کے دکھ کوسمجھنے کیلئےفرق مٹانا ضروری نہیں؛مختلف راستوں سے آنے والی فریادبھی ایک ہی اخلاقی سماعت کی مستحق ہوسکتی ہے۔
بھارت اوراسرائیل کے تعلقات مودی سے پہلے قائم ہوچکے تھے،لیکن موجودہ بحث میں ان کی حکومت کے تحت عسکری شراکت کی اہمیت نمایاں ہے۔ فروری 2024ءکی رائٹرز رپورٹ نے بتایاکہ غزہ کی جنگ کے باوجوداسرائیل سے بھارت کودفاعی برآمدات متاثرنہیں ہوئی تھیں۔اسی رپورٹ میں بھارت میں مشترکہ طورپرتیارکیے جانے والے ہرمس 900 طیاروں کی اسرائیل کوبرآمدکابھی ذکرتھا۔اس سے ایک دوطرفہ عسکری صنعتی تعلق سامنے آتاہے؛ہربرآمدکے کسی مخصوص حملے میں استعمال کاثبوت اس سے خودبخود اخذنہیں ہوتا۔
تاہم معاملہ محض سفارتی تصویروں تک محدودنہیں رہا۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے30جولائی2026ءکی تحقیق میں بتایاکہ اس نے7اکتوبر2023ء سے30 نومبر 2025 ء تک بھارت سے اسرائیل جانے والی اسلحے،گولہ باروداورمتعلقہ پرزوں کی2596ترسیلات کاتجزیہ کیا۔تحقیق میں سرکاری ملکیت والی کمپنیوں سمیت متعدداداروں کی نشاندہی کی گئی۔تنظیم نے ان منتقلیوں سے سنگین خلاف ورزیوں میں معاونت کے خطرے پرخبرداراورانہیں روکنے کامطالبہ کیا؛اس کے مطابق اشاعت تک بھارتی حکومت اورنامزدکمپنیوں کاجواب موصول نہیں ہواتھا۔
یہاں سیاسی تنقید کودستاویزی بنیادملتی ہے،مگرقانونی احتیاط برقراررہنی چاہیے۔ایمنسٹی کانتیجہ ایک انسانی حقوق کی تنظیم کی تحقیق اور قانونی تعبیرہے، اگر مودی کی ذاتی مجرمانہ شرکت پر عدالتی فیصلہ نہیں تویقیناً ذمہ دارسوال یہ ہے کہ جب سنگین شہری نقصان کے شواہد سامنے ہوں تواسلحہ فراہم کرنے والی حکومت خطرات کی جانچ کیسے کرتی ہے،اجازت کس بنیادپردیتی ہے اورعوام کوکیاجواب دیتی ہے ؟ایسی شفافیت کےبغیر قومی مفاد کادعویٰ احتساب سے بچنے کی اوٹ بن سکتاہے۔
غزہ کے بارے میں نسل کشی کی اصطلاح بھی سنجیدگی کاتقاضہ کرتی ہے۔جنوبی افریقہ کے مقدمے میں عالمی عدالتِ انصاف نے2024ء میں فلسطینیوں کے متعلقہ حقوق کے تحفظ کیلئے عبوری احکامات جاری کیے،جن میں نسل کشی کے ممنوع افعال کی روک تھام اورانسانی امدادسے متعلق اقدامات شامل تھے۔اگرچہ وہ احکامات بذاتِ خودنسل کشی کے ارتکاب کاحتمی فیصلہ نہیں تھے۔تاہم انسانی حقوق کی تنظیم کے نتیجے،زیرِ سماعت الزام اورعدالت کے آخری فیصلے میں فرق رکھنامظلوم کے مقدمے کوکمزو نہیں،مضبوط کرتا ہے۔
ادھردوسری طرف بھارت کے مؤقف کی منافقانہ پالیسی بھی غورطلب ہے:اس نے دسمبر2023ءمیں غزہ میں انسانی بنیادوں پرجنگ بندی کی قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔بھارتی وزارتِ خارجہ کے بیانات میں فلسطینیوں کیلئےامداد،مذاکرات اوردوریاستی حل کی حمایت کی لیکن دوسری طرف غزہ میں جاری قتل وغارت کے دوران اسلحہ سپلائی بھی جاری رکھی۔اصل تنقیداسی تضادسے جنم لیتی ہے۔ایک طرف فلسطینی ریاست اورانسانی امدادکی حمایت،دوسری طرف ایساعسکری تجارتی تعلق جس پرسنگین انسانی نتائج کے سوال اٹھ رہے ہوں۔ حکومت کیلئےضروری ہے کہ وہ ان دونوں سمتوں کی مطابقت واضح کرے۔روٹی بھیجنے سے اسلحے کی منتقلی کاسوال ساقط نہیں ہوتا؛ اسی طرح اسلحے کے تعلق کی موجودگی امدادکے ہر اقدام کوبے معنی بنادیتی ہے۔تحقیق کاکام دونوں ک سامنے رکھ کرپالیسی کی اخلاقی ساخت جانچناہے۔
ٹرمپ،نیتن یاہواورمودی کوایک ہی خانے میں رکھ دینابھی بہت اہم ہے۔ان ریاستوں کی قوت،آئینی نظام،ذمہ داریاں اورمتعلقہ واقعات میں کردارمختلف ہیں۔پھر بھی ان کے سیاسی طرزمیں ایک قابلِ بحث مماثلت نظرآتی ہے:قومی سلامتی اورعظمت کے بیانیے میں قائدکی ذات کا غیرمعمولی مرکزبن جانا۔جب اختلاف کوغداری کے قریب پہنچادیاجائے اورحکمران کی مخالفت کووطن کی مخالفت سمجھاجانے لگے تو اصلاح کے دروازے تنگ پڑتے ہیں۔
اس طرزِسیاست میں دشمن صرف سرحدکے پارنہیں ہوتا؛وہ اندربھی تلاش کیاجاتاہے۔کبھی اقلیت،کبھی صحافی،کبھی انسانی حقوق کاکارکن اورکبھی اختلاف رکھنے والاشہری اس شناخت کا بوجھ اٹھاتاہے۔یہ ایک تجزیاتی تنبیہ ہے،ہرملک کے ہرواقعے پریکساں حکم نہیں۔لیکن اس کااصول واضح ہے:قومی یکجہتی خوف سے قائم ہوتوبظاہرمضبوط دکھائی دینے والامعاشرہ اندر سے کمزوررہتاہے۔اعتمادکی جگہ اطاعت اورمکالمے کی جگہ نعرہ لے لیتاہے۔اس صورتِ حال میں اسلامی فکرکا سب سے مضبوط جواب عدل ہے۔قرآن دشمنی کے باوجودانصاف پر قائم رہنے کی تعلیم دیتاہے۔اس اصول کاتقاضاہے کہ مسلمان مظلوم کی حمایت کرتے ہوئے غیرمسلم شہری کی جان بھی اتنی ہی محترم سمجھے ،اورکسی حکومت کی مخالفت میں اس کے پورے مذہب یاعوام کومجرم نہ ٹھہرائے۔مودی پرتنقیدہندوؤں کے خلاف نفرت نہیں اسی طرح نیتن یاہوکی پالیسیوں کامحاسبہ یہودیوں کی اجتماعی مذمت بھی نہیں ہے۔انصاف اپنی وسعت کھودے تواحتجاج بھی تعصب کا لباس پہن لیتاہے۔
ادبی نثرکی شان بھی اسی ضبط میں ہے۔فصاحت کاکمال بلندآوازہونے میں نہیں،درست بات کوایسا وزن دینے میں ہے کہ وہ دل اورعقل دونوں میں اترے۔ تاریخ نویس کوخون دیکھ کربے حس نہیں ہوناچاہیے،لیکن اسے اپنے قلم کوانتقام کے حوالے بھی نہیں کرناچاہیے۔مظلوم کی گواہی،حکمران کامؤقف،عدالت کافیصلہ اورآزادتحقیق سب اپنی اپنی جگہ محفوظ ہوں؛پھرتجزیہ ان کے درمیان معنی کی راہ بنائے۔
عملی تقاضے بھی واضح ہیں۔گجرات کے متاثرین کیلئےانصاف اورتحفظ،کشمیر میں شہری آزادیوں اورمعتبرسیاسی مکالمے کی گنجائش، اورغزہ میں انسانی امداد،شہری سلامتی اورفلسطینی سیاسی حقوق بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔اسلحے کی منتقلی میں انسانی حقوق کے خطرات کاشفاف جائزہ ہوناچاہیے۔حکومتوں کے اقدامات کی آزادانہ تحقیق کوسیاسی دشمنی کہہ کرمستردکرنااحتساب کی روح کے خلاف ہے۔دیرپاامن کیلئےقانون کی پابندی کواتحادی اورمخالف دونوں پریکساں معیاربناناہوگا۔
دنیاکاامتحان صرف ان تین رہنماؤں کے کردارمیں نہیں،ان اداروں میں بھی ہے جوان کے فیصلوں کومحدودیاآسان کرتے ہیں۔پارلیمان اگر سوال نہ کرے، ذرائع ابلاغ اگرتشہیرکے تابع ہوجائیں اوربیرونی طاقتیں اگرمفادکی خاطرانسانی حقوق کومؤخرکرتی رہیں توشخصی اقتدار کادائرہ بڑھتاجاتاہے۔رہنمابدل بھی جائے ،بے جوابدہی کی ساخت باقی رہ سکتی ہے۔اس لیے کسی ایک چہرے کی مذمت کے ساتھ نظام کی اصلاح بھی ضروری ہے۔
پچھلے مضمون میں دوبوڑھوں کے حوالے سے انسانیت کاکٹہراسامنے آیاتھا؛تیسرے چہرے نے اس کٹہرے کی وسعت واضح کردی ہے۔ گجرات،کشمیراورغزہ الگ تاریخیں ہیں،مگرشہری کے وقارکاسوال مشترک ہے۔تاریخ کسی حکمران سے یہ نہیں پوچھے گی کہ اس کی تقریرپرکتنی تالیاں بجیں؛وہ یہ پوچھے گی کہ اس کے اختیارکے زمانے میں کمزورانسان کتنامحفوظ تھا۔
اقتدارکی اصل عظمت اس ہاتھ میں ہے جواپنی قوت کے باوجودظلم سے رک جائے۔قومی وقاراس سیاست میں ہے جواختلاف کوبرداشت کرے اورانسانی جان کواپنے بیانیے سے زیادہ عزیزجانے۔گجرات کے اجڑے گھر،کشمیرکی خاموش گلیاں اورغزہ کے کھنڈرات ہمیں اسی طرف متوجہ کرتے ہیں:طاقت کی عمرمحدود ہے مگراس کے فیصلوں کادکھ نسلوں تک باقی رہتا ہے۔تہذیب تب زندہ رہتی ہے جب وہ اس دکھ کوسننے،اس کی تحقیق کرنے اوراس کے ذمہ داروں سے سوال پوچھنے کاحوصلہ محفوظ رکھے۔











