تاریخِ عالم کا مطالعہ اس حقیقت سے پردہ اٹھاتا ہے کہ سلطنتوں کے عروج و زوال، اقوام کی سربلندی و زبوں حالی اور تہذیبوں کی شکست و ریخت کے فیصلے ہمیشہ میدانِ کارزار ہی میں نہیں ہوئے، بلکہ بسا اوقات ایوانِ اقتدار کی خاموش راہداریوں، سفارتی مجلسوں اور مذاکرات کی میزوں پر بھی قوموں کے مقدر لکھے گئے ہیں۔ تلوار سے فتح کیے ہوئے علاقوں کی حدبندی قلم سے کی گئی اور میدانِ جنگ میں بہنے والے خون کی قیمت سفارت کاری کے ترازو میں تولی گئی۔
بیسویں صدی کے وسط میں بحیرۂ اسود کے ساحل پر منعقد ہونے والی یالٹا کانفرنس اسی سیاسی حقیقت کا ایک عبرت انگیز استعارہ ہے۔ آج آٹھ دہائیوں سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود اس کانفرنس کی بازگشت عالمی سیاست کے ایوانوں میں سنائی دے رہی ہے۔
چین،روس اورامریکاکے سربراہان کے درمیان ایک غیرمعمولی سہ فریقی ملاقات کی تیاریوں سے متعلق اطلاعات نے عالمی سفارت کاری میں ایک نئی بحث چھیڑدی ہے۔روسی صدر ولادیمیرپوتن،امریکی صدرڈونلڈٹرمپ اورچینی صدرشی جن پنگ کی ممکنہ ملاقات کوجہاں بین الاقوامی تعلقات میں ایک اہم پیش رفت کے طورپردیکھاجارہاہے،وہاں یورپ،بالخصوص یوکرین، کے سیاسی حلقوں میں اندیشہ پایاجاتاہے کہ کہیں یہ اجتماع ایک نئی یالٹاکانفرنس کاپیش خیمہ ثابت نہ ہو۔
سوال محض یہ نہیں کہ دنیاکی تین بڑی طاقتوں کے سربراہ ایک میزپرکیوں جمع ہوناچاہتے ہیں؛اصل سوال یہ ہے کہ اس میزپرکن اقوام کی تقدیرزیرِبحث آئے گی،کن ریاستوں کے مفادات کوترجیح دی جائے گی اورکون سی اقوام اپنے ہی مستقبل سے متعلق فیصلوں میں اپنی آوازبلند کرنے کے حق سے محروم رہ جائیں گی۔
چارنومبرکوپوتن ماسکوکے تاریخی ریڈاسکوائرمیں اسکول کے بچوں کا ایک گروہ کے ہمراہ مرکزی نمائشی ہال’مانیز‘میں ایک نمائش دیکھنے پہنچے۔نمائش کے دوران پوتن ایک ایسے مجسمے کے سامنے ٹھہرگئے جس میں فروری1945ءکی تاریخی یالٹاکانفرنس کا منظرمجسم کیاگیاتھا۔اس مجسمے میں برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل،امریکی صدرفرینکلن ڈی روزویلٹ اورسوویت یونین کے سربراہ جوزف اسٹالن کوایک ساتھ دکھایاگیاتھا۔پوتن نے بچوں کوبتایاکہ یہ ان تین بڑی طاقتوں کے رہنماتھے جوجنگ کے بعددنیاکے نئے نظام پرگفتگوکرنے کیلئےجمع ہوئے تھے۔
بظاہریہ ایک تاریخی منظرکی توضیح تھی،لیکن اس واقعے کی سیاسی معنویت اس وقت اوربھی بڑھ جاتی ہے جب معلوم ہوتاہے کہ اس سے ایک روزقبل چین کی وزارتِ خارجہ اورکریملن نے18اور19نومبرکوروسی،امریکی اورچینی صدورکی ممکنہ ملاقات کیلئے جاری بات چیت کااعلان کیا تھا۔اطلاعات کے مطابق تینوں رہنماؤں کی چین کے شہرشینژن میں ایشیاپیسیفک اقتصادی تعاون،یعنی ایپک ،کے سربراہی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔
اکتوبرمیں جب روس کی جانب سے اس سہ فریقی ملاقات کی تجویزسامنےآئی تویورپی یونین اوریوکرین کے سیاسی حلقوں میں تشویش کی ایک لہردوڑگئی۔اس تشویش کی جڑیں موجودہ سیاسی اختلافات ہی میں نہیں بلکہ تاریخ کے ان تلخ تجربات میں بھی پیوست ہیں جن کاعنوان یالٹاہے۔اس تاریخی منظراورموجودہ سفارتی سرگرمیوں کے درمیان مماثلت غورطلب ضرورہے ، تاہم اسے کسی طے شدہ خفیہ منصوبے کاقطعی ثبوت قراردیناقبل ازوقت ہوگا۔
فروری1945ءمیں دوسری عالمی جنگ اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہوچکی تھی۔نازی جرمنی کی شکست کے آثارنمایاں تھے اور اتحادی طاقتوں کے سامنے جنگ کے بعدقائم ہونے والے عالمی نظام کی صورت گری کاسوال کھڑاتھا۔ایسے میں امریکا،برطانیہ اور سوویت یونین کے سربراہان بحیرۂ اسودکے کنارے روسی زارکے سابق محل میں جمع ہوئے۔اس اجتماع کا مقصدجنگ کے بعدکے سیاسی انتظامات اورعالمی طاقتوں کے باہمی مفادات کاتعین کرناتھا۔
جوزف اسٹالن نے جرمنی کی شکست کےبعدجاپان کے خلاف جنگ میں شامل ہونے پررضامندی ظاہرکی۔اس کے عوض مشرقی یورپ میں سوویت یونین کے اثرورسوخ کووسعت دینے پراتفاق کیاگیا۔اسی دوران مشرقی ایشیاکے متعلق ایک خفیہ معاہدہ بھی طے پایا، جس کےتحت جنوبی سخالین اورجزائرِکوریل سوویت یونین کودیےجانے،چین میں سوویت بحری اڈے پورٹ آرتھرکی بحالی اور منچوریامیں سوویت یونین کو خصوصی معاشی حقوق دینے کے انتظامات کیےگئے۔یہ وہ مقام تھاجہاں جنگی اتحاد کی ضرورتیں،قومی خودمختاری کے تقاضے اوربڑی طاقتوں کے استعماری مفادات ایک دوسرے سے متصادم دکھائی دیے۔
مشرقی یورپ کے سیاسی حافظے میں رفتہ رفتہ لفظ ’یالٹا‘محض ایک مقام یاکانفرنس کانام نہیں رہا،بلکہ ایک ایسے سیاسی طرزِعمل کا استعارہ بن گیاجس میں بڑی طاقتیں دنیاکواپنے حلقہ ہائے اثرمیں تقسیم کرتی ہیں اورکمزورریاستوں کے مفادات کواپنی مصلحتوں کے تابع بنادیتی ہیں۔تاریخ کایہ باب اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ مذاکرات کی میزپرموجودہونااورمذاکرات کا موضوع ہونا،دویکسرمختلف سیاسی حیثیتیں ہیں۔پہلی حیثیت اختیارکی علامت ہے،جبکہ دوسری بسااوقات بے اختیاری کانوحہ بن جاتی ہے۔
آج یورپ کے سیاسی ایوانوں میں نئی یالٹاکاتذکرہ محض ایک تاریخی مماثلت کے طورپرنہیں ہورہا،بلکہ اس کے پس منظرمیں قومی خودمختاری،علاقائی سلامتی اورسیاسی اختیارکے نہایت اہم سوالات کارفرماہیں۔یوکرین کواندیشہ ہے کہ کہیں اس کی سرزمین،قومی سلامتی اورسیاسی مستقبل کے متعلق ایسے فیصلے نہ کرلیے جائیں جن میں خوداس کی رائے کوکوئی خاطرخواہ اہمیت حاصل نہ ہو۔
یوکرینی صدرولادیمیرزیلنسکی نے واضح کیاہے کہ وہ ہرگزنہیں چاہتے کہ روس،امریکااورچین کی یہ ممکنہ ملاقات’یالٹاٹو،تھری یا فور‘کی صورت اختیارکرلے ، جہاں دنیامیں محض اثرورسوخ کے حصے بانٹنے پرگفتگوہو۔زیلنسکی کے مطابق اگرالاسکامیں ہونے والی ملاقات کے بعدمعاملات اسی سمت میں آگے بڑھتے ہیں جس کااظہارروسی حکام ایک نئی یالٹاکی خواہش کی صورت میں کررہے ہیں،تویہ روس کی دوسری بڑی سفارتی کامیابی ہوگی۔دوسری جانب جرمن چانسلر فریڈرک مرزنے بھی اس امرپرزوردیاہے کہ یوکرین میں جنگ کے خاتمے سے متعلق مذاکرات میں یورپ کی شرکت ناگزیرہے۔روس پرعائدپابندیوں، مستقبل کے سلامتی انتظامات اورکسی بھی ممکنہ امن معاہدے کے بنیادی معاملات کافیصلہ یورپی ممالک کی شمولیت کے بغیر نہیں کیاجا سکتا۔یورپ کایہ مؤقف دراصل اس سیاسی حقیقت کااعتراف ہے کہ جس خطے کوجنگ کے نتائج بھگتناپڑیں،اسے امن کی شرائط طےکرنے کے عمل سے بے دخل نہیں کیاجاسکتا۔امن اگرمتعلقہ اقوام کی رضامندی کے بغیر مسلط کیاجائے تووہ پائیدارمصالحت کے بجائے ایک عارضی سیاسی بندوبست بن سکتاہے۔تاریخ میں ایسے بندوبست بسااو قات آنے والے تصادم کے بیج اپنے دامن میں لیے ہوئے ہوتے ہیں۔بین الاقوامی سیاست میں روس کی موجودہ سفارتی حکمتِ عملی کوسمجھنے کیلئےاس ممکنہ ملاقات کے اغراض ومقاصدکاباریک بینی سے جائزہ لینا ضروری ہے۔
امریکی اخبار’وال اسٹریٹ جرنل‘کی رپورٹ کے مطابق پوتن اس ملاقات کے ذریعے یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئےایسی شرائط کی حمایت حاصل کرناچاہتے ہوں گے جوروسی مفادات سے ہم آہنگ ہوں۔تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ روسی صدراپنے امریکی اور چینی ہم منصبوں کے سامنے کون سی مخصوص تجاویز رکھنا چاہتے ہیں۔پوتن کے معاون یوری اوشاکوف نے اشارہ دیاہے کہ یوکرین کامعاملہ کسی نہ کسی صورت میں ملاقات کے ایجنڈے کاحصہ ضرورہوگا ، لیکن مذاکرات کے ممکنہ موضوعات کافی الحال صرف ایک ابتدائی خاکہ موجود ہے۔
ماسکوکیلئےاس اجتماع کی اہمیت محض یوکرین جنگ کے ممکنہ تصفیے تک محدودنہیں۔روس یہ باورکرانابھی چاہتاہے کہ اسے عالمی سیاست میں تنہاکرناممکن نہیں اوربین الاقوامی نظام کی تشکیل میں اس کی حیثیت کونظاندازنہیں کیاجاسکتا۔امریکااورچین کے سربراہان کے ساتھ ایک ہی میزپربیٹھنا،روس کیلئےاپنی عالمی حیثیت کے اظہارکاایک اہم سفارتی موقع بن سکتاہے۔یہ سفارت کاری کا وہ پہلوہے جہاں کسی ملاقات کی علامتی اہمیت بعض اوقات اس کے عملی نتائج سے بھی زیادہ نمایاں ہوجاتی ہے۔روس کیلئےاگرکوئی جامع معاہدہ طے نہ بھی پائے، تب بھی تین بڑی طاقتوں کے اجتماع کاانعقادبذاتِ خودایک سفارتی کامیابی تصورکیاجاسکتاہے۔
ٹرمپ نے ممکنہ سہ فریقی ملاقات میں یوکرین کے معاملے پرگفتگوہونے کی تردیدکی ہے۔ان کے مطابق تینوں عالمی رہنماجوہری ہتھیاروں اوران میں کمی کے امکانات پرتبادلۂ خیال کر سکتے ہیں۔یہ مؤقف روسی حکام کے بیانات سے مختلف دکھائی دیتاہے،جس سے ظاہرہوتاہے کہ ملاقات کے بنیادی ایجنڈے کے بارے میں ابھی مکمل اتفاقِ رائے موجود نہیں۔واشنگٹن کی امریکن یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسرجوزف ٹوریگین کے مطابق ٹرمپ کیلئےیہ ایک بڑی اورغیرمعمولی عالمی تقریب ہوگی۔انہیں یہ دعویٰ کرنے کا موقع مل سکتا ہے کہ انہوں نے دنیاکی بڑی طاقتوں کے سربراہان کوایک میزپرجمع کرکے عالمی امن کیلئےاہم کرداراداکیاہے۔
سیاست کی دنیامیں تاریخی اجتماعات محض سفارتی سرگرمیاں نہیں ہوتے،بلکہ وہ سیاسی قیادت کی شخصیت،اس کے عالمی مقام اور اس کی تاریخی میراث کی تشکیل میں بھی کرداراداکرتے ہیں۔اہم ذرائع کے مطابق امریکی کانگریس کے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعدٹرمپ کی عالمی سیاسی حیثیت بھی پہلے جیسی مضبوط نہیں رہی۔ایسے حالات میں ایک غیرمعمولی بین الاقوامی اجتماع ان کیلئےسیاسی اعتبارسے اہم ہوسکتاہے۔اس کے باوجوداصل معیاریہ ہوگاکہ یہ اجتماع عالمی تنازعات کے حل، جوہری خطرات میں کمی اوربین الاقوامی اعتمادکی بحالی کیلئےکس حد تک ٹھوس پیش رفت کاباعث بنتاہے۔ محض سفارتی تصویراور حقیقی سیاسی کامیابی کے درمیان ایک طویل فاصلہ ہوتاہے۔
اس ممکنہ سہ فریقی ملاقات میں چین کی سیاسی حیثیت نہایت اہم،لیکن اس کے اغراض ومقاصد روس اورامریکا کے مقابلے میں کم واضح ہیں۔بیجنگ کوایک طرف روس کے ساتھ اپنے تعلقات اورعالمی طاقت کی حیثیت سے اپنی سیاسی اہمیت کاخیال رکھناہے،جبکہ دوسری جانب یورپ کے ساتھ وسیع تجارتی تعلقات اوراپنی بین الاقوامی ساکھ کاتحفظ بھی اس کی خارجہ پالیسی کے اہم تقاضے ہیں۔جوزف ٹوریگین کے مطابق چین ایسی کسی بات چیت کاحصہ بننے سے گریزکرناچاہتاہے جس میں یوکرین جنگ کے معاملے پریورپ کونظراندازکیاجائے۔بیجنگ اس تاثرکوبھی زائل کرناچاہتاہے کہ وہ جنگ میں روس کی حمایت کرنے والی طاقت ہے اوراس کے نتیجے میں اس کی عالمی ساکھ متاثرہو۔
اگرچہ حالیہ برسوں میں چین کے بعض بااثرحلقوں میں یورپی یونین کی سیاسی اہمیت پہلے کے مقابلے میں کم ہوئی ہے،تاہم وسیع تجارتی مفادات کے باعث یورپ کے ساتھ اچھے تعلقات برقراررکھناچین کی ضرورت ہے۔جوہری ہتھیاروں کے معاملے پربھی بیجنگ کی سوچ محتاط ہے۔ٹوریگین کے مطابق چین اپنے جوہری پروگرام کومحدودتصورکرتاہے اوراس پروگرام سے متعلق معلومات کی محدودتشہیرکواپنے لیے فائدہ مندسمجھتاہے۔لہٰذایہ فرض کرلینا درست نہیں ہوگاکہ چین کسی جامع جوہری معاہدے یادنیاکی نئی سیاسی تقسیم کے منصوبے میں اسی جوش وخروش سے شریک ہوگاجس کااظہاردیگرفریقوں کی جانب سے کیاجارہاہے۔سفارت کاری میں خاموشی ہمیشہ کمزوری کی علامت نہیں ہوتی؛بعض اوقات یہ اپنے مفادات کے تحفظ،حالات کے مطالعے اور مناسب وقت کے انتظار کی حکمتِ عملی بھی ہوتی ہے۔
یالٹا کانفرنس کے حوالے سے چین کا تاریخی تجربہ بھی خوش گوار نہیں رہا۔1945ءمیں جوزف اسٹالن نے منچوریامیں سوویت یونین کیلئےخصوصی مفادات حاصل کیے تھے،جن پرچین کو اعتراض تھا۔بعدازاں 1949ءمیں چین میں کمیونسٹ حکومت کے قیام کے بعد ماؤ زے تنگ کوبھی احساس ہواکہ یالٹا کانفرنس میں چین کے متعلق سوویت مطالبات اس کی قومی خود مختاری اورمفادات کیلئےایک اہم مسئلہ تھے۔جوزف ٹوریگین کے مطابق یہی معاملات بعدکے برسوں میں چین اورسوویت یونین کے درمیان پیداہونے والے اختلافات کے اسباب میں بھی شامل تھے۔
یہ تاریخی پس منظرموجودہ چینی سفارتکاری کوسمجھنے میں مدددیتا ہے۔ ماضی میں بڑی طاقتوں کے ایسے فیصلوں سے متاثرہونے والاچین آج خود عالمی سیاست کی ایک بڑی طاقت ہے۔اس کے سامنے سوال یہ ہے کہ آیاوہ اسی سیاسی طرزِعمل کاحصہ بنناچاہے گا جس کے نتائج کبھی اسے خودبھگتناپڑے تھے۔تاریخ کایہ تجربہ اس حقیقت کاغمازہے کہ نظریاتی قربت ہمیشہ قومی مفادات کی یکسانیت کی ضمانت نہیں ہوتی۔قوموں کے باہمی تعلقات میں دوستی اوراشتراک اپنی جگہ،لیکن قومی خودمختاری،اقتصادی مفادات اور سیاسی اختیارکے سوالات اکثر نظریاتی وابستگیوں پرغالب آجاتے ہیں۔
تاریخی واقعات کاتقابلی مطالعہ کرتے ہوئے محض ظاہری مماثلتوں پراکتفاکرناتحقیق کے بنیادی تقاضوں سے صرفِ نظرکرنے کے مترادف ہے۔1945ء کی یالٹاکانفرنس اورشینژن میں متوقع ملاقات کے درمیان بعض مماثلتیں ضرورہیں،لیکن دونوں ادوارکے سیاسی اورعسکری حالات میں بنیادی اختلافات بھی موجود ہیں۔فروری1945ءتک سوویت افواج رومانیہ، بلغاریہ ،پولینڈ،ہنگری اورچیکو سلواکیہ کے بڑے حصوں پر قبضہ کرچکی تھیں۔اسٹالن ایک ایسی عسکری قوت کے ساتھ مذاکرات کی میزپرموجودتھے جس کی طاقت کےعملی مظاہرمشرقی یورپ کے میدانوں میں نمایاں تھے۔
موجودہ روس کووہ عسکری حیثیت حاصل نہیں جویالٹاکے وقت سوویت یونین کوحاصل تھی۔روسی افواج مشرقی یوکرین کے ان تمام علاقوں پربھی مکمل کنٹرول نہیں رکھتیں جنہیں کریملن روس کاحصہ قراردے چکاہے۔دوسرابنیادی فرق یہ ہے کہ1945ءمیں یالٹا کانفرنس میں شریک تینوں بڑی طاقتیں دوسری عالمی جنگ میں براہِ راست شریک تھیں،جبکہ موجودہ ممکنہ ملاقات میں شامل تین ممالک میں سے صرف روس یوکرین جنگ میں براہِ راست شریک ہے۔مشرقی یورپ کے حوالے سے مؤرخین آج بھی اس بحث میں مصروف ہیں کہ آیا سوویت یونین نے اس وقت کے جنگی حالات سے غیرمعمولی سیاسی فائدہ اٹھایاتھایااس کے اقدامات کواس عہدکے دوسرے عوامل کے تناظرمیں دیکھاجاناچاہیے۔لہٰذاموجودہ ملاقات کوبعینہٖ یالٹاکااعادہ قراردیناتاریخی اعتبارسے درست نہیں ہوگا۔البتہ بڑی طاقتوں کے حلقہ ہائے اثرکے تصورنے دونوں ادوارکے درمیان ایک فکری اورسیاسی مماثلت ضرورپیداکی ہے۔
جوزف ٹوریگین کے مطابق موجودہ دورمیں دنیاکوبڑی طاقتوں کے واضح حلقہ ہائے اثرمیں تقسیم کرنے میں بنیادی دلچسپی روس رکھتاہے۔امریکی انتظامیہ کی قومی سلامتی کی حکمتِ عملی میں مغربی دنیاکوامریکاکے حلقۂ اثرکے طورپرپیش کیے جانے کے باوجودواشنگٹن نے تائیوان کی حمایت ترک نہیں کی۔دوسری جانب لاطینی امریکامیں چین کی موجودگی بھی بیجنگ کیلئےخصوصی اہمیت رکھتی ہے۔یہ صورتِ حال ظاہرکرتی ہے کہ موجودہ عالمی سیاست کوجغرافیائی دائروں میں تقسیم کرنااتناآسان نہیں جتنابظاہر تصورکیاجاسکتاہے۔اگربڑی طاقتیں ایک دوسرے کیلئےمخصوص حلقہ ہائے اثرتسلیم کربھی لیں توان کے اقتصادی، عسکری اور سیاسی مفادات مختلف خطوں میں ایک دوسرے سے متصادم رہ سکتے ہیں۔گویاعالمی سیاست کی بساط پرکھینچی جانے والی لکیریں معاشی حقیقتوں اور قومی مفادات کی پیچیدگیوں کے سامنے ہمیشہ قائم نہیں رہ سکتیں۔
روس خودکوامریکااورچین کے مساوی ایک بڑی عالمی طاقت تصورکرتاہے۔اگرچہ چین کے سرکاری بیانات میں بھی روس کواسی درجے کی طاقت قراردیا جاتارہاہے،تاہم ان کے مطابق پسِ پردہ چینی ماہرین اورقیادت روس کوامریکا کے مساوی حیثیت نہیں دیتے۔ چین کے بااثرحلقے بنیادی طورپرامریکاہی کواپنے برابرکی عالمی طاقت سمجھتے ہیں۔یہ فرق اس سہ فریقی ملاقات کی سیاسی معنویت کومزیدپیچیدہ بنادیتاہے۔
اگرامریکااورروس کے سربراہان چین پہنچ کرشی جن پنگ کے ساتھ مذاکرات کرتے ہیں تواس اجتماع سے دنیامیں چین کی سیاسی اہمیت بڑھ سکتی ہے۔شی جن پنگ ایک ایسے عالمی رہنما کے طورپرسامنے آسکتے ہیں جن سے ملاقات کیلئےدوسری بڑی طاقتوں کے سربراہ خود چین کارخ کرتے ہیں۔تاہم سیاسی تجزیہ نگاراس سوال پرابھی پوری طرح قائل نہیں کہ چین اس ملاقات کے ذریعے اپنا عالمی اثرورسوخ بڑھانے کا خواہش مندبھی ہے یانہیں۔یہاں سفارتی ظواہراورحقیقی سیاسی ترجیحات کے درمیان فرق کوسمجھنا ضروری ہے۔ہربڑی طاقت ایک ہی اجتماع میں شریک ہوکربھی مختلف منزلوں کی مسافرہوسکتی ہے۔
یہ امر بھی تاریخی دلچسپی کاحامل ہے کہ ماضی میں امریکاخودیالٹاکانفرنس اوراس کے نتیجے میں پیداہونے والے سیاسی انتظامات پر تنقیدکرتارہاہے۔ 2000ء کی دہائی میں مشرقی یورپ کے دوروں کے دوران اس وقت کے امریکی صدرجارج ڈبلیوبش نے یالٹامعاہدوں کوتاریخ کاایک تاریک باب قراردیاتھا۔ اخبار ’نیویارک ٹائمز‘کے حوالے سے زیرِنظرمضمون میں بش کی تنقید کاخصوصی نشانہ پوتن تھے۔ان کامؤقف تھاکہ روس کواپنے پڑوسی ممالک کے معاملات میں مداخلت کاکوئی حق نہیں اوراسے سوویت یونین کے ماضی کے اقدامات پرمعافی مانگنی چاہیے۔یہی وجہ ہے کہ2002ءمیں لتھوانیاکے دارالحکومت ولنیئس میں خطاب کے دوران بش نے کہاتھا: “اب کوئی نئی یالٹاکانفرنس نہیں ہونی چاہیے”۔
آج تقریباًایک چوتھائی صدی بعداگرپوتن امریکااورچین کے سربراہان کوایک ایسے اجتماع پرآمادہ کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں جس میں کسی حد تک یالٹاکی جھلک دکھائی دے،تویہ روس کیلئےایک اہم علامتی سفارتی کامیابی ہوگی،خواہ اس ملاقات سے کوئی ٹھوس معاہدہ سامنے نہ آئے۔عالمی سیاست کایہ پہلوبھی قابلِ غورہے کہ حکومتیں بدلنے کے ساتھ بعض اوقات ان اصولوں کی تعبیربھی بدل جاتی ہے جنہیں کبھی خارجہ پالیسی کی بنیاد قراردیاجاتاتھا۔
یالٹاسے شینژن تک پھیلی ہوئی اس سیاسی بحث میں ایک بنیادی اخلاقی سوال بھی مضمرہے:کیاقوت کی فراوانی کسی ریاست کویہ اختیارعطاکرتی ہے کہ وہ دوسری اقوام کی تقدیرکافیصلہ ان کی رضامندی کے بغیرکرے؟اسلامی تصورِسیاست میں عدل محض ایک اخلاقی فضیلت نہیں بلکہ اجتماعی نظم ونسق کی اساس ہے۔اقتدارکی عظمت اس کے غیرمحدوداستعمال میں نہیں،بلکہ اس کے عادلانہ اورذمہ دارانہ استعمال میں پوشیدہ ہے۔قرآنِ حکیم میں ارشادِباری تعالیٰ ہے:
کسی قوم کی دشمنی تمہیں اس بات پر آمادہ نہ کرے کہ تم عدل نہ کرو۔عدل کرو،یہی تقویٰ کے زیادہ قریب ہے۔(المائدہ: 8)
اس اصول کی روشنی میں عالمی امن کاحقیقی مفہوم محض بڑی طاقتوں کے درمیان جنگ نہ ہونے کانام نہیں،بلکہ ایک ایسے منصفانہ نظام کاقیام بھی ہے جس میں کمزوراورطاقتور،دونوں کےجائز حقوق کااحترام کیاجائے۔
دنیاکی چھوٹی ریاستیں عالمی سیاست کی شطرنج کے بے جان مہرے نہیں،بلکہ اپنی تاریخ، تہذیب،قومی تشخص اورسیاسی ارادے کی حامل اقوام ہیں۔طاقت اوراختیارکواگرعدل اوراخلاقی ذمہ داری سے بے نیازکردیاجائے توسیاسی استحکام کاظاہری محل تعمیرتوہوسکتا ہے،لیکن اس کی بنیادوں میں محرومی،بے اعتمادی اورمزاحمت کے عناصرباقی رہتے ہیں۔
شینژن میں روس،امریکا اورچین کے سربراہان کی ممکنہ ملاقات عالمی سیاست کے مستقبل کے حوالے سے کئی اہم سوالات کوجنم دیتی ہے۔کیاتاریخ پھراپنے آپ کودہرائے گی؟کیایہ اجتماع جوہری ہتھیاروں میں کمی،یوکرین جنگ کے خاتمے اورعالمی کشیدگی میں تخفیف کیلئےایک مثبت سفارتی پیش رفت ثابت ہو گا ؟ یایہ بڑی طاقتوں کے باہمی مفادات کی ایسی مفاہمت کاآغازبنے گاجس کے نتیجے میں چھوٹی ریاستوں کے سیاسی اختیاراورقومی خودمختاری کونئے خطرات لاحق ہوسکتے ہیں؟ان سوالات کے قطعی جوابات ابھی وقت کے پردے میں مستورہیں۔
یہ حقیقت بہرحال واضح ہے کہ روس اپنی عالمی سیاسی حیثیت منواناچاہتاہے،امریکاکیلئےیہ اجتماع ایک غیرمعمولی سفارتی موقع بن سکتاہے،چین اپنے وسیع اقتصادی وسیاسی مفادات کو سامنے رکھ کرمحتاط رویہ اختیارکیے ہوئے ہے،جبکہ یورپ اوریوکرین اپنے مستقبل سے متعلق مذاکرات میں مؤثرشرکت کے خواہش مند ہیں۔1945ءکی یالٹاکانفرنس اورموجودہ ممکنہ سہ فریقی ملاقات کے درمیان تاریخی مماثلتیں ضرورموجودہیں،لیکن بدلتے ہوئے عسکری، سیاسی اوراقتصادی حالات کے باعث دونوں کویکساں قرارنہیں دیا جاسکتا۔
تاریخ کامنصب مستقبل کی قطعی پیشگوئی کرنانہیں،بلکہ ماضی کے تجربات کی روشنی میں حال کے فیصلوں کوپرکھنے کی بصیرت عطاکرناہے۔عالمی قیادت کی حقیقی عظمت اس بات میں نہیں کہ وہ دنیاکے نقشے پراپنے حلقہ ہائے اقتدارکی لکیریں کتنی دورتک کھینچ سکتی ہے،بلکہ اس امرمیں ہے کہ وہ اقوامِ عالم کے درمیان عدل،احترام،خودمختاری اورپائیدارامن کے اصولوں کوکس حدتک فروغ دے سکتی ہے۔
یالٹاکے تاریخی تجربے سے حاصل ہونے والاسب سے اہم سبق یہی ہے کہ قوموں کی تقدیران کی مرضی کے بغیرلکھنے کی کوشش وقتی سیاسی کامیابی توبن سکتی ہے،لیکن اسے تاریخ کے حضوردائمی اخلاقی جوازحاصل نہیں ہوسکتا۔دنیاکوایک نئی یالٹاسے زیادہ ایک ایسے منصفانہ عالمی نظام کی ضرورت ہے،جہاں طاقت حق کی دلیل نہ ہو،عدل مصلحت کااسیرنہ ہواورامن محض طاقتوروں کے مفادات کانام نہ رہ جائے۔











