جب ریاستوں کی دوستی تجارتی معاہدوں کی محتاج ہونے لگے،سفارتکاری کے راستوں پرپیشہ ورثالث کھڑے دکھائی دیں اور حکمرانوں کی ذاتی قربت قومی خزانے سے اداہونے والی رقوم کے سوالات میں گھرجائے،تومعاملہ محض چندٹیلی فون کالوں کانہیں رہتا؛وہ سیاسی اخلاقیات،سفارتی خودمختاری اورقومی وقارکے امتحان میں تبدیل ہوجاتاہے۔
تاریخِ سیاست کادفترعجیب وغریب حکایات سے معمورہے۔کہیں بادشاہوں نے سفیروں کے ذریعے سلطنتوں کی تقدیریں بدلیں،کہیں درباروں کے مصاحبین نے فرمانرواؤں کے درمیان قربت کی راہیں ہموارکیں،اورکہیں اقتدارکے ایوانوں تک رسائی خودایک ایسی متاع بن گئی جس کی قیمت زروجواہر سے اداکی جاتی تھی۔عہدِحاضرمیں اگرچہ تاج وتخت کی جگہ منتخب حکومتوں نے لے لی ہے، لیکن اقتدارکی قربت،سیاسی اثرورسوخ اورفیصلہ سازوں تک رسائی کی اہمیت بدستورقائم ہے۔فرق صرف اتناہے کہ قدیم درباروں کے مصاحبین کی جگہ اب لابنگ فرموں،سیاسی مشیروں اورتعلقاتِ عامہ کے ماہرین نے سنبھال لی ہے۔
اسی پس منظرمیں ہندوستان کے وزیرِاعظم مودی،امریکی صدرڈونلڈٹرمپ اورواشنگٹن کی پیشہ ورلابنگ کمپنیوں کے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات نے ایک ایساسوال پیداکیاہے جس کی بازگشت محض نئی دہلی کی سیاسی گلیوں تک محدودنہیں رہی،بلکہ سفارتکاری کے اصولوں اورجمہوری جوابدہی کے مباحث تک پہنچ گئی ہے۔
سوال بظاہرسادہ،مگراپنے مضمرات میں نہایت گہراہے:کیاہندوستانی حکومت نے امریکی اقتدارکے مراکز تک رسائی،سیاسی رابطوں کے فروغ اوراپنے سفارتی مفادات کی ترجمانی کیلئے خطیر معاوضے پرایسی کمپنیوں کی خدمات حاصل کیں جن کے سربراہان صدر ٹرمپ کے قریبی حلقوں سے وابستہ تھے؟ اورکیااس پیشہ ورانہ تعلق کووزیرِاعظم مودی کے حق میں امریکی صدرکے تعریفی بیانات سے جوڑناحقیقت پرمبنی ہے یامحض سیاسی الزام؟ان سوالات کاجواب جذبات کے ہنگامے میں نہیں،بلکہ دستاویزات،تاریخی پس منظر، سرکاری وضاحتوں اورسیاسی بیانات کے محتاط مطالعے میں تلاش کرناچاہیے۔
بین الاقوامی تعلقات کی دنیامیں سفارتکاری ہمیشہ وزارتِ خارجہ کے دفاتراورسفارتی ضابطوں تک محدودنہیں رہی۔مختلف ریاستیں اپنے سیاسی،معاشی اورتزویراتی مفادات کی ترجمانی کیلئے ایسے اداروں اورشخصیات کی خدمات حاصل کرتی رہی ہیں جومتعلقہ ملک کے حکومتی،پارلیمانی اورعوامی حلقوں میں اثرورسوخ رکھتے ہوں۔امریکہ میں اس نوعیت کی سرگرمیوں کوایک قانونی اور انتظامی نظام کے تحت منظم کیاجاتاہے،جس کاایک اہم حوالہ یعنی فارن ایجنٹس رجسٹریشن ایکٹ ہے۔اس قانون کے تحت مخصوص شرائط میں غیرملکی مفادات کی نمائندگی کرنے والے افراداوراداروں کواپنی سرگرمیوں ، معاہدوں اورمتعلقہ معلومات کااندراج کراناہوتا ہے۔اس نظام کابنیادی مقصدغیرملکی مفادات کی نمائندگی میں شفافیت پیداکرناہے۔
تاہم یہاں ایک بنیادی فرق ملحوظ رہناچاہیے۔کسی ملک کی جانب سے امریکی لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرنابذاتِ خودغیرقانونی سرگرمی نہیں،اورنہ ہی ایسی کسی فرم کے ذریعے سیاسی روابط قائم کرنالازماًبدعنوانی کاثبوت ہے۔اصل سوال اس وقت پیدا ہوتا ہے جب پیشہ ورانہ نمائندگی اورحکومتی فیصلہ سازی کے درمیان تعلق کی نوعیت غیرواضح ہوجائے۔کیاایک لابنگ فرم محض قانون سازاداروں میں کسی ملک کے نقطۂ نظرکی وضاحت کررہی ہے؟کیاوہ میڈیا میں متعلقہ ریاست کامؤقف پیش کررہی ہے؟یااس کی ذمہ داری میں ایوانِ صدرکے اعلیٰ حکام کے درمیان براہِ راست رابطوں کااہتمام بھی شامل ہے؟
یہی وہ امتیازہے جس نے ہندوستانی حکومت اورامریکی لابنگ کمپنیوں کے تعلقات کوایک نئے سیاسی تنازع کاموضوع بنادیاہے۔
ہندوستانی وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق واشنگٹن میں ہندوستانی سفارت خانہ1948ءسے امریکی لابنگ فرموں کی خدمات حاصل کرتاآرہاہے۔یہ تاریخی حوالہ اس لیے اہم ہے کہ اس سے موجودہ معاملے کوایک طویل سفارتی روایت کے تناظرمیں سمجھنے کی ضرورت سامنے آتی ہے۔جدیدریاستوں کے تعلقات محض سفارتی تقریبات،سرکاری ملاقاتوں اورمشترکہ اعلانات سےعبارت نہیں ہوتے ۔ان کے پس منظرمیں مسلسل سیاسی مشاورت،مختلف اداروں تک رسائی اورقومی مفادات کے حق میں رائے عامہ ہموارکرنے کی کوششیں بھی شامل ہوتی ہیں۔لیکن کسی عمل کاتاریخی تسلسل اس کی ہرنئی صورت کوسوالات سے بالاترنہیں کردیتا۔
اگرایک سفارت خانہ کئی دہائیوں سے پیشہ ورانہ نمائندگی حاصل کرتارہاہے تویہ حقیقت اس بات کی توضیح ضرورفراہم کرتی ہے کہ لابنگ کوئی نئی روایت نہیں۔تاہم اس سے یہ نتیجہ خودبخود اخذنہیں ہوتاکہ ہرمعاہدے کی نوعیت،ہرادائیگی کامقصداورہرسیاسی رابطے کاطریقہ یکساں رہاہے۔یہی وجہ ہے کہ موجودہ اختلاف کامرکزلابنگ فرموں کی موجودگی سے زیادہ ان کے مخصوص کرداراور خدمات کی نوعیت ہے۔
منسلک مضمون میں انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کاحوالہ دیتے ہوئے بتایاگیاہے کہ ہندوستانی حکومت نے اپریل2025ءمیں امریکی فرم ایس ایچ ڈبلیو پارٹنرزایل ایل سی کے ساتھ معاہدہ کیاتھا۔رپورٹ کے مطابق اس معاہدے میں بعدازاں مزیدایک سال کی توسیع کی گئی۔اس کمپنی کے سربراہ جیسن ملرتھے،جنہیں ڈونلڈٹرمپ کے قریبی سیاسی حلقوں سے وابستہ شخصیت کے طورپرپیش کیاگیا۔
رپورٹ میں امریکی فارن ایجنٹس رجسٹریشن ایکٹ کے تحت جمع کرائی گئی دستاویزات کاحوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیاگیاکہ مئی اور جون کے دوران ہندوستانی حکومت اوروائٹ ہاؤس کے سینئر حکام کے درمیان آٹھ ٹیلی فون رابطوں کے اہتمام میں اس کمپنی نے کردار اداکیا۔یہ آٹھ رابطے اس پوری داستان کانہایت اہم پہلوہیں۔ان رابطوں کودستاویزات میں مبینہ طورپرسیاسی سرگرمیوں کے زمرے میں رکھاگیا،جبکہ ان کابنیادی موضوع امریکااورہندوستان کے دو طرفہ تعلقات بتایاگیا۔
یہاں دوالگ حقیقتوں کے درمیان فرق قائم رکھناضروری ہے۔پہلی یہ کہ ایک لابنگ فرم نے،متعلقہ رپورٹ کے مطابق،اعلیٰ سطح کے سرکاری رابطوں کے انتظام میں کرداراداکیا۔دوسری یہ کہ اس انتظام کامقصدلازماًکسی مخصوص سیاسی شخصیت کی ذاتی تعریف حاصل کرناتھا۔
مضمون میں بیان کردہ تفصیلات کے مطابق امریکی وزیرِخارجہ مارکوروبیو کے ہندوستان کے دورے سے قبل دونوں حکومتوں کے اعلیٰ حکام کے درمیان مختلف ٹیلی فون رابطے کرائے گئے ۔رپورٹ میں جن امریکی شخصیات کاذکرکیاگیا،ان میں وزیرِخزانہ سکاٹ بیسنٹ،نائب قومی سلامتی کے مشیرمائیکل نیڈہم اورانسدادِدہشتگردی ومالیاتی انٹیلی جنس کے امورسے متعلق اعلیٰ عہدے دارجین لینگ شامل تھے۔یہ نام اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ مذکورہ رابطوں کاموضوع محض عمومی تعلقاتِ عامہ تک محدودنہیں بتایاگیا،بلکہ ان کا تعلق حکومت کے اہم انتظامی اورپالیسی سازحلقوں سے تھا۔
وزارتِ خزانہ،قومی سلامتی اورمالیاتی انٹیلی جنس جیسے شعبے ریاستی فیصلوں میں خاص اہمیت رکھتے ہیں۔مذکورہ رپورٹ میں یہ بھی بتایاگیاکہ جون میں مارکو روبیوکےدورے کےبعدمزیداعلیٰ سطحی روابط ہوئے۔اس تفصیل کاتحقیقی تقاضایہ ہےکہ اصل دستاویزات ،رابطوں کی نوعیت،ان کے طے شدہ مقاصد اورمتعلقہ اداروں کےباقاعدہ کردارکاالگ الگ جائزہ لیاجائے۔اس معاملے کاایک قابلِ توجہ پہلوجیسن ملرکی حیثیت میں آنے والی تبدیلی ہے۔
مضمون کے مطابق23جون کوایس ایچ ڈبلیوپارٹنرزکے ساتھ ہندوستانی حکومت کامعاہدہ اس وقت ختم ہواجب جیسن ملرٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ خصوصی سرکاری ملازم کی حیثیت سے وابستہ ہوگئے۔یہ واقعہ نجی سیاسی اثرورسوخ اورسرکاری ذمہ داری کے درمیان موجودحساس سرحدکی طرف توجہ مبذول کراتا ہے۔سیاسی مشاورت،حکومتی رسائی اورپیشہ ورانہ نمائندگی کے میدان میں کام کرنے والے افرادجب سرکاری عہدوں سے وابستہ ہوتے ہیں تومفادات کے ممکنہ تصادم سے بچنے کیلئےواضح ضابطوں اورشفافیت کی اہمیت بڑھ جاتی ہےالبتہ یہ تبدیلی اس وسیع ترسوال کوضرورنمایاں کرتی ہے کہ جدیدسیاسی نظام میں نجی مشاورتی اداروں اور سرکاری اقتدارکے مراکزکے درمیان حدودکس قدرواضح اورمؤثررہنی چاہییں۔
اس پوری بحث میں سب سے زیادہ سیاسی توجہ جس رقم نے حاصل کی،وہ ماہانہ75ہزارامریکی ڈالرہے۔منسلک مضمون کے مطابق ٹرمپ کے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعدواشنگٹن میں ہندوستانی سفارت خانے نے دو بڑی لابنگ فرموں کی خدمات حاصل کیں۔ان میں مرکری پبلک افیئرزبھی شامل تھی، جسے ماہانہ75ہزارڈالرکے ریٹینرپرمقررکیاگیا۔اس فرم کی مرکزی ٹیم میں برائن لانزاشامل تھے،جوماضی میں ٹرمپ کی انتقالِ اقتدارکی ٹیم میں کمیونیکیشنز ڈائریکٹرکے طورپرکام کرچکے تھے۔اس تفصیل سے واضح ہوتاہے کہ ہندوستانی سفارت خانے نے ایسی پیشہ ورانہ ٹیم کے ساتھ معاہدہ کیاجس کے بعض ارکان کوامریکی صدرکے سیاسی ماحول سے سابقہ تعلق حاصل تھا۔
یہ انتخاب سفارتی حکمتِ عملی کے نقطۂ نظرسے اہم ہوسکتاہے، کیونکہ واشنگٹن میں اثرورسوخ رکھنے والے سیاسی حلقوں تک رسائی مختلف حکومتوں کیلئےقابلِ قدرسمجھی جاتی ہے۔مگریہی وہ مقام ہے جہاں مالیاتی شفافیت اورسیاسی اخلاقیات کے سوالات جنم لیتے ہیں ۔ماہانہ75ہزارڈالرکی ادائیگی کس مخصوص خدمت کیلئےتھی؟ معاہدے کے تحت کون سی سرگرمیاں انجام دی جانی تھیں؟ان میں میڈیاسے متعلق کام کادائرہ کیاتھا اورآیا اس رقم کاکسی مخصوص تعریفی بیان یاسوشل میڈیاپوسٹ سے براہِ راست تعلق تھا؟
سیاست میں شخصی قربت اکثرقومی تعلقات کی علامت بن کرپیش کی جاتی ہے۔جب دوسربراہانِ حکومت ایک دوسرے کودوست،قابلِ اعتمادساتھی یااہم شراکت دارقراردیتے ہیں تویہ الفاظ محض ذاتی تعلقات کی ترجمانی نہیں کرتے،بلکہ عوامی سطح پرسیاسی اعتمادپیدا کرنے کاذریعہ بھی بنتے ہیں۔ مودی اور ٹرمپ کے تعلقات سے متعلق بھی دوستی کاتاثرسیاسی گفتگوکاحصہ رہا ہے ۔لیکن حالیہ لابنگ تنازع میں اس تاثرکوایک مختلف زاویے سے دیکھاگیا۔
ہندوستانی حزبِ اختلاف نے الزام عائدکیاکہ مودی کے حق میں ٹرمپ کی تعریفی پوسٹس اوربیانات کے پس منظرمیں امریکی لابنگ کمپنیوں کی خدمات اور ان پرخرچ ہونے والی رقوم کا کردارہے۔یہ الزام سیاسی اعتبارسے نہایت سنگین ہے،کیونکہ اس کامفہوم یہ بنتا ہے کہ شخصی دوستی کاعوامی تاثرکسی معاوضے کےذریعے پیدایاتقویت دیاگیا۔
مضمون کے مطابق ہندوستانی کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پرمودی کے خلاف سخت مؤقف اختیارکیا۔کانگریس نے دعویٰ کیاکہ مودی رقم اداکرکے ٹرمپ سے اپنے حق میں تعریفی پوسٹس کرواتے رہے ہیں اوراس مقصدسے متعلق مرکری پبلک افیئرزکو ماہانہ75ہزارڈالراداکیے جاتے تھے۔یہ دعویٰ بلاشبہ سیاسی اعتبارسے ایک غیرمعمولی الزام ہے۔اس میں تین بنیادی سوالات یکجاہو جاتے ہیں:سرکاری وسائل کااستعمال،سیاسی شخصیت کی تشہیر اور غیرملکی اقتدارکے ساتھ تعلقات کی نوعیت۔
جمہوری نظام میں قومی خزانہ کسی حکمران کی ذاتی ملکیت نہیں ہوتا،بلکہ عوام کی اجتماعی امانت سمجھاجاتاہے۔اس لیے سرکاری رقوم کے استعمال پرسوال اٹھانا حزبِ اختلاف کے جمہوری کردارکاحصہ ہے۔لیکن اس اصول کے ساتھ یہ ذمہ داری بھی وابستہ ہے کہ الزام اورثبوت کے درمیان حدفاصل برقراررکھی جائے۔اگرکوئی حکومت قانونی اورسفارتی مقاصدکیلئےلابنگ فرم کی خدمات حاصل کرتی ہے تواسے محض سیاسی تشہیرکی خریداری قراردینے کیلئےاضافی شواہد درکارہوں گے۔اسی طرح حکومت کیلئےبھی محض یہ کہناکافی نہیں کہ لابنگ ایک معمول کاعمل ہے؛مخصوص سوالات کے جواب میں مخصوص وضاحت زیادہ مؤثرہوتی ہے۔یوں یہ تنازع سرکاری احتساب اورسیاسی بیان بازی،دونوں کاامتحان بن جاتاہے۔
ترنمول کانگریس کی رکنِ پارلیمان مہواموئترا نے بھی اس معاملے پرتنقیدی ردِعمل ظاہرکیا۔مضمون کے مطابق انہوں نے کہاکہ جب ٹرمپ مودی کے بارے میں مثبت باتیں کرتے ہیں تواس کی وجہ یہ ہے کہ ہندوستانی ٹیکس دہندگان ایک امریکی لابنگ فرم کورقم ادا کررہے ہیں۔ان کے بیان کامرکزی نکتہ قومی خزانے کی جوابدہی ہے۔اس میں حکومت کی خارجہ پالیسی سے زیادہ اس سوال کونمایاں کیاگیاکہ عوام کے ادا کردہ ٹیکس کس مقصدکیلئےاستعمال ہورہے ہیں۔
ریاستی امور میں اخراجات کبھی صرف رقم کامسئلہ نہیں ہوتے۔ ان کے ساتھ ضرورت، افادیت، قانونی حیثیت اورعوامی مفاد کے سوالات بھی وابستہ رہتے ہیں۔ایک سفارتی معاہدہ اگر قومی مفادات کے فروغ میں کرداراداکرتاہے تواس کی افادیت کواسی پیمانے پر پرکھاجائے گالیکن اگرکسی خرچ کوحکمران کی شخصی تشہیرسے منسوب کیاجائے تواس الزام کیلئےالگ اورمضبوط شواہدضروری ہیں۔لہندامہواموئتراکابیان سیاسی اعتراض کے طورپرانتہائی اہم ہے۔
کانگریس کے رہنما پون کھیڑانے اس تنازع کوایک اورزاویے سے اٹھایا۔انہوں نے سوال کیاکہ حالات اس درجے تک کیوں پہنچ گئے کہ مودی کواپنے دوست ٹرمپ سے بات کرنے کیلئےبھی لابنگ فرم کی ضرورت پیش آرہی ہے؟انہوں نے ٹرمپ کی جانب سے مودی کیلئےاستعمال ہونے والے تعریفی الفاظ کوبھی مبینہ مالی ادائیگیوں کے ساتھ جوڑا۔اس تنقیدمیں محض مالی معاملہ نہیں،بلکہ سیاسی تشخص کاسوال بھی پوشیدہ ہے۔جب ایک حکومت اپنے رہنماکی عالمی سطح پرشخصی قربت کوسفارتی کامیابی کی علامت بناتی ہے، تواس قربت کے عملی طریقوں پراٹھنے والے سوالات سیاسی اہمیت اختیارکرلیتے ہیں۔اس لیے پون کھیڑاکے اعتراض کوسیاسی طنز اوراحتسابی سوال کے طورپرسمجھناچاہیے۔
اس بحث کواخلاقی نقطۂ نظرسے دیکھاجائے توقومی وسائل کے استعمال میں امانت،عدل اورجوابدہی کے اصول سامنے آتے ہیں۔ اسلامی فکرمیں اقتدارذاتی امتیازکاذریعہ نہیں،ذمہ داری کامنصب ہے۔حکمرانی کاحقیقی شرف اسی وقت قائم رہتاہے جب عوامی امانت کوذاتی منفعت اورسیاسی نمودسے الگ رکھاجائے ۔اسی طرح عدل کاتقاضایہ بھی ہے کہ کسی شخص، جماعت یاحکومت کے خلاف الزام کوتحقیق کے بغیرحقیقت کادرجہ نہ دیاجائے۔قرآنی اصولِ تحقیق انسان کوخبرکی چھان بین کی طرف متوجہ کرتاہے،جبکہ انصاف کا تقاضایہ ہے کہ سیاسی اختلاف حقیقت کے بیان میں بے اعتدالی پیدانہ کرے۔اس تناظر میں ہندوستانی حکومت کیلئےشفاف وضاحت اور حزبِ اختلاف کیلئےثبوت کی پابندی،دونوں یکساں اہم ہیں۔سیاست کاوقارمحض بلندآوازدعووں سے قائم نہیں ہوتا؛اس کی بنیاددلیل،ذمہ داری اورسچائی پرہوتی ہے۔
تاریخ ہمیں بتاتی ہے کہ بین الاقوامی تعلقات میں اثرورسوخ ہمیشہ کسی نہ کسی صورت اہم رہاہے۔ماضی میں درباروں تک رسائی کیلئےسفیر،مشیراورمخصوص حلقے موجودہوتے تھے۔آج یہی کام قانونی معاہدوں،رجسٹرڈ کمپنیوں اورپیشہ ورانہ رابطوں کے ذریعے انجام دیاجاسکتاہےلیکن تاریخ کادوسرا سبق یہ ہے کہ ریاستی وقارکی بنیادصرف طاقتورحکمرانوں سے قربت نہیں،بلکہ اپنے اداروں کی اہلیت اوراپنے مفادات کی مؤثرترجمانی ہے۔
کسی بڑی طاقت کے سیاسی حلقوں تک رسائی سفارتی کامیابی کاایک ذریعہ ہوسکتی ہے؛اسے قومی عزت کاواحدمعیاربنادیناحکمت کے خلاف ہوگا۔مودی اور ٹرمپ کے گرداٹھنے والا موجودہ تنازع اسی لیے شخصی تعلقات سے آگے بڑھ کراس سوال کوجنم دیتاہے کہ جدیدریاستیں اپنی سفارتی قوت کااظہارکس طرح کرتی ہیں۔کیاوہ اپنی ادارہ جاتی صلاحیت پراعتمادرکھتی ہیں، یاسیاسی قربت کی علامتوں کوغیرمعمولی اہمیت دیتی ہیں؟اس سوال کاجواب کسی ایک خبریاالزام سے متعین نہیں کیاجاسکتا،مگراسے نظراندازکرنابھی دانش مندی نہیں۔زیرِنظرمعاملے میں تین سطحوں کوالگ رکھناناگزیرہے۔
اول،منسلک رپورٹ کے مطابق ہندوستانی حکومت نے امریکی لابنگ فرموں کی خدمات حاصل کیں،مرکری پبلک افیئرزکیلئےماہانہ 75ہزارڈالرکا ریٹینر بیان ہوا،اورایس ایچ ڈبلیوپارٹنرزکے ذریعے آٹھ اعلیٰ سطحی رابطوں کے اہتمام کادعویٰ سامنے آیا۔
دوم،ہندوستانی حزبِ اختلاف نے ان انتظامات کوٹرمپ کی جانب سے مودی کے حق میں تعریفی بیانات اورپوسٹس سے منسلک کیا۔
سوم، ہندوستانی وزارتِ خارجہ نے اس تعبیرکوگمراہ کن قراردیااورلابنگ کی تاریخی روایت اورمخصوص تشہیری سرگرمی کی وضاحت پیش کی۔یہ تینوں سطحیں ایک دوسرے سے متعلق ہیں۔
واشنگٹن سے اٹھنے والی یہ بحث نئی دہلی کے سیاسی ایوانوں میں محض ایک وقتی تنازع بن کررہ جائے یامستقبل میں سفارتی جواب دہی کے کسی وسیع ترمباحثے کاآغازثابت ہو،اس کا فیصلہ آنے والے شواہداورادارہ جاتی وضاحتیں کریں گی۔فی الحال اتناضرورکہاجا سکتاہے کہ اس واقعے نے خارجہ پالیسی کے تین بنیادی اصولوں کودوبارہ نمایاں کردیاہے:قومی مفادات کی ترجمانی میں شفافیت، عوامی وسائل کے استعمال میں جوابدہی،اورسیاسی دعووں کی جانچ میں تحقیقی دیانت۔
تاریخ کے آئینے میں اقتدارکی اصل عظمت اس بات میں نہیں کہ کسی طاقتورفرمانروانے کسی دوسرے حکمران کوکتنی مرتبہ اپنا دوست کہا۔عظمت اس میں ہے کہ ایک ریاست نے اپنے عوام کی امانت کی کس قدرحفاظت کی،اپنے اداروں کے وقارکوکس درجہ بلند رکھا،اوراپنی سفارتی حکمتِ عملی کوکس حدتک قومی مفادکے تابع رکھا۔دوستی کے اعلانات وقت کی ہوا کے ساتھ بدل سکتے ہیں، اقتدارکی مسندیں گردشِ ایام میں منتقل ہوسکتی ہیں، اورسیاسی قربت کے چراغ حالات کے بدلتے موسم میں مدھم پڑسکتے ہیں لیکن قوموں کی خودداری وہ متاعِ گراں مایہ ہے جسے کسی وقتی ستائش کے ترازومیں نہیں تولاجاسکتا۔
پس اصل سوال یہ نہیں کہ ایک لابنگ فرم کو75ہزارڈالرماہانہ کیوں دیے گئے؛اصل سوال یہ ہے کہ اس رقم کے عوض کون سی خدمات حاصل کی گئیں، ان خدمات کاقومی مفاد سے کیاتعلق تھا،اورکیاان کے بارے میں پیش کی جانے والی توضیحات تحقیق اور احتساب کے معیارپر پوری اترتی ہیں؟کیونکہ تاریخ کے منصف کے سامنے حکمرانوں کی دوستی سے زیادہ ان کی امانت داری اہم ہوتی ہے،او رقوموں کے وقارکافیصلہ تعریفی کلمات نہیں،ان کے اعمال کرتے ہیں۔
موجودہ عالمی سیاست کامنظرنامہ بسااوقات ایک ایسی فلم کاتاثردیتاہے جس کاسرمایہ کاربھی سیاستدان ہے اورہدایت کاربھی۔ہندوستانی حزبِ اختلاف کے الزامات کواگر سینما کی تمثیل میں ڈھالاجائے تومودی اس فلم کے سرمایہ کاراورفلمسازدکھائی دیتے ہیں،جبکہ ٹرمپ مرکزی اداکار،جس کے تعریفی مکالموں کومعاوضے پرحاصل کردہ تشہیرسے منسوب کیاجا رہاہے ۔گویافلمساز کی خواہش ہے کہ پردۂ سیاست پراس کی عظمت کے مکالمے گونجیں،تماشائی داددیں اورفلم کامیابی کے جھنڈے گاڑدے۔مگر سیاست اورسینمامیں ایک بنیادی فرق ہے:فلم کی کامیابی کا فیصلہ باکس آفس کرتاہے،جبکہ سیاست کی حقیقت کافیصلہ تاریخ،حقائق اورعوامی احتساب کرتے ہیں۔











