Bangladesh and India: Political Tensions

بنگلہ دیش اورانڈیا:سیاسی تناؤ اور کشیدگی

:Share

مغربی بنگال میں انڈیا اور بنگلہ دیش کے پانچ اضلاع سے متصل طویل سرحدی ریاستوں پر انڈیا کی طرف سے خار دار تاروں کی باڑ لگانے پر دونوں ملکوں میں سرحدی تنازعہ شدت اور طول اختیار کرتا جا رہا ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب بنگلہ دیش کے سیاسی منظر نامے میں تبدیلی ہو رہی ہے اس کے پڑوسی ملک انڈیا کے ساتھ سرحد پر کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جب مغربی بنگال میں بنگلہ دیشی سرحدی گارڈز کی 58 ویں بٹالین کے کمانڈر کرنل رفیق الاسلام نے منگل کے روز بنگلہ دیشی میڈیا کو ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ ’دریائے کوٹلیا کے کنارے پانچ مربع کلومیٹر کا علاقہ قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

حالیہ دنوں میں اس سرحدی علاقے میں کئی اہم واقعات رونما ہوئے جس کی وجہ سے انڈیا کی سرحد کی حفاظت پر مامور فورس بی ایس ایف اور بنگلہ دیشی سرحدی گارڈز بی جی بی کے درمیان کشیدگی اور بے چینی دونوں میں اضافہ دکھائی دے رہا ہے۔ عام طور پر پرسکون رہنے والی اس سرحد پر اب واضح طور پر تناؤ پایا جاتا ہے۔ خاص طور پر گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اس علاقے میں کشیدگی میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ اس کے بعد سے انڈین سرحدی حفاظتی فورس اور بنگلہ دیش کے سرحدی گارڈز کو آپس میں مل کر ایک ’فلیگ میٹنگ‘(ضابطے کی ایک ملاقات) کرنا پڑی۔

دراصل دریائے کوٹلیا کےکنارے 5 مربع کلومیٹر پر بنگلہ دیش کے قبضے کے بعد اس مسءلے کی سنگینی کو فوری کم کرنے کیلئے دونوں ممالک نے فلیگ میٹنگ میں اس پر قابو پانے کیلئے مذاکرات کئے ہیں۔اب چاہے مسئلہ سرحدی دراندازی کو روکنا ہو یا انڈیا کی سرحد پر خار دار تاریں لگانے کی بات ہو، بی ایس ایف اور بی جی بی کا اکثر ملاقات کرنا ایک عام بات ہے ۔ دونوں پڑوسی ممالک کی سرحد پر سکیورٹی کے فرائض انجام دینے والی ان دونوں فورسز کے درمیان کسی بھی قسم کی جھڑپ کی تاحال مصدقہ اطلاعات تو نہیں ہیں لیکن کئی مقامات پر کشیدہ صورتحال پائی جاتی ہے۔ اس میں مغربی بنگال کا سب سے اہم علاقہ نارتھ 24 پرگنا ضلعے میں واقع بونگاؤں میں واقع پیٹراپول سرحدی چوکی جو سب سے مصروف سرحدی چیک پوائنٹ ہے جہاں بنگلہ دیشی سرحدی گارڈز بھی تعینات رہتے ہیں۔

’دریائے کوٹلیا کا یہ متنازعہ علاقہ جس پر بنگلہ دیش نے قبضے کا اعلان کیا ہے وہ باگڈا حلقے کے راناگھاٹ گاؤں میں آتا ہے اور پیٹراپول سرحدی چوکی سے تھوڑے فاصلے پر واقع ہے۔ سرحد کے دوسری جانب بنگلہ دیش کا علاقہ مہیش پور ہے۔ رفیق الاسلام کے اس بیان کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ سرحدی فورسز کے افسران کا کہنا ہے کہ اس معاملے کو مزید خراب ہونے کی اجازت نہیں دی گئی اور اس کے بعد صورتحال کو قابو میں لے لیا گیا ہے۔

ایسے میں گذشتہ روز بنگلہ دیشی وزیر خارجہ کے سیکریٹری محمد جاشم الدین نے ڈھاکہ میں تعینات انڈین ہائی کمشنر پرنے ورما کو طلب کرکے انڈین بارڈر سکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) کی تازہ سرگرمی پر ’گہری تشویش‘ کا اظہار کرتے ہوئے انھیں یہ پیغام دیا کہ وہ انڈیا میں تمام متعلقہ حکام کو یہ بتا دیں کہ وہ ایسی ’اشتعال انگیز حرکتوں‘ سے باز رہیں اور سرحد پر خاردار تاریں لگانے کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے اسے ‘غیر قانونی‘ قرار دیتے ہوئے خبردار بھی کیا کہ اس عمل سے دونوں ممالک کی سرحد پر کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انڈین میڈیا کے مطابق جاشم الدین نے ڈھاکہ نے انڈیا پر دو طرفہ معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے سرحد کے ساتھ پانچ مقامات پر باڑ لگانے کی کوشش کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے فوری روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

رفیق الاسلام کے بیان کے بعد پیٹراپول کی سرحدی چوکی پر انڈیا کی بی ایس ایف کے اعلیٰ افسران اور بنگلہ دیشی سرحدی گارڈز کے درمیان ایک ہنگامی فلیگ میٹنگ سے قبل ہی انڈین سرحدی فورس بی ایس ایف نے رفیق الاسلام کے دعووں کو یکسرمسترد اور گمراہ کن بیان قرار دیتے ہوئے کہا ہے ’بی ایس ایف یہ یقین دہانی کرانا چاہتا ہے کہ ایک انچ زمین بھی قبضے میں نہیں لی گئی ہے اور نہ ہی ہم ایسی کسی بھی کارروائی کی اجازت دیں گے۔ انڈین سرحدی حفاظتی فورس نے مزید وضاحت کی کہ اس علاقے میں بین الاقوامی سرحد دریائے کوڈالیا درمیان سے گزرتی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سرحد کی درستگی کے ساتھ پہلے ہی نشان دہی کی جا چکی ہے۔ دریا کے دونوں طرف ستون اور پتھر نصب کیے گئے ہیں تاکہ سرحد کو واضح طور پر نشان زد کیا جا سکے۔‘ تو سوال پیدا ہوتا ہے کہ فوری طور پر یہ فلیگ میٹنگ بلانے کا اور کیا مقصد ہو سکتا ہے۔

اب جانتے ہیں کہ بنگلہ دیشی سرحدی گارڈ کے افسر نے اپنے متنازع بیان میں مزید کیا کہا اور کس بنیاد پر کہا؟بنگلہ دیشی افسر نے رفیق الاسلام نے بیان میں دعویٰ کیا کہ ’پہلے بنگلہ دیش کے اس سرحدی گاؤں والوں کو دریائے کوڈالیا کا استعمال کرنے میں مشکلات درپیش تھیں تاہم موجودہ صورت حال کے تناظر میں اب ہمارے دریائے کوڈالیا کے کنارے رہنے والے اس پانی کو بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔ دوسری جانب انڈیا کے بی ایس ایف حکام نے جوابا کہا کہ ’دریا کے دونوں اطراف کے بسنے والے اپنے اپنے علاقوں میں پانی کا استعمال کرتے رہے ہیں اور یہ صورتحال اب بھی ویسی ہی برقرار ہے۔‘ یاد رہے کہ اس علاقے میں دونوں ممالک کے درمیان خار دار تاروں کی باڑ موجود نہیں ہے۔

مغربی بنگال قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سبیندو ادھیکاری نے اس واقعے کی کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا پیج پر شیئر کی ہے۔ جس کے بعد خاردار تاروں کی باڑ لگانے کا کام کچھ دیر کیلئے روک دیا گیا۔ انڈین بارڈر سکیورٹی فورس کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیشی بارڈر گارڈ کے افسران کو یہ اطلاع تھی کہ انڈین سرحد پر خاردار تاریں لگائی جا رہی ہیں۔ بی ایس ایف نے بنگلہ دیشی سکیورٹی حکام کو واضح کیا کہ خاردار تاریں لگانے کا کام دونوں ممالک کے درمیان ایک معاہدے کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے نیلوتپل پانڈے کے مطابق غلط فہمی دور ہونے کے بعد تار لگانے کا کام دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔

انڈیا میں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما سبیندو ادھیکاری نے اس پورے معاملے کے بارے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’بنگلہ دیشی بارڈر گارڈ کے سپاہی سکھدیو پور گاؤں کے لوگوں کے قوم پرست جذبات کی وجہ سے پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوئے۔‘ اتنا ہی نہیں، انھوں نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ ’مقامی انڈین شہریوں نے بی ایس ایف کے ساتھ مل کر بنگلہ دیش بارڈر سکیورٹی فورس کو یہ باور کرایا کہ بنگلہ دیش بارڈر سکیورٹی فورس کی اس طرح کی کوششوں کو قومی سلامتی کے مفاد میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یہ لوگوں میں پیدا ہونے والی بیداری کا نتیجہ ہے۔‘

اسی دوران ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ ویڈیو تریپورہ کے کیلا شہر کے مکورولی علاقے کا ہے۔ اس ویڈیو میں ’مشتبہ بنگلہ دیشی سمگلروں‘ کو انڈین بارڈر سیکورٹی فورس کے جوانوں کے ساتھ تصادم میں مصروف دیکھا جا سکتا ہے۔بنگلہ دیش کے 1971 میں قیام کے بعد سے اس کے انڈیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ انڈیا-بنگلہ دیش سرحد پر حالات کبھی خراب نہیں ہوئے۔ دونوں ملکوں کے درمیان لوگوں کی آمد و رفت اور تجارت آسانی سے جاری رہی۔ لیکن اب بنگلہ دیش میں جو ہو رہا ہے اس سے واضح ہے کہ ان کے درمیان تناؤ پیدا ہو گا۔ سرحدی دیہات کے لوگ اپنی حفاظت کے بارے میں ہمیشہ مستعد رہتے ہیں۔ یہاں کئی اہم علاقے ایسے ہیں جہاں خاردار تاریں نہیں ہیں۔ ایسی جگہوں پر شہری خود اپنے دفاع کیلئےپیش پیش رہتے ہیں۔ انھوں نے جس قدر ہو سکے حفاظتی انتظامات کرنے شروع کردیے ہیں۔ وہ نگرانی کے کیمرے نصب کرنے اور رات کے وقت گشت جیسے کاموں میں مصروف ہیں۔

انڈیا ہمیشہ سے بنگلہ دیش سے لوگوں کی مبینہ دراندازی کو ایک بہت بڑے مسئلے کے طور پر پیش کرتی رہی ہے اور انڈیا کی مختلف ریاستوں میں ہونے انتخابات میں اس کی بازگشت سنی جا سکتی ہے۔اس سرحدی علاقے میں دراندازی کے معاملے پر سیاسی جماعتیں بھی ایک دوسرے کو نشانہ بنا رہی ہیں اور حملے کر رہی ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے فروری کے مہینے میں دہلی میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بھی دراندازی کو بڑا مسئلہ بنا کر پیش کیا تھا۔ تاہم مغربی بنگال میں اس معاملے پر حکمران ترنمول کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان اکثر تو تو میں میں ہوتی رہتی ہے۔ریاستی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے عہدیداروں کے ساتھ اپنی سالانہ میٹنگ میں کہا کہ انھوں نے ان علاقوں کے ناموں کی نشاندہی کی ہے جہاں مبینہ طور پر دراندازی ہو رہی ہے۔

ریاستی سکریٹریٹ میں مختلف محکموں کا جائزہ لینے کے دوران بنرجی نے کہا: ’بارڈر سکیورٹی کی ذمہ داری ترنمول کانگریس یا ریاستی پولیس کے پاس نہیں ہے، یہ بارڈر سکیورٹی فورس کا کام ہے، وہ دراندازی اور جرائم پیشہ افراد کی مدد کر رہے ہیں، میں ان کے خلاف کارروائی کروں گی۔ اس سلسلے میں مرکزی حکومت کو خط لکھوں گی۔‘

ممتا بنرجی نے مغربی بنگال کے تین سرحدی علاقوں کا نام بھی لیا جہاں دراندازی سب سے زیادہ ہے۔ممتا بنرجی کے بیان کے بعد بی ایس ایف کے جنوبی بنگال بارڈر ایریا کے انڈین فورس بی ایس ایف سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی کمشنر آف پولیس نیلوتپل کمار پانڈے نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے بیانات بارڈر سکیورٹی فورس کے جوانوں کے حوصلے پست کر رہی ہیں۔ بی ایس ایف ایک ’ذمہ دار فورس‘ ہے اور اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے نبھا رہی ہے۔ بنگلہ دیش سرحدی حفاظتی فورس کے افسر کا بیان یقینی طور پر الجھن کا باعث بنا ہے تاہم حقیقت یہ ہے کہ اس وقت ’سرحدی علاقے میں صورتحال پہلے جیسی ہی ہے اور سرحد کے دونوں طرف امن قائم ہے۔‘ دریں اثنا ایک اور واقعہ پیش آیا جب مالدہ ضلع کے سُکھدیو پور میں منگل کو خاردار تار لگانے کا کام جاری تھا۔ اس وقت بنگلہ دیش بارڈر سکیورٹی فورس کے جوانوں نے کام روکنے کی کوشش کی۔ اس کے بعد سرحدی علاقے میں کشیدگی پیدا ہوگئی۔ سُکھدیو پور کے گاؤں والے وہاں جمع ہو گئے۔ گاؤں والوں نے ‘بھارت ماتا کی جئے۔۔۔ جئے شری رام۔۔۔ وندے ماترم۔۔۔’ جیسے نعرے لگائے۔

دوسری جانب بی جے پی وزیر اعلی ممتا بنرجی کے بیان کے خلاف جارحانہ انداز اپنا رہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر سوبیندھو ادھیکاری نے وزیر اعلیٰ کو ایک خط لکھا ہے جس میں کئی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ انھوں نے اس میں ذکر کیا کہ سکیورٹی فورسز کے افسران اور سپاہی ملک کی خدمت کرتے ہیں اور بدترین حالات میں بھی ملکی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں۔ سکیورٹی فورسز سرحد کی حفاظت کیلئےاپنی جانیں خطرے میں ڈال رہی ہیں۔ فوجیوں کے بارے میں توہین آمیز بات کرنے پر ملک آپ کو معاف نہیں کرے گا۔‘

انھوں نے سوال کیا کہ کس طرح مقامی حکام دراندازوں کو راشن کارڈ اور شناختی کارڈ جاری کرتے ہیں جو سرحد پار کرکے کسی گاؤں میں پناہ لیتے ہیں اور پولیس افسران ان کی تصدیق کیسے کرتے ہیں۔ خط میں انھوں نے الزام لگایا کہ مغربی بنگال حکومت خاردار تاریں لگانے میں انڈین بارڈر سکیورٹی فورس کے ساتھ تعاون نہیں کر رہی ہے۔انھوں نے یہ بھی بتایا کہ مغربی بنگال میں، ریاستی حکومت بنگلہ دیش کی سرحد کے ساتھ لگ بھگ 300 کلومیٹر خاردار تاروں کیلئےزمین مختص کرنے میں بھی سستی دکھا رہی ہے۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں سرکاری نوکریوں کیلئےشروع ہونے والی طلبہ تحریک حکومت مخالف پرتشدد احتجاج میں بدلی تو 15 سال برسراقتدار رہنے والی سفاک اور جمہوریت کے لبادے میں ڈکٹیٹر سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد کو فرار ہو کر اپنے آقا مودی کے پاس پناہ لینا پڑی اور وہ اب تک کڑے پہرے میں زندگی کے دن گزار رہی ہیں۔ اس سارے قصے میں ظالم ڈائن حسینہ واجد کے سب سے زیادہ پسندیدہ مقرر کردہ بنگلہ دیش کی فوج کے آرمی چیف وقار الزمان کا مرکزی کردار رہا جنھوں نے ایک طرف حسینہ کو فرار ہونے کیلئے ہیلی کاپٹر فراہم کیا اور طلبہ کے مطالبے پر مجبور ہو کرنوبل انعام یافتہ محمد یونس کو مُلک کی عبوری حکومت کا نگران مقرر کیا اور دوسری جانب سابق وزیرِ اعظم خالدہ ضیا سمیت کئی سیاسی مخالفین کو بھی رہا کرنا پڑا۔

اس غیر معمولی اور اچانک تبدیلی پر جہاں مودی حکومت سنبھل نہ پائی وہاں حسینہ واجد کے بیٹے سجیب واجد نے ایک عالمی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بنگلہ دیش میں آنے والی تبدیلی کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہراتے ہوئے کئی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’بنگلہ دیش کا سیاسی مستقبل بھی پاکستان کی طرح ہو سکتا ہے۔ اور (آنے والے دنوں میں) بنگلہ دیش میں اسلامی شدت پسند دوبارہ سے اپنی جگہ بنائیں گے، جنھیں ان کی (سابق) حکومت نے بڑی مشکل سے محدود کیا تھا۔ اور اب بنگلہ دیش دوسرا پاکستان بننے جا رہا ہے۔‘

پاکستان کے دفترِ خارجہ نے اس بیان پر کوئی بھی ردعمل دینے سے انکار کیا ہے جبکہ متعدد سابق پاکستانی سفارت کاروں سے جب رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک معیوب موازنہ اور تجزیہ ہے۔‘ بنگلہ دیش کی صورتحال پر نظر رکھنے والے سیاسی مبصرین اور تجزیہ کار اس بارے میں مِلے جلے خیالات کا اظہار کرتے ہیں۔ ڈھاکہ سے وکیل رضوانہ مسلم نے اسی عالمی میڈیا پر سجیب واجد کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ غصے یا بغض میں دیا گیا بیان ہے جس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ پہلے تو یہ سمجھنا ضروری ہے کہ بنگلہ دیش میں اسلامی رہنما اب موجود نہیں ہیں۔ عوامی لیگ کی سابق حکومت نے ایسی تمام سیاسی جماعتوں کو ختم کر دیا تھا جو اسے طویل مدت میں نقصان پہنچا سکتی تھی۔ اس میں جماعتِ اسلامی سرِ فہرست تھی جس کے کئی رہنماؤں کو پھانسی پر لٹکا دیا گیا، جماعت اسلامی کے ہزاروں ارکان کو جیل کی ایسی کال کوٹھڑیوں میں قید کر دیا گیا جہاں روشنی تک نہیں جاتی اور ملک میں اس جماعت پر اب پابندی عائد ہوچکی ہے اور اس کی زیادہ تر قیادت اب ملک سے باہر ہے۔ اب ان جماعتوں کا ملک واپس آنے کا جواز اس لیے نہیں بنتا کیونکہ بنگلہ دیش میں طلبہ تحریک پرانے چہروں کو نہیں دیکھنا چاہتی اور وہ مذہبی حکومت کے حق میں بھی نہیں ہیں۔ تو اب حالات پہلے جیسے نہیں رہے۔‘

نئی دہلی سے صحافی جینت رائے چوہدری بھی بنگلہ دیش کے حالات کے پاکستان کے ساتھ موازنہ کو درست نہیں گردانتے۔ انھوں نے بھی حسینہ کے بیٹے کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر آج بنگلہ دیش کا موازنہ خطے کے دیگر ممالک سے کریں تو اس نے ترقی میں ناصرف پاکستان بلکہ انڈیا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ بنگلہ دیش اس وقت دنیا میں تیارہ شدہ کپڑے برآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے لیکن ہم حسینہ کے اپنے مخالفین کے ساتھ مظالم اور خوفناک کرپشن کو کیوں بھول جاتے ہیں جس کا تذکرہ اب برطانیہ کے میڈیا میں ان کی بھانجی کا نام لیکر کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ 1971 میں سقوط ڈھاکہ کے بعد بنگلہ دیش جنوبی ایشیا کا غریب ترین ملک تھا جس کے معاشی حالات اتنے ابتر تھے کہ اُس وقت امریکی قومی سلامتی کے مشیر ہنری کسنجر نے بنگلہ دیش کو’باسکِٹ کیس‘ کہا تھا۔ یہ حالات 1974 میں مزید خراب اس وقت ہوئے جب بنگلہ دیش میں سیلاب آیا اور اس کے نتیجے میں قحط سالی ہوئی اور اسی دوران امریکی صدر رچرڈ نِکسن کی حکومت نے بنگلہ دیش کو دی جانے والی امداد بھی ختم کر دی۔ مگر آج تقریباً 52 برس بعد بنگلہ دیش جنوبی ایشیا کی تیزی سے ترقی کرتی معیشت بن کر ابھرا ہے۔

بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے ماہرین کا خیال ہے کہ اس ترقی میں سب سے بڑا ہاتھ غیر سرکاری تنظیموں کا ہے جن میں محمد یونس کا گرامین بینک اور فضلِ حسن عابد کا شروع کیا ہوا ادارہ ’براک‘ شامل ہیں۔ جینت رائے چوہدری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’اس وقت انڈیا میں یہ خدشہ ہے کہ پاکستان جیسا بننے کے بجائے بنگلہ دیش کہیں افغانستان نہ بن جائے۔‘ان کے مطابق اس کی مثال 1990 کی دہائی میں افغانستان میں طالبان کی حکومت سے جا ملتی ہے۔ ’اُس وقت کئی بنگلہ دیشی نوجوان طالبان کی سوچ سے متاثر ہو کر افغانستان منتقل ہوگئے تھے اور ان کیلئے لڑنے کو بھی تیار تھے۔ لیکن ان کی حکومت کے گِرنے کے بعد یہی نوجوان واپس بنگلہ دیش آگئے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ یہ وہ دور تھا جب شیخ حسینہ واجد کی حکومت کم عرصے کے بعد ختم ہوچکی تھی اور بنگلہ دیش نیشنل پارٹی اقتدار میں آئی تھی۔ طالبان کی حمایت کرنے والا گروہ اب پھر سے سرگرم ہوسکتا ہے۔ اسی لیے پاکستان بننے سے زیادہ بڑا خدشہ مجھے بنگلہ دیش کے افغانستان بننے کے بارے میں ہے۔تاہم پاکستان کے انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز میں انڈیا سٹڈی سینٹر کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کا بنیادی ڈھانچہ بہت مختلف ہے۔ پاکستان میں فوج نے طویل عرصے تک حکمرانی کی ہے۔ جبکہ بنگلہ دیش میں تواتر سے جمہوری حکومتیں رہی ہیں۔ 2000 کی دہائی کے بعد زیادہ عرصہ جمہوری حکومتوں کا رہا ہے۔ بنگلہ دیش میں بنیادی طور پر معیشت مضبوط ہوتی دکھائی دی ہے۔ خواتین پہلے سے زیادہ باشعور ہیں اور طلبہ یونین مضبوط رہی ہیں اور ملک کی سیاست کو بہتر طور پر سمجھتی ہیں۔ یہاں کی اپنی تہذیب، زبان ہے اور جمہوری اقدار کو تقویت دی جاتی ہے۔‘

بنگلہ دیش کے حالات کا پاکستان کے ساتھ موازانہ کیا جائے تو یہ ماننا پڑے گا کہ بنگلہ دیش میں فوجی آمریت یا حکومت آنے کا سوال نہیں بنتا اور اگر کسی ہائبرڈ نظام کو متعارف کیا بھی جاتا ہے تو وہ زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکے گا۔ یاد رہے کہ جب بنگلہ دیش کے ملٹری چیف نے شیخ حسینہ کی حکومت ختم ہونے کا اعلان کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ہم عبوری حکومت بنائیں گے، تب طلبہ یونین نے ناصرف اس بات کو رد کیا بلکہ نوبیل انعام یافتہ محمد یونس کو بطور امیدوار سامنے لے کر آئے اور بنگلہ دیش کے تمام فوجی افسران نے اپنے چیف کو طلباء کا یہ مطالبہ ماننے کا مشورہ دیا جس کے فوری بعد انہوں نے طلباء کے ساتھ باہمی مزاکرات کے بعد محمد یونس کو حکومت بنانے کی دعوت دینی پڑی۔

بنگلہ دیش کی مضبوط طلبہ یونین نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ ان کی متحرک تحریک سیاست میں فوج کے کردار کو محدود کرے گی کیونکہ فوج میں بھی ان کے وفادار اور حامی ہیں۔ فوج میں ان کے حمایتی گروہ کی بنیادی وجہ شیخ حسینہ کی جانب سے اپنی جماعت عوامی لیگ کے ساتھ وفادار فوجیوں کو ترقی دینا ہے۔ اس کی واضح مثال یہ ہے کہ اگر آرمی چیف وقار الزمان کو بھی دیکھیں تو ان کی وفاداری پہلے شیخ حسینہ اور عوامی لیگ کے ساتھ تھی اور حسینی کو فرار میں مدد دینے سے پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے خود پر ہونے والی حسینہ واجد کی مہربانیوں کا جواب دیتے ہوئے ان کے فراف میں مدد کی تاہم طلبہ یونین اب نہیں چاہیں گے کہ شیخ حسینہ یا ان کی باقیات اب آنے والی حکومت کا حصہ بنیں۔ تو پاکستان اور بنگلہ دیش ایک دوسرے سے خاصے مختلف ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں