Mature Look

بالغ نظر

:Share

اس بات کوتسلیم کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے کہ کشمیرکے مسئلے کاپرامن تصفیہ ہی خطے میں ترقی کی ضمانت ہے۔قریباً 75برس سے یہ مسئلہ اس خطے کی سلامتی کیلئےآتش فشاں بناہواہے۔اسی انسانی المیے کی وجہ سے دونوں نیوکلیئرپاورزہر وقت جنگ کے دھانے پرکھڑی رہتی ہیں۔اسی قضیے کی وجہ سے دونوں ممالک میں ترقی کی بہت سی راہیں مسدودہوچکی ہیں۔اسی تنازعے کی وجہ سے تعلیم صحت اورسماجی ترقی ان دوممالک میں مفقودہے۔ دہائیوں اس قضیے میں الجھنے کے بعد بھی کسی ملک کے ہاتھ کچھ نہیں آیا۔دونوں ممالک میں دفاعی اخراجات اس متوقع جنگ کے نام پرہی بڑھائے جاتے ہیں۔اگر اس تنازعے کا پرامن حل ہوجائے تویہ نہ صرف اس خطے کیلئےبلکہ بین الا قوامی امن عامہ کیلئےنہایت سودمندہوگا۔اس سے خطے میں امن ہوگا،ترقی ہوگی اورسماجی بہبودپرخرچ کرنے کیلئےرقم بھی بچے گی۔غربت کے مارے ان دوممالک کواس حوالے سے ہرممکن کوشش کرناہوگی لیکن اس”حل میں کشمیریوں کی رائے کواہمیت دیناہوگی ۔ایساحل جومزیداختلافات کا باعث بنے وہ ان ممالک کی سلامتی کومخدوش کردے گا۔حل ایساہوناچاہیے کہ جس سے دونوں ممالک کے علاوہ کشمیریوں کی بھی حق تلفی نہ ہو۔

کشمیرپربھارت کے بہیمانہ اقدامات پرہرپاکستانی شہری کوغم ہے۔اس خاموشی پربھی غم ہے جوہماری طرف سے اختیارکی جارہی ہے۔سوال صرف اتناہے کہ اگر یہی ہوناتھااوراسی حل کوہم نے راضی بہ رضاتسلیم کرلیناتھاتوپھراسے1948ءمیں ہی تسلیم کرلیناچاہیے تھا۔اگریہی ہوناتھا تواتنے برس پاکستانیوں کوکشمیرکی آزادی کی ترانے کیوں سنوائے تھے،کشمیرمیں ماتم کرتی ہوئی عورتوں کے مناظرکیوں دکھائے تھے۔جنازوں پر روتے ہوئے بزرگ کیوں دکھائے گئے۔نہتی بچیاں مسلح بھارتی فوجیوں پرپتھراؤکرتی کیوں دکھائی گئِیں،کشمیرکو پاکستان کی شہہ رگ کیوں کہاگیا۔ کشمیر میں ہونے والی جنگ آزادی کے حوالے سے ہمارے سینے کیوں گرمائے گئے۔یوم کشمیرکیوں اتنے جوش وخروش سے منایاگیا۔اب جب کئی نسلوں کی وابستگی اس سرزمیں کشمیرسے ہوگئی ہے توپھر1948 والے حل پرکیوں اکتفاکرلیاگیا۔ یہ کام کئی دہائیوں پہلے کیوں نہیں کیا گیا۔میرے وطن کی کئی نسلیں تعلیم سے کیوں محروم رہیں،کیوں انہیں صحت کی سہولیات نہیں ملیں،کیوں یہ ملک ترقی نہ کر سکا۔

ابھی چند دن قبل عمران خان صاحب نے کشمیری شہداء پرموجودہ حکومت کے کردارپرشدیدنکتہ چینی فرمائی تومجھے چند برس قبل قومی اسمبلی میں کشمیرکے موضوع پردھواں دھاربحث یادآگئی۔اس وقت کےلیڈرآف دی اپوزیشن شہبازشریف نے نہایت درمندانہ لہجے میں تمام اختلافات بھلاکرکشمیرکے مسئلے پرحکومت کو مکمل تعاون کایقین دلایا۔جواب میں وزیراعظم عمران خان نےدبنگ لہجے میں کہاکہ”مجھےتعاون نہیں تجاویز چاہئیں۔کیاآپ چاہتے ہیں ہم بھارت کے خلاف جنگی محاذکھول دیں؟جنگ کاآغازکردیں؟”اسمبلی کی اس کاروائی کودیکھ کربچوں کاوہ کھیل یادآ گیاجس میں ایک بچے کی آنکھوں پرپٹی باندھ دی جاتی اوراسے دوسروں کو پکڑنے پرمامورکیاجاتاہے۔اس دفعہ المیہ یہ ہے کہ دونوں بچوں کی آنکھوں پرپٹی بندھی ہے اوردونوں نجانے کس کوپکڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔دونوں کے ہاتھ میں کچھ نہیں آرہااوردونوں ہی”پکڑلیا،پکڑلیا“ کا شورمچارہے ہیں۔

اس لئے کہ اس فیصلے کومنسوخ یامنظورکرنے میں دونوں بے اختیارنہیں۔بدقسمتی تویہ ہے کہ جونہی حکومت سے اپوزیشن میں آتے ہیں توفوراًیہ راگ الاپاجاتاہے کہ یہ منصب کبھی بھی سول قیادت کونہیں سونپاگیا۔ووٹ سے منتخب لوگوں کوکبھی اس کااختیارنہیں دیاکہ وہ خارجہ پالیسی میں کوئی رائے دے سکیں۔ہم نے کب ہتھیارڈالنے ہیں،کب ہتھیاراٹھانے ہیں،کب کسی ملک کواپنے صوبہ بنانے کاخواب دیکھناہے،کب چین کے ساتھ یاری لگانی ہے،کب ایران کے ساتھ اختلاف پیداکرناہے،کب جہادکیلئےچندے کی صندوقچیوں کوملک کی ہردکان کے باہررکھناہے،کب اسی جہادسے منکرہوجانا ہے،کب بھارت کے وزیر اعظم کے ملک میں آنے کوغداری کہناہے اورکب مودی کومسلسل کالیں کرنے کوخارجہ پالیسی کہناہے۔کب ایران سے تعلقات کے بارے میں بات کرنے کوفرقہ واریت کہناہے اورکب ایران کے قصیدے گانے ہیں۔ کب کسی وزیر اعظم پرکشمیرکے بورڈ ہٹانے پرغداری کی تہمت لگانی ہے اورکب کشمیرپربھارتی تسلط پرخا موش رہناہے۔کب فلسطین کی آزادی کیلئےملک بھرسے ڈنڈا بردارنوجوانوں کی ریلیاں نکالنی ہیں،کب یمن میں ہونے والے مظالم پرچپ سادھ لینی ہے۔کب امریکاکوصہیونی طاقت کہنا ہے اورکب امریکاسے ملاقات کیلئے شہزادوں کی مدد حاصل کرنی ہے۔

کب مذہبی بنیادوں پرنکالے گئے جلوسوں میں موٹرسائیکلوں کونذرآتش کرناہے کب پرامن مظاہرے کرناہے۔کب کس کے حکم پراپنے ہی محب وطن افرادکوبین الاقوامی دہشتگردقراردیکرانہیں جیل کی ہوالگوانی ہے۔کب بھارت کے ساتھ تجارت کوملک دشمنی کہناہے کب تجارتی معاہدوں کیلئےتعلقات کی پینگیں بڑھاناہے اورکب عمران خان کے امریکامیں اسامہ بن لادن والے بیان پرچپ رہناہے۔کب فاطمہ جناح کوغدارکہناہے اور کب مادرملت کی یادمیں اعزازی ٹکٹ کااجراء کرناہے۔کب71ءکی جنگ کاملبہ مجیب الرحمن پرڈالناہے اورکب اسے بھٹوکی سازش کہناہے۔کب بگڑتی معشیت کاسہراگذشتہ حکومتوں پرڈالناہے اور کب اسی ابترمعشت کو”نیاپاکستان“کہناہے۔کب مدرسوں پرچھاپے مارنے ہیں اورکب انہیں فنڈنگ مہیاکرنی ہے۔کب آپریشن ضرب عضب شروع کرناہے اورکب آپریشن ردّالفساد اورضرب قلم کاآغازکرناہے۔کب نوجوانوں کوبدراہ کہناہے اور کب انہیں انٹرنی بنا کر گالی گلوچ سکھاناہے۔

کب کس چینل کومحب وطن قراردیناہے اورکب کس چینل کوملک دشمن قراردیناہے۔کب صحافیوں کی تصویروں پرلال دائرے لگاکرانہیں اینٹی سٹیٹ قراردینا ہے اورکب کس صحافی کوتمغہ حسن کارکردگی سے نوازناہے۔کب کس پرکفرکا فتویٰ لگناہے اورکب کسی درگاہ کی چوکھٹ پرسجدہ کرنا ہے اورکب کسی کے تعویذوں پرایمان لاناہے۔کب کسی وزیراعظم کوپھانسی پر لٹکاناہے کب کسی وزیراعظم کی کن پٹی پرپستول رکھ کرملک بدر کرنا ہے،کب کس منتخب وزیراعظم کے ہاتھ میں پکڑے جام والی تصویرکووائرل کرواناہے اورکب کسی ڈکٹیٹرکی کتوں کے ساتھ تصویرکھنچواکرفرنٹ پیج پرلگواکرماڈریشن کادرس دینا ہے،کب ماتھے پرجام رکھ کررقص کرنے والی تصویرکی نقاب کشائی کرناہے،کب ایف آئی آرکے سربراہ کی جام وسبوکی محفل میں بیہودہ رقص کوسوشل میڈیامیں وائرل کرناہے۔کب نیب کے ذریعے انتقام لیناہے اورکب اسی محکمے کے سربراہ کی ایک واہیات وڈیوسرعام لانی ہے۔کب اخباروں کے دفترجلانے ہیں،کب سارے ملک سے اخبارکی کاپیاں غائب کرنی ہیں اورکب انہیں اخباروں میں شہ سرخیاں لگواکراپنے لئے رائے عامہ ہموارکرنی ہے۔

اب کیایہ سمجھ لیاجائے کہ سیاسی لیڈروں کی وہ حیثیت ہے جیسے دوبچے آنکھوں پرپٹی باندھے ایک دوسرے کوپکڑرہے ہیں،نہ کسی کوکچھ دکھائی اورسجھائی دے رہا ہے،نہ کسی کے پاس کوئی اختیارہے نہ کسی کی کوئی بساط ہے یاپھرسیاسی لیڈراپنی شعلہ بیانی اورالزامات کی بارش کی چھتری کے نیچے کھال بچانے کیلئے اپنے گندے کپڑے کسی اورکی لانڈری میں دھونے کاتاثردیکرقوم کودھوکہ دے رہے ہیں۔آخراس کافیصلہ ہم کب کریں گے؟اب توپچھلے کئی ماہ سے نیوٹرل ہونے کا فیصلہ ہوچکاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں