Allah's Warning | Be Careful

مالک الملک کی تنبیہ

:Share

سپرطاقت کا میجرجنرل کرسٹوفر ڈونا ہوجس نے1992ء میں کمیشن لیکراپنے ملٹری کیریئرکاآغازکیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے سپیشل اسسٹنٹ کے عہدے کے ساتھ ساتھ سپورٹ آپریشنز میں 17 مرتبہ افغانستان، عراق، شام، شمالی افریقہ اور مشرقی یورپ بھی گئے، ان کی تازہ ترین پوسٹنگ افغانستان میں تھی ۔بالآخرڈھیرساری کامیابیاں سمیٹنے والا 30 اگست 2021ء کیرات افغانستان سے نکلنے والے آخری فوجی کےاعزاز کے ساتھ اب تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، یہ اعزازصرف یہاں تک محدود نہیں بلکہ یہ دنیا کے تمام پسے ہوئے ملکوں اور طبقوں کے نام ایک پیغام بھی ہے۔جنرل کے امریکی جہاز سی 17 کی سیڑھی پرقدم رکھاتے ہی سپرپاورکاجونہی افغان سرزمین سے تعلق ختم ہوا، ساری دنیامیں یہ پیغام نشر ہو گیا، یہ زمین صرف اور صرف اللہ کی ہے اور اللہ جب چاہتا ہے یہ ہاتھیوں کو بھی کنکریوں سے بھس بھرے گدے بنا دیتا ہے، یہ امریکا کو بھی اپنے قدم بوریا نشینوں کے ملک سے سمیٹنے پر مجبور کر دیتا ہے۔

میں نے 2010ء میں پاکستان میں طالبان کے آخری سفیر ملا عبدالسلام ضعیف کی کتاب “اژدھا کے منہ میں چار سال” پڑھی تھی، ملا عبدالسلام 2002ء سے 2006ء تک چار سال امریکا کی قید میں رہے تھے، یہ 2006ء میں گوانتانا موبے سے رہا ہوئے، کابل آئے اور گم نامی میں زندگی گزارنے لگے، انہوں نے 2007 ء پشتو زبان میں اپنے چار سال کی روداد لکھی تھی، اس کتاب کو نوشہرہ میں “ہیومن رائیٹس پبلی کیشنز”نے اردو میں ترجمہ کر کے شائع کیا، جنرل پرویز مشرف کا دور ختم ہو چکا تھا، پیپلز پارٹی کی حکومت تھی لہٰذا یہ کتاب شائع ہوئی اور اس نے درد دل رکھنے والوں کو ہلا کر رکھ دیا۔میں نے طالبان کی واپسی کے بعد یہ کتاب دوبارہ پڑھی اور دیر تک افسردہ بیٹھا رہا۔

ملا عبدالسلام ضعیف نے لکھا “میں افغان ایمبیسی کے مہمان خانے میں آیا، وہاں تین افراد بیٹھے تھے، ان میں سے ایک پٹھان تھا جس نے گلزار کے نام سے اپنا تعارف کرایا جب کہ دیگر دونوں اردو بولنے والے تھے، ان میں سے ایک انتہائی بدصورت،کالے کلوٹے اور بھدے ہونٹوں والے نے طنزیہ انداز میں کہا”آپ جانتے ہیں امریکا اس وقت سپر پاور ہے، پاکستان جیسا کمزور ملک اس کا مقابلہ نہیں کر سکتا، اس سپر پاور کو آپ کی ضرورت ہے اور ہم آپ کو گرفتار کر کے امریکا کے حوالے کرنے آئے ہیں تاکہ امریکی خوش ہو سکیں اور پاکستان کو کوئی گزند نہ پہنچے”۔ عبدالسلام ضعیف نے جواب دیا “امریکا ایک سپر پاور ہے لیکن اس کے باوجود دنیا کے معاملات چلانے کے لیے کچھ قوانین اور اصول ہیں، آپ مجھ سے کن اسلامی، غیر اسلامی اور بین الاقوامی اصولوں کے تحت یہ سلوک کر رہے ہیں، آپ مجھے زیادہ سے زیادہ ملک چھوڑنے کا حکم دے سکتے ہیں”۔

ملا ضعیف کے مطابق” اس شخص نے توہین آمیز لہجے میں کہا ،ہماری نظر میں اس وقت اسلام کی کوئی اہمیت ہے اور نہ کسی قانون اور اخلاقی قدر کی، صرف پاکستان کے مفادات اہمیت کے حامل ہیں اور بس”۔ملاضعیف کے مطابق “مجھے اسلام آباد سے گرفتار کر کے پشاور لایا گیا اور پھر منہ پر پٹی باندھ کر امریکیوں کے حوالے کر دیاگیا اور امریکیوں نے مجھ پر لاتوں، گھونسوں، تھپڑوں اور مکوں کی بارش کر دی، مجھے زمین پر پٹخ دیا گیا ،چاقو ؤ ں سے میرا لباس پھاڑ کر مجھے بالکل ننگا کر دیا گیا، اس دوران میری آنکھوں کی پٹی سرک گئی تو میں نے دیکھا، پاکستانی اہلکار فوجی انداز میں صف بستہ کھڑے تھے، ان میں غالباً کوئی جرنیل بھی تھا، دوسری طرف چند امریکی فوجی منظم انداز سے کھڑے تھے جب کہ باقی امریکی میرے ساتھ وحشیانہ اور ظالمانہ سلوک کر رہے تھے”۔

ملا ضعیف نے لکھا ” میں مان لیتا ہوں کہ پاکستان مجھے امریکیوں کے حوالے کرنے پر مجبور تھا، لیکن کم از کم امریکی اہلکاروں سے تو کہہ سکتا تھا آپ ایک بے بس قیدی سے ہماری آنکھوں کے سامنے اس قسم کا غیر انسانی سلوک نہ کریں، امریکیوں کے اس توہین آمیز سلوک پر پاکستانی اہلکاروں کا یوں خاموش رہنا یہ وہ سنگین جرم ہےجسے نہ کوئی غیرت مند اور باضمیر انسان معاف کر سکتا ہے اور نہ بھول سکتا ہے، یہ زخم زندگی بھر مندمل نہیں ہو سکتے”۔ ملا عبدالسلام ضعیف کو پشاور سے سمندر میں کھڑے امریکی بحری جہاز میں لے جایا گیا، وہاں اسے ہرروز شدید تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا، تین بائی چھ فٹ کے قبر نما کمرے میں بند کر دیا جاتا تھا، ہاتھ پا ؤ ں باندھ کر گٹھڑی سا بنا کر پھینک دیا جاتا تھا، پانی اور کھانا نہ ہونے کے برابر دیا جاتا تھا۔

انہیں وہاں سے گٹھڑی کی طرح باندھ کر بگرام لایا گیا، وہاں انہیں شدید سردی میں ننگا لٹا دیا جاتا تھا، ان کے ساتھ دوسرے قیدی بھی تھے اور یہ سب رو رو کر اللہ سے موت کی دعا کرتے تھے کیوں کہ بگرام کی زندگی سے موت ہزار گنا بہتر تھی، ملا ضعیف کو پھر بگرام سے قندھار شفٹ کر دیا گیا، یہ ان کی زندگی کا مشکل ترین دور تھا، یہ پانچ ماہ قندھار میں رہےجس دوران انہیں ہاتھ منہ نہ دھونے دیا گیا، پینے کے لیے چند قطرے پانی دیا جاتا تھا اور یہ اگر اس سے ہاتھ گیلا کر کے منہ پر پھیرتے تھے تو انہیں بدترین سزا دی جاتی تھی، کھانے سے بو آتی تھی، قیدیوں کو سور کا گوشت کھلایا جاتا تھا، رفع حاجت کے لیے 20 افراد کو دو بالٹی پانی دیا جاتا تھا اور واش روم سے پہرے داروں کی نگرانی میں فارغ ہونا پڑتا تھا، قید خانے میں اور بھی قیدی تھے، تمام کو روزانہ تشدد کا نشانہ بنایا جاتا تھا، قندھار میں ایک امریکی فوجی نے سب کے سامنے قرآن مجیدپر….. کیااور پھر اٹھا کر سب کے سامنے….کے ڈرم میں میں پھینک دیا، اس رات جیل کے تمام قیدی زاروقطارروتے رہے ۔

ملاعبدالسلام ضعیف کو آخر میں قندھار سے گوانتانا موبے شفٹ کر دیا گیا، یہ جہاز میں بارہ گھنٹے بندھے رہے، بازو اور ہاتھ سوج گئے جن کی وجہ سے ان کے ہاتھ تین ماہ بے حس رہے، گوانتانا موبے کی جیل قندھار اور بگرام سے بھی خوفناک تھی، ان کے سامنے بے شمار قیدی بیمار ہو کر فوت ہو گئے، بے شمار پاگل ہو گئے اور بے شمار تشدد کے دوران ہلاک ہو گئے، گوانتانا موبے کا احوال خون آشام تھا اور یہ پڑھ کر یقین نہیں آتا کیا انسان بھی انسانوں کے ساتھ یہ سلوک کر سکتے ہیں، بہرحال چار سال کی مسلسل اذیت اور ظلم کے بعد عبدالسلام ضعیف کو افغان حکومت کے حوالے کر دیا گیا اور یہ کابل کے مضافات میں اپنے خاندان کے ساتھ گمنامی کی زندگی گزارنے لگے لیکن امریکی تشدد اور جنرل پرویز مشرف کے ساتھیوں کی زیادتیاں ابھی تک ان کے ذہن میں تازہ ہیں، یہ دوبارہ نارمل نہیں ہو سکے۔ یہ صرف ملا عبدالسلام ضعیف کی داستان نہیں، ایسے لاکھوں لوگ تھے اور یہ لاکھوں لوگ امریکا کے ساتھ احمد شاہ مسعود کے رقص بسمل کا شکار بھی ہوئے اور رشید دوستم کے کنٹینروں میں بھی دم گھٹنےسے مر گئے۔رشیددوستم کے مظالم کاذکرنے کیلئے الفاظ بھی منہ چھپاکردہائی دیناشروع کردیتے ہیں۔

میں بھی کسی حدتک طالبان کے پہلےطرز حکمرانی پرنالاں تھا کہ انہوں نےمعاشرے کو غیر ضروری بندشوں کا شکار بنا دیا تھا، خواتین کو گھروں تک محدود کر دینا، لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی لگا دینا، داڑھی اور برقعے کو قانون بنا دینا اور پوری دنیا کے ساتھ “آڈہ” لگا لینا یہ حماقت تھی لیکن امریکا اور اس کے اتحادیوں نے طالبان کے ساتھ جو کیا ہم اسے بھی کسی طرح مہذب قرار نہیں دے سکتے، یہ بھی بے انتہا ظلم تھا اور یہ ظلم اب تاریخ کا حصہ بن چکا ہے یہاں تک کہ امریکا کو 6ٹریلین ڈالر کے اخراجات، 20 سال کے قبضے اور اڑھائی ہزار فوجیوں کی لاشوں کے ساتھ بالآخر 30 اگست کو افغانستان سے واپس لوٹنا پڑ گیا جس کے بعد علامہ اقبال کی پیشن گوئی سچ ثابت ہوگئی، افغان باقی……..کہسار باقی……..الحکم اللہ ……..الملک اللہ۔

افغانوں نے تیسری سپر پاور کو شکست دے کر ثابت کر دیا قوم اگر ڈٹ جائے تو پھر جارح برطانیہ ہو، روس ہو یا پھر امریکا ہو وہ بالآخر واپس جانے پر مجبور ہو جاتا ہے، برطانیہ کے پرانے فوجی کہتے تھے افغانستان پر قبضہ انتہائی آسان ہے، کوئی بھی آئے اور افغانستان پر قابض ہو جائے لیکن کیا وہ افغانوں کو زیر کرسکتا ہے، یہ ناممکن ہے، اسے بالآخر کبھی نہ کبھی افغانستان کو اس کے حال پر چھوڑ کر واپس جانا ہو گا،افغانستان میں1839ء میں برطانیہ آیا،پہلی افغان اینگلو وار ہوئی،برطانیہ تین سال افغانستان پر قابض رہا لیکن پھر اس کے 16 ہزارفوجی افغانستان کے پہاڑوں میں ذبح ہو گئے، افغانوں نے صرف ڈاکٹرولیم برائیڈن کو چھوڑا تاکہ وہ باقی زندگی دنیا کو افغانوں کے بارے میں بتاتا رہے اور ڈاکٹرولیم برائیڈن مرنے تک یہ فریضہ سرانجام دیتا رہا۔

سوویت یونین بھی 1979ء میں آیا، دس سال رہا لیکن آخر میں خود ٹکڑے ٹکڑے ہو گیا اور تیسری طاقت امریکا تھا، یہ بیس سال افغانستان میں رہا لیکن آخر میں کیا نتیجہ نکلا؟میجر جنرل کرس ڈونا ہو نے کابل ائیرپورٹ کو ہاتھ ہلا کر گڈ بائی کہا اور امریکا بھی افغانستان سے واپس لوٹ گیا جس کے بعد طالبان آئے، کابل ائیرپورٹ پر کھڑے ہو کر اذان دی، صف بہ صف کھڑے ہو کر باجماعت نماز ادا کی اور دنیا کو یہ بتا دیا، یہ زمین صرف اور صرف اللہ کی ہے اور اللہ اگر نہ چاہے تو دنیا کی واحد سپر پاور بھی بیس سال میں طالبان جیسے بے آسرا لوگوں کو دبا نہیں سکتی، امریکا بھی پہاڑوں کے غاروں میں رہنے اور رات کے باسی ٹکڑے قہوے میں بھگو کر کھانے والے طالب علموں کا مقابلہ نہیں کر سکتا، طالبان اور افغانوں نے ثابت کر دیا اگر آسمان والا آپ کے ساتھ ہے تو پھر زمین کی کون کون سی طاقتیں آپ کے خلاف ہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا اور اگر اوپر والا آپ کے ساتھ نہیں ہے تو پھر آپ برطانیہ یاروس ہوں یاپھرامریکا ،آپ طالبان جیسے بے سروسامان لوگوں سے بھی ہار جاتے ہیں، بے شک اللہ ہی اکبر ہے اور یہ ہی رہے گا۔

سوال یہ ہے کہ ہم دنیاکی سپرپاورکے سامنے افغانوں کی فتح میں خودکوبڑاحصہ دارسمجھتے ہیں توپھرکیاوجہ ہے کہ ہم اللہ کی مرضی کے خلاف آئی ایم ایف اوردیگر اداروں کے سامنے ڈھیر ہوگئے ہیں۔بدنصیبی تویہ ہے کہ مدینہ ریاست کادعویٰ کرنے والوں نے اپنے عزم کواپنے ہی ہاتھوں پامال کردیا۔مدینہ ریاست کے حکمرانوں سے کڑی شرائط کے ساتھ سالانہ4 فیصد سود پرتین ارب ڈالرلیکرکس منہ سے مدینہ ریاست کانام لے رہےہیں۔اُن بیکس اورفاقہ مست پڑوسی طالبان کوہی دیکھ لیتے کہ اس وقت ایک عالمی رپورٹ کے مطابق آدھی افغان آبادی قحط اوربھوک کاشکارہے،ان کے 90لاکھ بچے غذائی اورادویات کی قلت کی بناء پر زندگی اورموت کے خطرے سے دوچارہیں۔اس حالت میں چین کی مددکواس لئے ٹھکرادیاکہ اس کے ساتھ “سروسز”کے نام پرسودعائدکیاگیاتھا۔آپ مالک الملک کی یہ تنبیہ کیوں بھول گئے:
تم دُوسروں کو تو نیکی کا راستہ اختیار کرنے کے لیے کہتے ہو، مگر اپنے آپ کو بھول جاتے ہو؟ حالانکہ تم کتاب کی تلاوت کرتے ہو ،کیا تم عقل سے بالکل کام نہیں لیتے ؟﴿البقرة :44﴾

اپنا تبصرہ بھیجیں