27 Ramadan. Independence Day

27رمضان۔۔۔یوم آزادی

:Share

نزولِ قرآن اورلیلتہ القدرکی بابرکت ساعتوں میں27رمضان المبارک1366ھ بمطابق14/ اگست1947ءکوپاکستان کاعالمِ وجودمیں آنااللہ تبارک وتعالیٰ کامسلمانانِ برِّعظیم کیلئے ایک عظیم تحفہ ہے،یوں یہ مملکتِ خداداکہلائی۔ریاست مدینہ کے بعدیہ دوسری اسلامی نظریاتی مملکت معرضِ وجودمیں آئی قائداعظم نے25جنوری 1948ءکوکراچی بارایسوسی ایشن کی سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فرمایاکہ”میری سمجھ میں نہیں آتاکہ یہ شر انگیزی کیوں کی جارہی ہے اوریہ پروپیگنڈہ کیوں ہورہاہے کہ پاکستان کاآئین شریعت پرمبنی نہیں ہوگا۔پاکستان میں اسلامی اصول اس طرح نافذالعمل ہیں جیسے1300سال قبل نافذہوئے تھے”۔بانی پاکستان کااشارہ واضح طورپرریاستِ مدینہ کی طرف تھا۔

قیامِ پاکستان کاپس منظرہندوکانگریس اوربرطانوی سامراج کی مسلم دشمنی کابرِّعظیم میں ایک ناپاک گٹھ جوڑاوربھیانک وسیاہ باب پر مبنی ہے۔1946ءمیں لندن کانفرنس کے دوران ہی ایک بڑی سازش کے تحت جواہرلال نہروکے دیرینہ دوست لارڈمونٹ بیٹن کا گورنرجنرل مقررہونا،اس سازش میں شریک کرشنامینن ایک شدت پسندکیمونسٹ لیڈرجس نے بسترِمرگ سے اس سازش کاانکشاف کیا۔اس نے’’فریڈم ایٹ مڈنائٹ‘‘کے مصنف کے سامنے یہ راز بھی افشاءکیاکہ ماؤنٹ بیٹن کوگورنرجنرل مقررکرانے کی جوکامیاب کاوش ہوئی،اس میں یہ بھی طے پایاتھاکہ یہ رازمسلمانانِ برِّعظیم کومعلوم نہ ہونے پائے ورنہ ماؤنٹ بیٹن کی افادیت ختم ہوجائے گی ۔واقعی رازفاش نہ ہوا،قائد اعظم اورلیاقت علی خان کانفرنس کے سلسلے میں وہاں موجودتھے،انہیں بھی اس ناپاک سازش کی بھنک تک نہ پڑی۔

ماؤنٹ بیٹن نے برطانوی وزیراعظم ایٹلی کی ہدائت کے مطابق پہلے سرتوڑکوشش کی کہ برِعظیم تقسیم نہ ہونے پائے۔مسلم لیگ کا سربراہ اورمسلمانانِ برِّعظیم کا قائداعظم محمدعلی جناح متحدہ بّرِعظیم فلسفے کے خلاف ہمت،شجاعت،حوصلہ اورعزم کی چٹان بن گئے اوردونوں مسلم دشمن سامراجیوں کوجھکناپڑا ۔تقسیم کافیصلہ ہوا لیکن اس کے پردے میں وہ سب کچھ کیاجوبقول قائداعظم محمد علی جناح دشمن چاہتاہے کہ’’پاکستان بنتے ہی گائب(غائب)ہوجائے”۔

اس وجدان کاثبوت راقم نے لندن میں دارلعوام کی ڈیبٹ رجسٹرمیں دیکھاجس میں وزیراعظم برطانیہ ایٹلی نے”انڈیا انڈی پینڈنٹ”بل پرتقریرمیں یوں کہاکہ”برعظیم کودوممالک میں تقسیم کرناایک عارضی عمل ہے،بہت جلددونوں”دونیشن”ایک بڑی ڈومینئن میں متحدہوکرکامن ویلتھ” میں شریک ہو جائیں گی۔ ”(کالم1246) ۔ اس وقت کے حزبِ اختلاف کے رہنمامیکڈونلڈے بھی غیرمعمولی طورپر وزیر اعظم سے متفق ہوکرکہاکہ’’ برِعظیم کی انڈیا انڈیپینڈنٹ بل‘‘میں ایسے جراثیم پائے جاتے ہیں کہ یہ دونوں ممالک زیادہ دیرتک علیحدہ نہ رہیں گے”(کالم1242)

آزادی کیلئے دارلعوام میں30جون1948ءتک کی مدت طے پائی تھی،ماؤنٹ بیٹن نے اس مدت کومختصرکرکے جلدازجلدآزادی دینے کافیصلہ کیا۔ برِعظیم کی تقسیم کی خفت کی وجہ سے جلد بازی اس لئے کی کہ پاکستان سنبھل نہ پائے۔قائداعظمؒ نے اس جلدبازی کی کی سخت ترین مخالفت کی اوردارلعلوام کے فیصلے کی مدت پرقائم رہنے کیلئے زوردیا۔کسے معلوم کہ اللہ تعالیٰ برِّعظیم کے مسلمانوں کیلئے کیاعظیم تحفہ دیناچاہتاہے۔ماؤنٹ بیٹن نے اپنی ذاتی خوشی کیلئے برطانوی اوربرِّعظیم کے لیڈروں سے بغیرصلاح و مشورہ کے15/اگست1947ءکی تاریخ کااعلان کردیا۔ یہ تاریخ وائسرے ہندلارڈماؤنٹ بیٹن کی زندگی میں بڑی خوشی کادن تھاجب وائسرائے ہندلارڈماؤنٹ بیٹن جنگِ عظیم دوم کے دوران برمامحاذکاکمانڈرتھا،دراصل اسی تاریخ کوجاپان نے ہتھیار ڈالے تھے ۔

برعظیم کی آزادی اس سرنڈرکی دوسری سالگرہ کے موقع کوایک اورتاریخی کامیابی قراردے کرتاریخ میں خوش قسمتوں میں اپنانام لکھوانامقصودتھا۔ قائد اعظمؒ محمد علی جناح کی مخالفت کی تواس نے پرواہ نہ کی لیکن اسے کیامعلوم کہ ہندوراشٹرکے اصل حکمراں جوتشی اورستارہ شناسوں کی مخالفت کے سامنے ہتھیار ڈالنا پڑیں گے۔جوتشیوں نے15/اگست کو”منحوس”قراردیدیا۔ہندورہنماتو خاموش رہے لیکن اس طاقتور طبقہ نے طوفان برپاکردیااوربزدل اور مکاروائسرائے ہندلارڈماؤنٹ بیٹن اس مخالف مہم سے بوکھلاگیا۔ اس کی بوکھلاہٹ تب کم ہوئی جب جوتشیوں نے14/اگست کو”مبارک” قرار دیا۔بزدل اورمکاروائسرائے ہندلارڈ ماؤنٹ بیٹن نے اس سیلاب کوروکنے اوراپنی خواہش کوبرقراررکھتے ہوئے جوتشیوں کوبھی تسلی بخش طریقہ بتاکر بڑی چالاکی سے نئی تاریخ یوں پیش کی کہ آزادی کی تاریخ ”منحوس” کو”مبارک”دن کے قریب ترین آدھی رات چودہ اورپندرہ کی درمیانی شب بارہ بجے متعین کر دیا۔ ہندو جوتشیوں نے ٹھیک بارہ بجے پوجاپاٹ کے دوران بجانے والا”سنکھ”بجاکرآزادی کے حصول کامضحکہ طریقہ اپنایاحالانکہ قانون سازاسمبلی کو اقتدار 15/اگست کوہی منتقل کیا گیااوردوسری طرف پاکستان کوپہلے ہی14/ اگست کواقتداراسمبلی کومنتقل کردیا گیاتھا۔

یہی انسانی مشقیں ہوئیں اورمسلم دشمن،بزدل اورمکارروائسرائے ہندلارڈماؤنٹ بیٹن خودہی اس ساعت کی طرف کھنچ کرآگیاجواللہ کومنظورتھا۔ یوں 14 اور15اگست کی درمیانی رات27رمضان المبارک کاآغاز14/اگست کومغرب غروبِ آفتاب سے شروع ہوا۔اسی رات نزولِ قرآن اورلیلتہ القدرکی مبارک ساعتیں آن پہنچیں اوروہی ہواجوکریم رب کومنظورتھا۔انہی بابرکت ساعتوں میں پاکستان عالمِ وجود میں آگیااورمملکتِ خداداد کہلایا۔ 14/ اگست1947ءقیامِ پاکستان کابچہ بچہ جانتاہے کہ ہجری سال1366میں27رمضان المبارک کوظہورپذیرہوا۔اس کی دینی فضیلت توعالمِ اسلام میں نمایاں ہے اوراس کی ملی اہمیت بھی بہت اہم ہے۔27رمضان المبارک کے حوالے سے قیامِ پاکستان کی اہمیت کونئی نسل تک روشناس کرانے اوراس پرعمل کرنے کیلئے قومی سطح پرجنگی بنیادوں پرلائحہ عمل تیارکرنے کی جواشد ضرورت تھی،قائداعظمؒ محمدعلی جناح کے جلدانتقال کے بعدہمارے بے عمل اورلالچی حکمرانوں نے اس پربھرپورتوجہ نہیں دی لیکن میراوجدان اب بھی اس بات کی گواہی دیتاہے کہ اب بھی اگرقدرت کی طرف سے عنائت کردہ اس معجزہ نماریاست کیلئے ایسی منصوبہ بندی کی جائے جس کاہم نے اپنے پروردگارسے وعدہ کیاتھاتو ہم یقیناًاپنی منزلِ مقصودپرپہنچ سکتے ہیں۔

بقول قائداعظمؒ”پاکستان منزل نہیں بلکہ منزلِ مقصودکاوسیلہ ہے”۔”پاکستان اسلام کاقلعہ ہے”اوریہ قلعہ اس وقت اسلام دشمن قوتوں کی گولہ باری کی شدیدزد میں ہے۔جس دن ہم نے سچے دل سے اپنے رب کے حضورسجدہ کرلیاتواسی وقت ہمارارب ہمیں تمام دنیاوی سجدوں سے بے نیازکردے گا۔
وہ ایک سجدہ جسے توگراں سمجھتاہے
ہزارسجدوں سے دیتاہے آدمی کونجات

یہ معجزاتی ریاست جورمضان کی سب سے اہم اورمبارک ساعتوں میں عنائت ہواورآج ہم بڑے تفاخرسے اپنے دیگرکارناموں کے ساتھ ایٹمی دہماکے کوبھی اپناکارنامہ بتاتے نہیں تھکتے لیکن وہ وقت کب آئے گاجب ہمت کرکے 27رمضان کوملک کایوم آزادی قراردیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں