Sample Sharam

پچھتاوے کی سڑک

:Share

پچھلے کئی برسوں سے مسجدمیں اجتماعی افطاری کے ایمان افروزافطاری کی یوں توکئی یادیں ایسی ہیں جن کویادکرکے اک سحر طاری ہوجاتاہے۔ایک ایسی ہی تقریب میں اچانک شاہ صاحب سے ملا قات ہوئی،میزبان نے تعارف کروانے کی کوشش کی مگرشاہ صاحب نے ایک عجیب وارفتگی سے گلے لگالیا،ان کی گرمجوشی قابل دیدتھی اورادھرمیرابھی یہی حال تھا۔”آپ تو ایک دوسرے کوپہلے سے جانتے ہیں۔”میں نے جواباًعرض کیاکہ”میں شاہ صاحب کونہ صرف جانتاہوں بلکہ دل سے ان کی قدر بھی کرتاہوں۔ان کاتعلق ان چندسیاستدانوں سے ہے جوکبھی جاری سیاسی قواعدسے دوررہے، جنہوں نے ہمیشہ ایمانداری،خلوص اورنیک نیتی کوزادِراہ جانا،جنہوں نے ہردورمیں سیاست کوکچھ نہ کچھ دیا،اس سے وصولی کی کوشش نہیں کی۔”شاہ صاحب نے میراشکریہ اداکیااورہم دونوں ایک کونے میں بیٹھ گئے۔شاہ صاحب اپناسیاسی اتارچڑھاؤبتانے لگے،انہوں نے سیاست کیسے شروع کی، الیکشن کیسے لڑا،کیسے وزیربنے،رشوت اورلوٹ کھسوٹ سے بچنے کیلئے انہیں کون کون سے پاپڑبیلنے پڑے۔ انہیں الیکشن میں کیسے ہروایاگیااورآخرمیں انہوں نے پارٹی کیسے چھوڑی،وغیرہ وغیرہ۔

میرے علم میں دوچارایسے واقعات بھی ہیں جس کی وجہ سے میرے دل میں ان کیلئے بے حداحترام ہے۔میں نے ایک بارپھران کی ایمانداری کی تعریف کی،انہوں نے تڑپ کرمیری طرف دیکھااورٹھنڈے ٹھارلہجے میں بولے”میں اپنی اس ایمانداری،اس اصول پسندی اوراخلاص پرنہ صرف شرمندہ ہوں بلکہ بیوی اوراولادکے طعنوں کی زدمیں رہتاہوں۔”میں نے انہیں حیرت سے دیکھا،وہ گویاہوئے”تجربے اوروقت نے ثابت کیااس ملک میں جن لوگوں نے کچھ کمالیاوہی صحیح رہے،جنہوں نے موقع کھو دیاوہ پچھتاتے رہے،دیکھ لیں ایمانداری کا صلہ،آج میرے ہاتھ میں سیاست ہے نہ ہی مال”۔ہم دیرتک اس شرمندگی اورپچھتاوے پرگفتگوکرتے رہے۔شاہ صاحب نے بیسیویں مثالیں دیں،لوگ کیسے خالی ہاتھ سیاست میں آئے، وقت اورموقع سے فائدہ اٹھایا، فرش سے عرش تک جاپہنچے اورآج نہ صرف عیش کررہے ہیں بلکہ دوبارہ حکومتی غلام گردشوں کااہم حصہ ہیں۔

احتساب کے درجنوں محکمے بنے،ان کے خلاف کیس اورریفرنس بھی دائرہوئے لیکن انہیں کوئی فرق نہیں پڑا،ان میں سے کچھ نے دے دلاکرجان چھڑالی اورکچھ مک مکاکرکے ایک دفعہ پھرایماندارسیاستدان کاتمغہ حاصل کرچکے۔چندایک حضرات قانون کے مورچے میں پناہ گزیں ہوئے لیکن بالآخرانہوں نے بھی وفاداریاں تبدیل کرکے جان اورمال بچالئے اورپیچھے رہ گئے ہم جیسے بے وقوف!ہم اپنے اصولوں پرڈٹے رہے،خداخوفی سے ملک کی خدمت کواپناایمان بنائے رکھا،لیکن مال بنانے والوں کومیراوجودکب گوارہ تھا،سازشوں کے جنگل میں پھنسارہااورمیرے ہی دفترکے افراد کومیرے خلاف استعمال کرکے مجھے اس قدرتنگ کیاگیاکہ میں نے گھٹ گھٹ کرمرنے سے بہتریہی سمجھاکہ اس پتھرکوچوم کرعلیحدہ ہوجاؤں،جس کے نتیجے میں میرا دامن خالی تھااورخالی ہی رہا،اب ہم جیسے گھاٹ کے رہے اورنہ ہی انہیں گھرنصیب ہواتاہم آپ جیسے دوست احباب چندلمحوں کیلئے ہماری ایمانداری کی تعریف کے پُل باندھ کرپھرسے تڑپادیتے ہیں ۔

میرصاحب ایک ریٹائرڈ بیوروکریٹ تھے۔35سال اقتداراوراختیارکے کوریڈورمیں رہے،کس کس قیمتی پوسٹ اور کیسے کیسے سنہرے عہدے پررہے لیکن کیامجال کہ ایمان اورایمانداری کوہاتھ سے جانے دیاہولہنداجب ریٹائرہوئے توسرچھپانے کیلئے چھت تک نہیں تھی،جوپس اندازتھاوہ لاہورکے بدنام زمانہ ایڈن بلڈرزکے فراڈکی نذرہوگیا،عدالتوں کے دھکے کھاتے رہے لیکن فراڈ کرنے والااس وقت کے چیف جسٹس کادامادتھا،اس لئے اس کاکوئی بال تک بیکانہ کرسکا۔یہ الگ بات ہے کہ جب اس فراڈیئے کی موت واقع ہوئی تومتاثرہ افرادآج تک اس مکی قبرپرجوتے برساتے ہیں لیکن میرصاحب نے اپنی اپنی ساری زندگی پنشن اوردکھ میں گزاردی۔ہرصبح بیوی کے طعنوں اوراولادکے شکوؤں سے آنکھ کھلتی اوررات کوحالات کے بوجھ اور ضروریات کی گرانی تلے بندہوتی،میرصاحب نے بھی آخری زندگی پچھتاوے میں گزاری،وہ بھی کہاکرتے تھے”نیکی بندے کووہاں کرنی چاہئے جہاں نیکی کی کوئی وقعت ہو،جس معاشرے میں ایمانداری کادوسرانام بے وقوفی ہووہاں ایمانداری سے پرہیزلازم ہے، افسوس مجھے دورانِ ملازمت اس بات کااحساس تک نہ ہوا”۔

یہ شاہ صاحب ہوں یامیرصاحب،ہمارے معاشرے میں ایسے کرداربکھرے پڑے ہیں،ہم سب کی زندگی میں کوئی نہ کوئی شاہ صاحب،کوئی نہ کوئی میرصاحب ضرورہوں گے،یہ لوگ پہلے اکثریت میں ہوتے تھے لیکن اب اقلیت کی شکل اختیارکرتے جا رہے ہیں۔ہرآنے والادن ایسے لوگوں کی نعشوں پرطلوع ہورہاہے،وہ لوگ جوکبھی ضمیرکوعدالت سمجھتے تھے،جنہیں محسوس ہوتاتھاسب آنکھیں بندہوجائیں توبھی ایک آنکھ انہیں مسلسل دیکھتی رہتی ہے،جویہ سوچتے تھے دنیاعارضی کھیل ہے اوراس کھیل میں سب کچھ ہاردینابے وقوفی ہے اورجویہ کہتے تھے اطمینان سے بڑی کوئی دولت اورسچائی سے بڑی کوئی طاقت نہیں،وہ لوگ اس معاشرے سے تیزی کے ساتھ سمٹتے جارہے ہیں،یہ معاشرہ،یہ ملک ان لوگوں سے خالی ہوتاجارہا ہے، اس ملک میں ایمانداری کی زمین بڑی تیزی سے سیم اورتھورکاشکارہوتی جارہی ہے۔

ہمارے ملک میں این آراواورپاناماکے انکشافات نے ایمانداری،سچائی اورخلوص کاجنازہ نکال کررکھ دیااوراب یہ اوصاف ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتے ۔این آراوکواپنے لئے ایک مثال بناکرایسی کھلے عام لوٹ مچا ئی کہ الامان الحفیظ!الزمات اور انکشافات کی ایسی غلیظ تھیلی بیچ چوراہے میں رکھ دی گئی کہ قوم سکتے میں آگئی۔ان الزامات اورانکشافات میں بھی کئی آدھے سچ اورجھوٹ شامل کرکے قوم کی توجہ ان خطرات سے ہٹادی گئی جس کی آگہی سے عوام کواپنے وطن کے بارے میں اپنے دوستوں اوردشمنوں کی تمیزہورہی تھی۔ایک ہی وارمیں اپنے تمام مخالفین کوبدنام کرنے کی بڑے زوروشور سے مہم شروع کردی گئی اورملک کی تقدیرسے ایساکھلواڑکیاگیاکہ ایک ایٹمی قوت کامالک ہاتھ میں کشکول لئے خیرات اوربھیک مانگنے پر مجبور کردیاگیا ۔ ملک کی اس بربادی میں اربوں روپے کی دیہاڑی لگانے والے اب عوام کی کمزوریادداشت کے سبب عیش کررہے ہیں۔

حیرت اس بات پرہے کہ پانامالیکس کےشوروغل میں جن افرادکوہٹایاگیا،اسی پاناماکے مقدمات میں سنائی گئی تمام عدالتی سزاؤں کودبیزگردکے نیچے دباکردوبارہ مسنداقتدار کا تاج پہنادیاگیا حالانکہ اس وقت پاناماکیس کے سلسلے میں ایسے سنگین الزامات اورانکشافات بھی سامنے آئے جس کی تحقیقات پرملک کے کروڑوں روپے کے اخراجات اٹھ گئے لیکن بڑی مہارت کے ساتھ این آراوکی طرح پاناماکیس کوبھی دفن کردیاگیا۔کیاپاناماکیس بنانے والوں،اس کی تحقیقات کرنے والوں،عدالتی کاروائی میں قوم کے کروڑوں روپے کے اخراجات کی ذمہ داری کس پرعائدہوتی ہے؟کیاان ججزکے ساتھ ان تمام افرادکے خلاف کوئی کاروائی ضروری نہیں جنہوں نے اس ملک کواپنے مفادات کیلئے کنگال کردیا۔

ہمارے ملک میں پہلے ہی ایمانداری،وفاداری اورخلوص ختم ہوتاجارہاہے۔یہ لوگ جوپچھتاوے کی سڑک پرقدم رکھ رہے ہیں ان کیلئے بھی کچھ نہ کچھ کرناچاہئے۔ہم اگرانہیں کچھ دے نہیں سکتے توکم ازکم ان کاحوصلہ توضروربڑھاسکتے ہیں،ان کوعزت تودے سکتے ہیں،ان کی نیکی اورایمانداری کا اعتراف توکرسکتے ہیں،لوگ بجھتے چراغوں کی پھڑ پھڑاتی لوبچانےکیلئے اپنے ہاتھ جلابیٹھتے ہیں،ہم کیسے لوگ ہیں ہمارے سامنے زندگی کے بھانبھڑمیں برف کاشت کی جارہی ہے لیکن ہم خاموشی سے تماشہ دیکھ رہے ہیں۔یادرکھئے!اگرہم نے بھی ایمان اورنیکی کے ان چراغوں کی حفاظت نہ کی توہماری اولاد نیکی اورایمان کے الفاظ تک سے واقف نہیں ہوگی۔یہ معاشرہ یہ ملک”بددیانت کامیاب”لوگوں کاملک،موقع سے فائدہ اٹھانے والے لوگوں کا معاشرہ ہوگا۔ہمیں فی الفوران لکڑ ہاروں کامحاسبہ کرناہوگاجوہمارے ملک کے تمام درختوں کوکاٹنے کیلئے کندھے پرکلہاڑیاں لئے تیارکھڑے ہیں!
یقین کیجئے!جب کلہاڑا(امریکا)جنگل میں درخت(مسلمانوں)کاٹنے آیا،تودرخت بولے:کلہاڑی کادستہ(مسلمان لیڈر)ہم میں سے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں