کیاپاکستان میں واقعی ”ففتھ وارجنریشن ”کاآغازہوچکاہے؟یہ ہے وہ سوال جو ان دنوں بڑی کثرت کے ساتھ گونج رہاہے۔”ففتھ وارجنریشن” تب شروع کی جاتی ہے جب مخالف ملک کوتوڑناناممکن ہوجائے یاتوڑنے کی ہرکوشش کو ناکام بنادیاجائے۔اس موقع پرپروپیگنڈہ وارکےذریعے ملک میں انارکی، مایوسی کی فضااس اندازمیں پھیلائی جاتی ہے کہ عوام مختلف جتھوں کی شکل میں تقسیم ہوجاتی ہے۔مختلف علاقوں میں (نوگوایریاز) عوامی عملداریاں قائم ہوجاتی ہیں اورملک عملی طورپرناکام ریاست بن جاتاہے۔ان مقاصدکے حصول کیلئے سب سے پہلے فرقہ وارانہ منافرت اور فسادات اورلسانی بنیادوں پرعوام کوتقسیم کیاجاتاہے۔سراسیمگی اورخوف وہراس کی فضااستوارکرکے عوام اورریاستی اداروں کاباہم دست وگریباں کردیاجاتا ہے۔عالمی سطح کی سیاست میں ٹارگٹ ملک کے خلاف محازگرم کیاجاتاہے جس کے بعدعالمی اداروں کے ذریعے اسے دہشتگردملک قراردلوانا،بطور ناکام ریاست کے پیش کرنااورعسکری تنظیموں کی آماجگاہ جیسے مختلف الزامات لگاکرغیرملکی دباؤ بڑھایاجاتاہے اورپھرسوشل میڈیاکے ذیعے ملکی عوام کومحب وطن فوج سے بدظن کرکے عوام اورفوج کے درمیان غلط فہمیاں پیداکردی جاتی ہیں۔
کسی بھی ملک کی فوج کی اہمیت ریڑھ کی ہڈی کی مانندہوتی ہے،جب اسے ہی کمزورکردیاجائے توملک پرقبضہ کرناکوئی مشکل نہیں رہتا۔یاد رکھئے اس جنگ میں بنیادی طورپرتین توقعات بطور دشمن سامنے ہیں۔ لبرل جوایمان کے دشمن ہیں،خارجی جوجان کے دشمن ہیں اورکرپٹ سیاست دان جوملکی خزانوں اورعوامی مال کے دشمن ہیں۔ان تینوں کاغیراعلانیہ اتفاق ہے اوروہ ہے پاکستان اورافواج پاکستان کے خلاف محاذِجنگ ۔دشمن جب تینوں مقاصدحاصل کرنے میں کامیابی حاصل کرلیتاہے تواس کے بعدوہ براہِ راست پوری قوت کے ساتھ ملک پرحمہ آورہوجاتاہے کیونکہ فوج اور عوام ایک دوسرے سے کٹے ہوئے ہوتے ہیں لہندافوج کوعوامی طاقت میسرنہیں ہوتی اورعوام بھی آپس کے شدیداختلافات،انتشار،شکوک و شبہات،لسانی ومذہبی منافرت کی آگ میں جلنے کی وجہ سے کسی بھی قسم کی مزاحمت سے محروم ہوجاتی ہے چنانچہ وہ ملک دشمن کیلئے ترنوالۂ ثابت ہوتاہے۔سوشل میڈیا ففتھ وارکاایک انتہائی مہلک،اہم اورخطرناک ہتھیارہے،اس کی خاموشی جنگی طیاروں،جنگی ٹینکوں،راکٹ اور میزائلوں کی گھن گرج سے سے زیادہ تباہ کن ہے اوریہ جنگ پاکستان کے خلاف لانچ کی جاچکی ہے۔یادرکھئے ہم یہ جنگ اسی صورت میں جیت سکتے ہیں کہ ہم تمام مسلکی،علاقائی،لسانی اختلافات بھلاکرایک جھنڈے تلے جمع ہوجائیں اور مذہب،ملت اورملک کادفاع کریں۔
اللہ کاشکرہے کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ بے پناہ محبت کرتی ہے اوراب بھی ان کی ملک کے اندرونی وبیرونی دشمنوں کے خلاف لازوال قربانیوں کی دل وجان سے نہ صرف قدرکرتی ہے بلکہ ان کوملک کامسیحاسمجھتی ہے۔ ابھی حال ہی میں عدالت عالیہ کی طرف سے کرپشن میں نااہل قراردیئے جانے والے سابقہ وزیراعظم نوازشریف جن کے خلاف نیب کی عدالت میں کریشن کے مقدمات چل رہے ہیں،جوں جوں گھیراتنگ ہوتاجا رہاہے ،وہ اپنے سیاسی بیانات سے میڈیامیں کافی ہلچل پیداکرچکے ہیں۔الیکٹرانک میڈیامیں ایک طویل پریس کانفرنس میں ان کے بائیں جانب پرویز رشیدبراجمان تھے جن کومشرف دورمیں شدیدجسمانی اذیت سے دوچارہوناپڑااوران کے دائیں جانب مشاہدحسین تھے جومشرف دورمیں نواز شریف کی ذہنی کیفیت اورعملی سمت سے بھارت اوراس کے سرپرست فائدہ اٹھانے کیلئے پوری طرح فعال ہوچکے ہیں۔بھارت کے اقوام متحدہ اقتدار کےمزے لوٹتے رہے اورآج نوازشریف کی پارٹی کی طرف سے سینیٹرمنتخب ہوئے ہیں۔قسمت کی ستم ظریفی دیکھئے کہ نوازشریف اپنی پریس کانفرنس میں مشاہدحسین کی تعریف کرتے نظرآئے ہیں۔
نوازشریف کاحالیہ بیان توان کیلئے بڑی شرمندگی کاباعث بن گیاہے اورخودان کے اپنے بھائی کیلئے بھی اپنے بڑے بھائی کے بیان کادفاع کرنامشکل ہو گیاہے اوران کی پارٹی بھی اس بیان کے بعدتقسیم نظرآرہی ہے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ نوازشریف کایہ بیان مستقبل میں سیاسی ناکامی کاسبب بھی بن سکتاہے ۔ان پرظاہرکیے گئے ذرائع آمدنی سے زیادہ اثاثے جمع کرنے اورآمدنی سے کہیں زیادہ اعلیٰ وارفع لائف اسٹائل ایسے الزامات کے دفاع میں ناکامی ان کیلئے بدنامی کاسبب بن رہے ہیں۔اپنے اہل خانہ کے دوسرے اہم افراد کے خلاف مقدمات کومیڈیامیں غیراہم بناتے ہوئے پہلے ملکی اداروں کوبالواسطہ ٹارگٹ کیااوراب آگے بڑھتے ہوئے ریاست پاکستان پرقریب قریب اسی اندازسے حملہ آورہوئے ہیں جس طرح پاکستان کی مخالف قوتیں ایک عرصے سے سرگرم ہیں۔ نوازشریف کے حملے کوکسی طوربھی پاکستان اوراہل پاکستان سے محبت کااظہارنہیں کہاجا سکتا۔یہ کم ازکم ایک نرگسیت کاشکاراورتنہائی کاشکارہوتے چلے جانے والے ایک سیاستدان کااپنی سیاست ،اپنی جماعت اوراپنے ہی خانوادے کے سیاسی مستقبل پر خودکش حملہ ہے۔
نوازشریف نیب میں اپنے خلاف مقدمات میں مسلسل مایوسی کی ایک ایسی ذہنی حالت کوپہنچ چکے ہیں،انہیں اپنے اوراپنے خاندان کیلئے جیل کی کوٹھڑیاں نظرآرہی ہیں۔نوازشریف نے یہ خود کش حملہ کرکے صرف اپنی جماعت کامستقبل گہنادیاہے۔ان کی جماعت کی نئی قیادت جوابھی تک عملاً انہی کے سائے میں سکڑی وسمٹی ہوئی نظرآرہی ہے،آئندہ دنوں میں انتخابی مہم کے دوران کس طرح عوام کے سامنے میاں نوازشریف کے اس عمل کوجائز،درست اورمناسب قراردے سکے گی اورعوام سے میاں نوازشریف کی نااہلی ختم کرنے کیلئے ووٹ حاصل کرسکیں گے تاکہ ایک مرتبہ پھر نوازشریف کواقتدارکے سنگھاسن پرفائزکیاجائے۔حقیقت یہ ہے کہ نوازشریف نے ایسے بہت سے دوسرے سیاستدانوں کیلئے بھی مشکلات پیدا کر دی ہیں کہ وہ نوازشریف کے ساتھ وفاداری کاتعلق قائم رکھتے ہوئے ملکی اقتدارپرمتمکن ہونے کاامکان رکھ سکتے ہیں اگرتین مرتبہ ملک کے اعلیٰ ترین انتظامی عہدے پررہنے کے باوجودایک بڑاسیاستدان قومی مفادکوذاتی مفادسے کمتر سمجھتاہے اورپاکستان کے ازلی دشمن بھارت کابیانیہ اختیار کرسکتاہے توایسے قائدکی محبت میں گرفتارکسی سیاستدان سے کیسے توقع رکھی جاسکتی ہے کہ وہ ملکی مفاد کواپنی ذاتی ضروریات اور نواز شریف کے ذاتی ایجنڈے یامفادات سے اہم جان سکے گا۔
ممبئی حملے کودس سال گزرنے کے بعد نوازشریف کی طرف سے قومی مفاداوراپنے حلف کے تقاضوں کے خلاف اسے اجاگرکرنے کی کوشش پاکستان اوربھارت کے مخصوص تعلقات کے ماحول میں اوربھی خطرناک ہے۔شرمناک اورافسوسناک حقیقت یہ ہے کہ یہ نریندرمودی اورمودی کے بھارت کو ایک نیاوکیل مل جانے کے مترادف ہے۔ایک زمانہ وہ تھاجب نوازشریف اپنے مخالف سیاستدانوں کوسیکورٹی رسک قراردیتے تھے، ایسی بلندی ایسی پستی!مسلم لیگ جوپاکستان کی بانی اورمادرجماعت ہے،اس کے سب سے بڑے امام دھڑے کی طرف سے کبھی یہ کہاجاناکہ ہمارا اورہندوؤں کا ایک ہی رب ہے،ہمارے کھانے پینے اورپہننے کے رواج ایک ہیں،محمود اچکزئی کے ساتھ کھڑے ہوکرکہناکہ میں اب نظریاتی ہوگیاہوں۔کبھی کلبھوشن جیسے بھارتی دہشتگرد کے بارے میں لمبی چپ سادھ لینااورجب بولے توصرف اتنابول کرچپ ہوگئے کہ وہ بھارتی جاسوس ہے،اس میں کوئی دوسری رائے نہیں،گویاکلبھوشن کودہشتگردکہنے سے اب بھی گریزجاری ہے۔
ڈان لیکس کے نام سے پاکستان کوبالواسطہ اورپاکستان کے ریاستی اداروں کومطعون کرنے کی سازش کے بعد اب کھلے عام ممبئی حملے کے حوالے سے بھارتی مؤقف کی تائیدکیلئے بے شرمی سے کھڑے ہوجانا،اسے پاکستان کاعام آدمی اورووٹر کسی بھی صورت قبول کرنے کوتیارنہیں سکے گا۔نواز شریف کی طرف سے بطوروزیراعظم بنگلہ دیش میں پاکستان کے وفاداررہنماؤں کوتھوک کے حساب سے پھانسی لگائے جانے کوبھی اپنے لئے اہم نہ جاناتھا۔ نوازشریف کے زیر قیادت ممتازقادری کی پھانسی اورعقیدہ ختم نبوت ۖکے حلف پرحملہ سب کے سامنے ہے۔
اس نئے تعارف کے ساتھ مسلم لیگ نوازکے قائدکوہرمعاملے میں فری ہینڈدینے کوتیارہوسکتاہے کہ مسلم لیگ نوازکے ووٹروں میں اکثریت روایتی مسلم لیگ اورمذہبی سوچ کے حامل لوگوں کی ہے لیکن نواز شریف کاقومی سطح پرسب سے معتبرسیاستدان کاٹائیٹل انجوائے کرنے کے باوجود محض ذاتی نفع ونقصان کے پیرامیٹرزکااسیرہوکررہ جانااوران کی صاحبزادی مریم نوازدونوں کیلئے مفید ثابت نہیں ہوگا۔اس پس منظرمیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور شہبازشریف کے علاوہ مسلم لیگ نوازکے باقی زعماء کوبھی عوام کے سامنے اپنی پوزیشن واضح کرناپڑے گی وگرنہ انتخابی مہم چلانابھی مشکل ہوسکتاہے۔
بظاہرایسانہیں لگ رہاہے کہ مسلم لیگ نواز کی اعلیٰ قیادت میاں نواز شریف کے ملکی مفادسے متصادم بیانئے کے ساتھ نہیں ہے۔خودوزیراعظم شاہد خاقان عباسی جنہوں نے پیرکے روز قومی سلامتی کی کمیٹی کے طویل اجلاس میں متفقہ اعلامیہ کی منظوری دی اور نواز شریف کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے اعلامیہ کوگمراہ کن قراردیا،کچھ ہی دیربعدنوازشریف کواپناوزیراعظم قرار دیتے ہوئے ان کے بیانئے اورمؤقف کے ساتھ کندھاملائے کھڑے تھے۔شاہدخاقان عباسی کی طرف سے پینترابدلنے کایہ معاملہ یقیناحیران کن اور افسوسناک ہے جبکہ نواز شریف اس سے اگلے دن ایک جلسے میں اپنے گمراہ کن اورحقائق کے منافی مؤقف پراصرارکرتے ہوئے پوری قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کوہی مستردکردیا۔محسوس یہ ہوتاہے نواز شریف کویہ یقین ہوچلاہے کہ ملکی مفادکے خلاف مؤقف اختیارکرکے وہ اپنی ڈوبتی ناؤ کوبیرونی قوتوں کی مددسے بچانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ انہیں اس خام خیالی سے روکنے یامسلم لیگ نوازکے کسی لیڈرنے انہیں اس بیانئے کے پاکستان کیلئے مضمرات سے آگاہ تک نہیں کیاہے،اورنہ ہی انہیں کسی نے قائل کیا اورنہ یہ مشورہ دیاکہ یہ اندازِ گفتگوملک اورملکی سیاست کے ساتھ ساتھ خودمسلم لیگ نوازاور جمہوریت کیلئے بھی خطرناک ثابت ہوسکتاہے۔اس کے بعدہی نواز شریف نے ایک قومی کمیشن کامطالبہ بھی داغ دیاتاکہ ان کے بقول دودھ کادودھ اورپانی کاپانی ہوجائے۔
قومی اسمبلی میں پاکستان پیپلزپارٹی نے تحریک التواء جمع کرائی ہے۔پنجاب میں اپوزیشن نے نواز شریف کے خلاف آرٹیکل چھ کے تحت کاروائی کامطالبہ کیاہے۔سندھ اسمبلی نے بھی نوازشریف کے بیانئے کے خلاف قراردادپاس کی ہے۔پاکستان کامیڈیابھی سوائے چنداسشنیات کے نواز شریف کو ہوش کے ناخن لینے کامشورہ دے رہاہے۔نوازشریف کیلئے خیرخواہی میں زمین وآسمان کے قلابے ملانے والے اخبارنویس بھی نواز شریف کے اس نئے مگر خطرناک بیانئے کا ساتھ دینے کی پوزیشن میں نہیں بلکہ ان کی اپنی جماعت بھی شہبازشریف کومشورہ دے رہی ہے کہ آگے بڑھیں اورپارٹی کوسنبھالیں۔یقیناًنوازشریف ابھی تک عملاً پارٹی کوچلارہے ہیں۔آنے والے چند دنوں میں پارٹی کے امیدواروں کوٹکٹ بھی انہی کی مرضی سے دیئے جائیں گے اورشہبازشریف تومحض ایک کٹھ پتلی کی طرح ہاں میں ہاں ملاتے جائیں گے۔یہ صورتحال آئندہ آنے والے دنوں میں اعلیٰ عدالتوں میں چیلنج بھی ہو سکتی ہے کہ عدالتی فیصلوں پرمن وعن عملدرآمدنہیں ہورہا،ایسے میں نواز شریف ہرآنے والے لمحے میں زیادہ جارحانہ انداز اپنارہے ہیں کہ جیسے”آبیل مجھے مار”ان کااصل ہدف ہو۔وہ ملک اوراپنی جماعت کیلئے خودکواہم ترین سمجھے چلے جانے کے خبط کا شکارہیں،اسی لئے وہ اب ایک سمجھدار اورمدبر سیاستدان کے طورپرتول کربولنے کی صلاحیت بھی کھورہے ہیں۔اپنے ذاتی مفادات کی خاطر اپنی کشتی کوڈوبنےسے بچانے کیلئے وہ تلوارسونت کرسامنے آگئے ہیں۔جنرل ضیاء الحق شہیدکی سرپرستی میں کوچۂ سیاست میں قدم رکھنے والے اوراقتدارکی بلندیوں کو چھونے والے کسی لیڈرکیلئے ہرگزیہ مناسب نہیں،یہ احسان شناسی اورخود شناسی دونوں کے برعکس ہے۔
نوازشریف کی ذہنی کیفیت اورعملی سمت سے بھارت اور اس کے سرپرست فائدہ اٹھانے کیلئے پوری طرح فعال ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ میں بھارتی مندوب نے نواز شریف کے انٹرویوکی کاپیاں دنیابھرکے سفارت کاروں میں تقسیم کردی ہیں۔ادھربھارتی ذرائع ابلاغ نے بھی ایک شوربپا کر رکھاہے اور پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے ڈھول پیٹا جارہا ہے ۔ پاکستان جس نے ہزاروں جانوں کی قربانی اورڈیڑھ سوبلین ڈالرکاخطیرنقصان اٹھاکرضربِ عضب اورردّ الفساد آپریشنزکے ذریعے دہشت گردوں کولگام ڈالی تھی اوردنیا بھرمیں پاکستان کے اس سرفروشانہ کردارکوسراہاجارہاتھا، نوازشریف کے ایک انٹرویونے اس پرسوال کھڑے کردیئے ہیں۔مستقبل میں بھارت اوراس کے نئے یاپرانے عالمی سرپرست اسی انٹرویوکوبنیادبناتے ہوئے اقتصادی پابندیاں عائدکرنے کیلئے پھرسے سرگرم ہوجائیں گے۔اس صورت میں پاکستان کی جوبھی اگلی حکومت ہوگی،اسے سخت معاشی وسفارتی مشکلات کا سامنا کرناپڑے گا۔ایسی صورتحال میں بلاشبہ نوازشریف اورشریک بیانیہ بھائی یہ کہہ سکیں گےکہ نوازشریف کادورحکومت بہت اچھا تھا۔یہ تمغہ لینے کیلئے ملک وقوم کو بھینٹ چڑھاناسیاست نہیں قومی جرم کے زمرے میں آئے گا ۔ہوناتویہ چاہئے تھاکہ اپنی جماعت کے نئے صدرکوآگے کرتے اور خودایک مدبرسیاستدان کے طور پرپیچھے بیٹھ کراپنی پارٹی اورقوم کی رہنمائی کافریضہ سرانجام دیتے لیکن بدقسمتی سے نواز شریف نے سالہاسال کی کوششوں سے جماعت کو کھڑاکیاتھااسے اب خوداپنے ہی خودکش حملے کی زدمیں لاچکے ہیں۔
کیایہ ممکن ہے کہ مل کر تمام اداروں بشمول وزیراعظم کی دانش ایک طرف ہو،ان سب کادوگھنٹے کی سوچ بچارکے بعدسامنے آنے والابیانیہ غلط ہو مگرنوازشریف کے دائیں بائیں چلنے والے پرویز رشید اورآصف کرمانی کی معلومات اوردانش بہترہو۔کیایہ ممکن ہے کہ مل کرسارے ادارے بشمول اعلیٰ عدلیہ ،فوج غلط راستے پرہوں حالانکہ ملک میں حکومت مسلم لیگ نوازکی ہے اوران تمام اداروں کے سربراہان کی تقرریاں نواز شریف نے خود یاان کے نامزدکردہ وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کے ہاتھوں ہوئی ہیں۔اب اطلاعات یہ ہیں کہ نوازشریف آئندہ دنوں میں اپنے سینے میں چھپے مزید کئی رازوں سے پردہ اٹھانے کاارادہ رکھتے ہیں۔اس کھاتے میں وہ پاکستان کے کئی ملکی رازوں میں سے کارگل جنگ کی طرف اشارہ دے چکے ہیں اور یقیناًتین مرتبہ ملک کے وزیراعظم کافریضہ اداکرتے ہوئے ملک کے تمام ادارے ان کے تابع تھے اوران کے ساتھ ہونے والے تمام قومی حساس معاملات پرتمام ملکی سلامتی کیلئے ہونے والے اقدامات سے ان کوباخبررکھنااداروں کے فرائض میں شامل تھا،اگراس وقت ملک کے کسی ادارے نے اپنی حدود سے تجاوزکیاتوپھربھی بطورملک کے باضابطہ اورطاقتوروزیراعظم کے مرتبے پرفائزہونے کی وجہ سے اس کی تمام ذمہ داری بھی نوازشریف پربھی تو عائد ہوتی ہے تواس وقت نوازشریف کیوں خاموش تھے؟ نوازشریف کوبہرحال یہ ذہن نشین رکھناچاہئے کہ وہ اگراپنے اس عمل سے عائدکردہ حلف کی پاسداری کی خلاف ورزی کے جب بھی مرتکب ہوں گے توان کے ساتھ بھی آئین وہی سلوک کرے گاجس آئین پرانہوں نے حلف اٹھایاتھااوران کے آئندہ کسی بھی ایسے غیرمحتاط بیانات سے پاکستان کے دشمنوں کوفائدہ اورملکی سلامتی کوجوبھی نقصان پہنچے گاتواس کاسب سے زیادہ خسارہ خودان کی اپنی ذات کوہی ہوگااورقومی تاریخ میں ان کانام بھی میرجعفراورمیرصادق کے ساتھ پکارا جائے گا۔
Load/Hide Comments